لیاری گینگ وارکے دہشت گرد بھتہ دینے سے انکار کرنے والے تاجروں کی دکانوں، ہوٹلوں، کاروباری مراکز اورگھروں پر دستی بموں سے حملے کررہے ہیں
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ ہونا اس بات کوثابت کرتا ہے کہ ان عناصر کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے
کراچی کی بچی کچھی معیشت کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے
تاجربرادری
سمیت تمام شہریوں کوتحفظ فراہم کیاجائے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ایم کیوایم کی اپیل
کراچی ۔۔۔ یکم مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں گینگ وارکے دہشت گردوں کی جانب سے دکانداروں، تاجروں اوراہل ثروت افراد سے بھتہ کی وصولی اوربھتہ نہ دینے والے تاجروں کی دکانوں، ہوٹلوں،پیٹرول پمپوں اورمختلف کاروباری مراکزپر دستی بموں کے حملوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہرکے تاجر،صنعتکاراوردکاندارہی نہیں بلکہ شہرکابچہ بچہ اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہے کہ جرائم پیشہ عناصرپرمشتمل کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گرد کراچی میں تاجروں، صنعتکاروں،دکانداروں اوردیگراہل ثروت شہریوں کو کھلے عام بھتہ کی پرچیاں دے رہے ہیں، دھمکیاں دے کران سے بھتے وصول کررہے ہیں اوربھتہ دینے سے انکارکرنے والے تاجروں کی دکانوں، ہوٹلوں، کاروباری مراکز اورگھروں پر دستی بموں سے حملے کررہے ہیں اورمعصوم شہریوں کوسرعام دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں لیکن یہ امرانتہائی قابل مذمت ہے کہ ان جرائم پیشہ عناصر کی ان کھلی دہشت گردیوں کے باوجودان کے خلاف حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے بلکہ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو گینگ وارکے جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پرچھوڑدیاہے جس کی وجہ سے ان جرائم پیشہ عناصر کی دہشت گردیوں کادائرہ روزبروز بڑھتا جارہا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ ہونااس بات کوثابت کرتاہے کہ ان عناصر کوسرکاری سرپرستی حاصل ہے اور جب تک یہ سرکاری سرپرستی جاری رہے گی ان جرائم پیشہ عناصر کی یہ کارروائیاں بھی جاری رہیں گی ۔ رابطہ کمیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ کراچی کی بچی کچھی معیشت کومکمل تباہی سے بچانے کیلئے کراچی کے تاجروں دکانداروں سے بھتہ وصول کرنے اورانہیں دہشت گردی کانشانہ بنانے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اورتاجربرادری سمیت تمام شہریوں کوتحفظ فراہم کیاجائے۔
ایم کیوایم گزشتہ کئی برسوں سے پابندی کے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کراتی رہی ہے،ترجمان ایم کیوایم
ٹی وی چینلز پرایم کیوایم کے اثاثے کے حوالے سے شائع ہونیوالی خبروں کی وضاحت
متحدہ کاایک وفدپیرکے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان سے ملاقات کریگااوراثاثے جمع کرانے کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کریگا
کراچی۔۔۔یکم مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے بعض ٹی وی چینلز پرآنے والی ان خبروں کی تردیدکی ہے جس میں کہاگیاہے کہ ایم کیوایم کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئیں جس کے باعث ایم کیوایم الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل ہے ۔ایم کیوایم کے ترجمان نے وضاحت کی کہ ایم کیوایم گزشتہ کئی برسوں سے پابندی کے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کراتی رہی ہے۔ترجمان نے مزیدکہاکہ ایم کیوایم کاایک وفدپیرکے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان سے ملاقات کریگااوراثاثے جمع کرانے کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کریگا۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم گڈاپ سیکٹر کے جوائنٹ یونٹ انچارج اختر علی گبول اور سچل سیکٹر کے کارکن محمد انور میرانی کے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
شہداء کے سوگوار لواحقین سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
کراچی ۔۔۔یکم ، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی گڈاپ سیکٹر یونٹ ہندو آدم گوٹھ گل گوٹھ ٹھارو مینگل کے جوائنٹ یونٹ انچارج اختر علی گبول اور سچل سیکٹر رابطہ آفس چشتی نگر کے کارکن محمد انور میرانی کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان سمیت دیگر افراد کی قتل و غارتگری میں ملوث دہشت گرد شہر کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک نازک دوراہے پر کھڑا ہے اور اس سنگین صورتحال میں شہر کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے سفاکانہ قتل کی تسلسل کے ساتھ ہونے والی وارداتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایم کیوایم دشمن قوتیں شہر میں امن و عامہ کی صورتحال خراب کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے اختر علی گبول شہید اور محمد انور میرانی شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم گڈاپ سیکٹر کے جوائنٹ یونٹ انچارج اختر علی گبول اور ایم کیوایم سچل سیکٹر کے کارکن محمد انور میرانی کے سفاکانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، ایم کیوایم کے کارکنان اور دیگر بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو لگام دی جائے اور انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں دھرنے پر بیٹھے کسانوں کے جائز مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں،رابطہ کمیٹی
ایم کیوایم غریب کسانوں کے ساتھ ہے اوران کے جائزحقوق کیلئے ہرفورم پرصدائے احتجاج بلندکرتی رہے گی
کراچی: ۔۔۔یکم مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی نے حکومت پنجاب کے غیردانشمندانہ اقدامات کے باعث کسانوں میں پائی جانیوالی بے چینی پرگہری تشویش کااظہارکیاہے اورمطالبہ کیاہے کہ کسانوں کے جائزمطالبات فوری تسلیم کیے جائیں۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حکومت پنجاب کے غیردانشمندانہ اقدامات کے باعث صوبہ پنجاب کے شہراوکاڑہ میں کسانوں کی جانب سے دھرنا دیاجارہاہے اوروہ اپنے جائزمطالبات پرحکومت کی توجہ مبذول کرنے کیلئے جمہوری اندازمیں احتجاج کررہے ہیں لیکن افسوس کہ حکومت پنجاب کی جانب سے غریب ہاریوں اور کسانوں کے جائزمطالبات پرکوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب کے کسانوں اوران کی نمائندہ تنظیموں کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم غریب کسانوں کے ساتھ ہے اوران کے جائزحقوق کیلئے ہرفورم پرصدائے احتجاج بلندکرتی رہے گی۔
ایم کیوایم مکمل طور پر غریب کسانوں کے ساتھ ہے،افتخار اکبر رندھاوا کی چوہدری انورعلی سے ٹیلیفون پرگفتگو
اپنے جائز مطالبات کے حق میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنیوالے غریب کسانوں پرپنجاب پولیس کی فائرنگ کی مذمت
گورنرپنجاب اوروزیراعلیٰ پنجاب کسانوں پرفائرنگ کانوٹس لیں اورکسانوں کے جائزمطالبات تسلیم کریں
ایم کیوایم کی جانب سے غریب کسانوں کے حق میں آواز احتجاج بلند کرنے پر چوہدری انورعلی نے شکریہ اداکیا
ملتان:۔۔۔یکم مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن افتخاراکبررندھاوانے کسان اتحادکے مرکزی صدرچوہدری انورعلی سے ٹیلیفون پرگفتگوکی اوراوکاڑہ شہرمیں اپنے جائز مطالبات کے حق میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنیوالے غریب کسانوں پرپنجاب پولیس کی جانب سے فائرنگ کرکے ہراساں کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔افتخار اکبررندھاوانے چوہدری انورعلی سے گفتگومیں مطالبات کے حق میں بیٹھے تمام کسانوں بھائیوں سے دلی ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں ایم کیوایم کی جانب سے ہرممکن تعاون کایقین دلایااورکہاکہ ایم کیوایم مکمل طورپر غریب کسانوں کے ساتھ ہے اوران کے جائز مطالبات کیلئے ہرفورم پرآوازاحتجاج بلندکرتی رہیگی ۔ افتخاراکبررندھاوانے گورنرپنجاب مخدوم احمدمحموداوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے پرزورمطالبہ کیاکہ کسانوں کے جائزمطالبات فوری منظورکیے جائیں اور پرامن مظاہرہ کرنے والے کسانوں پرپنجاب پولیس کی جانب سے فائرنگ کانوٹس لیاجائے۔اس موقع پرچوہدری انورعلی نے کسانوں کیلئے آوازاٹھانے پر جناب الطاف حسین اورایم کیوایم کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ وہ جناب الطا ف حسین اورایم کیوایم کے بے حدممنون ومشکورہیں کہ انہوں نے کڑے وقت میں ہمارا ساتھ دیااورہمارے دکھ دردمیں شامل ہوئے۔دریں اثناء ایم کیوایم جنوبی پنجاب کے ذمہ داران نے غریب کسانوں کی جانب سے جاری پرامن احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی اوران سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ایم کیوایم کی جانب سے جائزمطالبات کی مکمل حمایت کی۔
ایم کیوایم کے کارکنان سے رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت
کراچی۔۔۔یکم مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے متحدہ سوشل فورم کے رکن عبید بلیدی کے بڑے بھائی عزیز اللہ ،سیکٹر اسکیم33کے سیکٹر ممبرراشد فیضی کی والدہ محترمہ ساجدہ بیگم ،لیاقت آباد سیکٹر کے سیکٹر ممبرمختار احمد خان کی والدہ محترمہ کبریٰ بیگم ،ملیر سیکٹر یونٹ95کے کارکن محمد جمیل کے بھائی احمد اللہ ،لانڈھی سیکٹر یونٹ 88-Bکے کارکن معراج کی اہلیہ رفعت ،سوسائٹی سیکٹر یونٹ61کے کارکن عبداللہ کی والدہ محترمہ شاہدہ بیگم،ایم کیو ایم میر پورخاص زون سیکٹر Bیونٹ 3/Dکے کمیٹی کے رکن محمد علی کے بھائی عبدالعزیزچوہان اورلیاقت آباد سیکٹر یونٹ 161شعبہ خواتین کی کارکن محترمہ صابرہ کے شوہر صلاح الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ مرحومین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافر مائے اور لواحقین کو یہ صبر جمیل عطا کرے۔(آمین)