ایم کیوایم کے 29 ویں یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ عام میرپورخاص میں ہوگا، الطاف حسین
جب جب ایم کیوایم کی 35 سالہ جدوجہد کی تاریخ لکھی جائے گی ،میرپورخاص کا نام تاریخ میں لازمی آئے گا
ایم کیوایم فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری پریقین رکھتی ہے اورغیرمسلموں کے حقوق کی ضامن ہے
حق پرست عوام نہ صرف جلسہ عام کو عظیم الشان کامیابی سے ہمکنارکریں گے بلکہ آئندہ انتخابات میں حق پرست امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بھی بنائیں گے
میرپورخاص زون کے ذمہ داران اور شعبہ خواتین کی ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔11، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے اعلان کیا ہے کہ 18، مارچ2013ء کو ایم کیوایم کے 29 ویں یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ عام میرپورخاص میں ہوگااورمیرپورخاص کے تمام قومیتوں ،مسالک اور مذاہب سے تعلق رکھنے والی مائیں ، بہنیں ، بزرگ ، نوجوان اورطلباء وطالبات نہ صرف جلسہ عام کو عظیم الشان کامیابی سے ہمکنار کریں گے بلکہ آئندہ انتخابات میں حق پرست امیدواروں کوبھاری اکثریت سے کامیاب بھی بنائیں گے ۔ یہ اعلان انہوں نے آج میرپورخاص زون میں زونل، سیکٹرز، یونٹوں اورشعبہ خواتین کی ذمہ داران سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم میرپورخاص زون کے ذمہ داران وکارکنان بالخصوص خواتین کارکنان کا جوش وخروش قابل دید تھا۔ جناب الطاف حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب کبھی میرپورخاص کا ذکر آتا ہے اس شہرکی گلیاں اورعلاقے میری نگاہوں میں گھومتے رہتے ہیں ۔ جب جب ایم کیوایم کی 35 سالہ جدوجہد کی تاریخ لکھی جائے گی ،میرپورخاص کا نام تاریخ میں لازمی آئے گا۔ انہوں نے ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان بالخصوص خواتین کارکنان وہمدردوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ میرپورخاص زون کو یہ خصوصی اعزاز حاصل ہے کہ اس شہر میں ایم کیوایم کے جلسہ میں خواتین سب سے زیادہ تعداد میں شرکت کرتی ہیں لہٰذا 18، مارچ2013ء کو ایم کیوایم کے 29 ویں یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ عام میرپورخاص میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ میرپورخاص کے عوام نے مجھے ماضی میں کبھی مایوس نہیں کیا اور آئندہ بھی مایوس نہیں کریں گے ۔ میرپورخاص شہر کے کارکنان ہی نہیں بلکہ عوام بھی ایم کیوایم سے مخلص ہیں ، عوام کا اتحاد ماضی میں بھی کامیابی کی نوید ثابت ہوتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی حق پرستوں کی فتح کی نوید ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ ایم کیوایم فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری پریقین رکھتی ہے،ایم کیوایم تمام مسالک کے درمیان اتحاد ویکجہتی کافروغ چاہتی ہے اور یہ واحد جماعت ہے جوغیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کی ضامن ہے ۔ میرپورخاص میں18،مارچ کو یوم تاسیس کا جلسہ نہ صرف عظیم الشان کامیابی سے ہمکنار ہوگا بلکہ اس شہرسے تعلق رکھنے والے تمام قومیتوں، مسالک اورمذاہب سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام آئندہ انتخابات میں حق پرست امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیاب بھی بنائیں گے ۔جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران کوہدایت کی کہ وہ یوم تاسیس کے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیکر کام کوتقسیم کریں ، میرپورخاص اورملحقہ گاؤں ، گوٹھوں اور قصبات میں گھرگھر جاکر تحریک کا پیغام پہنچائیں ۔