قلات میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے اندھادھند فائرنگ کرکے سینئرصحافی محمودآفریدی کوقتل کرنے پرالطاف حسین کااظہارمذمت
ملک میں عام انتخابات سے قبل صحافیوں کے قتل کے تیزی سے بڑھتے ہوئے واقعات لمحہ فکریہ ہیں
صدرمملکت ،وزیراعظم ،وفاقی وزیرداخلہ اورگورنربلوچستان صحافی محمودآفریدی کے قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کوگرفتارکرنے کامطالبہ
لندن: ۔۔۔یکم ،مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کی جانب سے قلات میں فائرنگ کرکے سینئرصحافی محمودآفریدی کو قتل کرنیکی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے آزادی صحافت پرحملہ اورکھلی دہشت گردی قراردیتے ہوئے مطالبہ کیاکہ محمودآفریدی کے بہیمانہ قتل کانوٹس لیاجائے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملک میں تسلسل کے ساتھ صحافیوں کوقتل وغارتگری کا نشانہ بنایاجارہاہے اوراب تک متعددصحافی فرائض منصبی کے دوران بیدردی سے قتل کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں کہ جب ملک میں عام انتخابات قریب ہیں اسے پرتشددواقعات ملک بھرکے عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں کے قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے ملک بھرکی صحافی برادری میں شدیدغم وغصہ اوربے چینی پائی جارہی ہے اوروہ عدم تحفظ کاشکارہوگئے ہیں۔جناب الطاف حسین نے محمودآفریدی کے تمام سوگوارلواحقین ،صحافی تنظیموں اورپوری صحافی برادری سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اورمحمودآفریدی کی مغفرت کی دعاکی۔جناب الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم راجہ پرویزاشرف ،وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک اورگورنربلوچستان ذوالفقارعلی مگسی سے مطالبہ کیاکہ صحافی محمودآفریدی کے قتل کی واردات میں ملوث سفاک قاتلوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائےاورصحافی برادری کوجان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے۔
ایم کیوایم گڈاپ سیکٹر کے جوائنٹ یونٹ انچارج اختر علی گبول اور سچل سیکٹر کے کارکن محمد انور میرانی کی شہادت پر الطاف حسین کااظہارافسوس
لندن۔۔۔یکم، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی گڈاپ سیکٹر یونٹ ہندو آدم گوٹھ گل گوٹھ ٹھارو مینگل کے جوائنٹ یونٹ انچارج اختر علی گبول اور سچل سیکٹر کے کارکن محمد انور میرانی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسو س کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے شہداء کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اختر علی گبول شہید اور محمد انور میرانی شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ (آمین)