متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت کے سانحہ
پرکل بروزبدھ یوم سوگ منانے کااعلان ۔ قائدتحریک الطاف حسین نے فیصلہ کی توثیق کردی
یوم سوگ کے سلسلے میں ملک بھرمیں ایم کیوایم کی تنظیمی وسیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی ،بم دھماکے کے شہیدوں کیلئے
قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائے گی
یوم سوگ کے دوران ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیاں معطل نہیں ہوں گی ،کاروبار اور دکانیں کھلی رہیں گی
ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کا سانحہ میں شہیدہونے والوں کیلئے فی کس دولاکھ روپے دینے کااعلان
دھماکے کے زخمیوں کے علاج کیلئے بھرپورمالی معاونت کی جائے ۔رابطہ کمیٹی کوہدایت
سانحہ کے شہیدوزخمی ہونے والے افرادکی بھرپورمالی معاونت کی جائے ۔حکومت سندھ سے قائدتحریک الطا ف حسین کامطالبہ
کراچی ۔۔۔یکم جنوری 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے آج فیڈرل بی ایریاکے علاقے میں بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت کے سانحہ پرکل بروزبدھ یوم سوگ منانے کااعلان کیاہے ۔اس بات کافیصلہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا ، قائدتحریک الطاف حسین نے اس فیصلہ کی توثیق کی ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق یوم سوگ کے سلسلے میں کل ملک بھرمیں ایم کیوایم کی تنظیمی وسیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی اوربم دھماکے کے شہیدوں کیلئے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائے گی۔رابطہ کمیٹی نے واضح کیاکہ یوم سوگ کے دوران ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیاں معطل نہیں ہوں گی اورکاروبار اور دکانیں کھلی رہیں گی۔ ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین نے سانحہ میں شہیدہونے والوں کیلئے فی کس دولاکھ روپے دینے کااعلان کیاہے اوررابطہ کمیٹی ، تنظیمی کمیٹی اورمیڈیکل ایڈکمیٹی کوہدایت کی ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کے علاج کیلئے بھرپورمالی معاونت کی جائے اور علاج میں کسی قسم کی کوئی کسرنہ چھوڑی جائے ۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیاکہ اس سانحہ کے شہیدوزخمی ہونے والے افرادکی بھرپورمالی معاونت کی جائے ۔
کارکنان کی بس پر بم دھماکہ کھلی دہشت گردی اوربزدلانہ کارروائی ہے ، الطاف حسین
حق پرست کارکنان وعوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے پاکستان اور ا س کے عوام کے کھلے دشمن ہیں
قتل وغارتگری کے ذریعہ حق پرست کارکنان وعوام کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے
عائشہ منزل کے قریب کارکنان کی بس پر بم دھماکے پر اظہارمذمت
لندن۔۔۔یکم، جنوری2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے عائشہ منزل کے قریب ایم کیوایم کے کارکنان کی بس پر بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعدد کارکنان کے شہیدو زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیا ن میں جناب الطاف حسین نے کارکنان کی بس پر بم دھماکے اوردرجنوں کارکنان کوشہید وزخمی کرنے کے عمل کو کھلی دہشت گردی اوربزدلانہ کارروائی قراردیا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان ملک بھرکے محب وطن عوام کے ساتھ مل کر پاکستان کی بقاء وسلامتی ،ترقی وخوشحالی، عوام کی فلاح وبہبود ، ملک وقوم کو کرپٹ سیاسی کلچر اور فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلانے کی جدوجہد کررہے ہیں اور جوعناصرا س قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے حق پرست کارکنان وعوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں وہ پاکستان اور ا س کے عوام کے کھلے دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے ذریعہ حق پرست کارکنان وعوام کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے اورتمام تر دہشت گردی کے باوجود حق پرستانہ جدوجہد جاری رہے گی ۔جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے کارکنان کو شہید وزخمی کرنے کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے ، بم دھماکہ کے ذمہ دارعناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سفاک دہشت گردوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے عائشہ منزل پر بم دھماکے میں شہیدکارکن کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا اور زخمی کارکنان کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔
۔14، جنوری کو اسلام آباد میں عوامی پارلیمنٹ میں فیصلہ ہوگا کہ عوام ملک میں کونسا نظام چاہتے ہیں۔الطاف حسین
۔ 14، جنوری کو اسلام آباد میں جاگیردارانہ ، وڈیرانہ ، سرمایہ دارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر، موروثیت اورسیاست میں چند خاندانوں کی اجارہ داری ، قومی دولت لوٹنے والوں اورقرضے لیکر معاف کرانے والوں سے نجات کا فیصلہ ہوگا
یہ عوامی مارچ نہ توانتخاب کوالتواء میں ڈالنے کیلئے ہے اورنہ ہی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے ہے
یہ عوامی مارچ پاکستان کوبچانے، انتخابی نظام میں اصلاحات، نظام انصاف کے قیام اورملک کومضبوط وخوشحال بنانے کی جانب قدم ہے
مسلح افواج اور قومی سلامتی کے ادارے پاکستان کے تحفظ کیلئے انقلاب کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے اس انقلاب کا ساتھ دیں
ڈاکٹر طاہر القادری کی شکل میں مجھے ایک بڑا بھائی مل گیا ہے جو میری طرح مظلوموں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں
جناح گراؤنڈعزیزآبادمیں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کے استقبال کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب
لندن:۔۔۔یکم ، جنوری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ 14، جنوری کو اسلام آباد میں جاگیردارانہ ، وڈیرانہ ، سرمایہ دارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر، موروثیت اورسیاست میں چند خاندانوں کی اجارہ داری ، قومی دولت لوٹنے والوں اورقرضے لیکر معاف کرانے والوں سے نجات کا فیصلہ ہوگا ۔اس روز عوامی پارلیمنٹ میں فیصلہ ہوگا کہ عوام ملک میں کونسا نظام چاہتے ہیں۔ یہ عوامی مارچ نہ توانتخاب کوالتواء میں ڈالنے کیلئے ہے اورنہ ہی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے ہے بلکہ یہ عوامی مارچ پاکستان کوبچانے، انتخابی نظام میں اصلاحات، نظام انصاف کے قیام اورملک کومضبوط وخوشحال بنانے کی جانب قدم ہے۔مسلح افواج اور قومی سلامتی کے ادارے پاکستان کے تحفظ کیلئے غریب عوام کے انقلاب کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے اس انقلاب کا ساتھ دیں ۔سفرانقلاب کا آغاز ہوچکا ہے اور انشاء اللہ یہ سفر اپنی منزل پر پہنچ کرہی ختم ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار آج جناح گراؤنڈعزیزآبادمیں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کے استقبال کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں لاکھوں افرادنے شرکت کی۔ اجتماع کے موقع پر جناح گراؤنڈبھراہواتھا جبکہ جناح گراؤنڈ کے اطراف کی تمام سڑکوں پر بھی ہزاروں افرادموجودتھے۔جلسہ سے ڈاکٹرطاہرالقادری اورایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرفاروق ستارنے بھی خطاب کیا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری اور انکے رفقاء کو نائن زیرو تشریف لانے پر دل کی گہرائی سے خوش آمدید کہا اور قوم کو سال نوکے ساتھ ساتھ ملک میں سفرانقلاب کے مشترکہ آغاز کی مبارکباد بھی پیش کی ۔انہوں نے کہاکہ غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کے انقلاب، جاگیردارانہ، وڈیرانہ، سرمایہ دارانہ اور ظلم وجبرکے کرپٹ سیاسی نظام سے نجات کیلئے میرے بڑے بھائی ڈاکٹر طاہر القادری نے میری جانب ہاتھ بڑھایا ہے اور ہم نے انہیں اپنے گلے لگالیا ہے ۔ہم دونوں کے ہاتھ ملنے سے غریبوں کو مایوسی سے نجات ملے گی ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ 35 برسوں سے ملک وقوم پر مسلط فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ اور غریب ومتوسط طبقہ کے غصب
شدہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہی ہے ۔ایم کیوایم ، پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے سب سے بڑی تعداد میں سینیٹ ، قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی ایوانوں میں تعلیم یافتہ ، باصلاحیت، باکردار اور ایماندار افراد کو بھیجا۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سے دریافت کیا کہ کیا وہ آئین پاکستان کی روشنی میں قومی دولت لوٹنے ، قرضے لیکر معاف کرانے اور کرپشن کرکے اپنی جاگیروں میں اضافہ کرنے والوں کو نااہل قراردینے کی طاقت رکھتے ہیں؟ انہوں نے مزید کہاکہ اگر آپ ایسے عناصر کو نااہل قراردینے کی طاقت رکھتے ہیں تو ہم آپ کے ساتھ ہیں ورنہ 14، جنوری کوعوامی پارلیمنٹ میں بدعنوان لوگوں سے پاکستان کی اسمبلیوں کو پاک کرنے کا فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ایک دانشور، قلمکار،خطیب، واعظ اور انقلابی منشور دینے والے ڈاکٹر طاہر القادری کی شکل میں مجھے ایک بڑا بھائی مل گیا ہے جو میری طرح مظلوموں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں۔میری آنکھوں میں اس وقت آنسو رواں ہیں ، ہزاروں حق پرست شہداء کے چہرے میری آنکھوں کے سامنے آرہے ہیں جنہیں جھوٹے الزامات عائد کرکے ماروائے عدالت قتل کردیا اور آج بھی میرے 28 ساتھی لاپتہ ہیں۔ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ جن لوگوں کے آباواجداد نے 20 لاکھ جانوں کے نذرانے پیش کرکے پاکستان بنایاان پر جناح پور بنانے کاجھوٹا اور شرمناک الزام لگایاگیا۔انہوں نے کہاکہ اب شہرقائداعظم اور علامہ اقبال کے شہرکے ملاپ سے انقلاب کا آغاز ہوچکا ہے اورپاکستان میں اس انقلاب کوآنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی مشن کی حمایت پر مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیااور پاکستان کی دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان سے کرپشن کے خاتمے اورپاکستان کو بچانے کیلئے عوامی انقلاب کا ساتھ دیں کیونکہ پاکستان بچانے کیلئے غریب عوام نے بہت خون دے دیا ہے اوراب لٹیروں سے حساب لینے کا وقت آگیا ہے لہٰذا تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں انقلاب کے اس سفر میں شریک ہوجائیں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ میری دلی آرزو تھی کہ صوبہ بلوچستان ، خیبرپختونخوا،صوبہ پنجاب اور اندرون سندھ سے بھی ایم کیوایم کی طرح غریب ومتوسط طبقہ کے تعلیم یافتہ ، باکرداراورایماندار لوگ اسمبلیوں میں پہنچیں لیکن ملک بالخصوص صوبہ پنجاب میں حق پرستی کے پیغام کا راستہ روکنے کیلئے بہت سازشیں کی گئیں ۔یہ اللہ کا فضل وکرم ہے کہ حق پرست شہداء کا لہو رنگ لارہا ہے اور اب حق پرستی کی اس جدوجہد میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے حق پرست عوام قومی پرچم تلے جمع ہورہے ہیں اورانشاء اللہ14، جنوری کو پورے پاکستان کے لاکھوں عوام کا اجتماع اسلام آباد میں ہوگا ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت پنجاب کی جانب سے ڈاکٹرطاہرالقادری کی سرکاری سیکوریٹی واپس لینے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورمطالبہ کیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو فی الفور سرکاری سیکوریٹی فراہم کی جائے ورنہ ایم کیوایم اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان ان کی رائے ونڈ کی جاگیرچھین کرغریبوں میں بانٹ دیں گے اورپھر ظالم حکمرانوں کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیں ہوگی ۔جناب الطاف حسین نے پاکستان کی مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی مرضی سے بہت مارشل لاء لگائے ہیں ۔مسلح افواج اور قومی سلامتی کے ادارے پاکستان کے تحفظ کیلئے غریب عوام کے انقلاب کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے اس انقلاب کا ساتھ دیں ۔
انہوں نے کہاکہ حق سے محبت کرنے والے تمام افراد گلے سڑے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ،بے لگام سرمایہ دارانہ نظام سے نجات کیلئے 14جنوری کے عوامی مارچ میں شرکت کریں کیونکہ یہ مارچ غریبوں، مزدوروں ، محنت کشوں اورغریب ومتوسط طبقہ کے عوام کااجتماع ہوگا۔انہوں نے جاگیرداروں سے کہاکہ وہ بھی اس انقلاب کے سفرمیں رضاکارانہ طورپر شریک ہوجائیں اورحقائق کوتسلیم کرکے حقیقی لینڈریفارمز اورزمین کی حدملکیت مقررکرنے پرراضی ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ عوامی مارچ صرف پاکستان عوامی تحریک یاایم کیوایم کامارچ نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کامارچ ہوگا۔یہ مظلوموں کامارچ ہوگا اس کے بعد ظالم جاگیرداروں کاکوئیک مارچ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ میں واضح کرناچاہتاہوں کہ یہ عوامی مارچ نہ توانتخاب کوالتواء میں ڈالنے کیلئے ہے اورنہ ہی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے ہے بلکہ یہ عوامی مارچ پاکستان کوبچانے،پاکستان میں انتخابی نظام میں اصلاحات، نظام انصاف کے قیام اورملک کومضبوط وخوشحال بنانے کی جانب پہلاقدم ہے۔،ہم حکومت یاکسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف مارچ نہیں کررہے ہیں۔یہ مارچ حکومت کی تبدیلی کیلئے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی کیلئے ہونے جارہاہے ۔ پاکستان میں انقلاب کاعمل شروع ہوچکاہے اوراب اپنی منزل پر پہنچ کرہی اس انقلاب کاسفرختم ہوگا۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ اگر عوامی مارچ کے سلسلے میں حکومتی یاکسی بھی جانب سے جوبھی بات کرناچاہے وہ سوبارکرے لیکن اس کافیصلہ ڈاکٹرطاہرالقادری ہی کرینگے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ ہے ،سی این جی کابحران ہے اورعوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے،بیروزگاری ، مہنگائی کی وجہ سے غریب لوگ فاقہ کشی ، خودکشی اوربچوں کوفروخت کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ جولوگ کروڑوں روپے خرچ کرکے انتخابات میں جیت کر اربوں روپے کماتے ہیں ،ایسے لوگ غریبوں کی قسمت نہیں بدل سکتے ۔جو سونے کاچمچہ منہ میں لیکرپیداہوتے ہوں وہ غریبوں کے مسائل سمجھ نہیں سکتے توحل کیسے کرسکتے ہیں،مسائل وہی حل کرسکتے ہیں جنہوں نے مسائل جھیلے ہوں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پربڑے بڑے جاگیرداروں، وڈیروں، سرداروں اورسرمایہ داروں کے چندخاندانوں کی اجارہ داری ہے ۔حکومت کسی کی بھی ہو ،یہی چندخاندان الٹ پلٹ کر حکومتوں میںآتے ہیں۔انہوں نے عوام سے14جنوری کے عوامی مارچ میں شرکت کرنے اوراسے تاریخی بنانے کی اپیل کی اورعوام سے اپیل کی کہ وہ عوامی مارچ کے قافلوں کواسلام آباد پہنچانے کے انتظامات کیلئے اپنی بساط کے مطابق زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرائیں۔یہ عطیات مختلف شہروں میں قائم کیمپوں میں جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔یہ عطیات صرف مارچ کیلئے نہیں بلکہ پاکستان میں ایسے نظام کے قیام کیلئے ہوں گے جہاں غربت وناانصافی نہیں ہوگی بلکہ انصاف کانظام ہوگا اورکسی کے ساتھ ظلم نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ قوم نے نہ ماضی میں مایوس کیااورنہ آئندہ کرے گی۔ جناب الطاف حسین نے تمام سچے دانشوروں، قلم کاروں اور لکھاریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی انقلاب کے اس قافلے میں شامل ہوجائیں ۔انہوں نے کہاکہ جو سازشیں اردوبولنے والوں یعنی مہاجروں اور دیگرقومیتوں کوآپس میں لڑانے کیلئے کی جاتی رہی ہیں لیکن وہ اب کامیاب نہیں ہوں گی بلکہ تمام قومیتوں کے عوام آپس میں بھائی بنکررہیں گے۔انہوں نے ڈیڑھ دن کے نوٹس پر تاریخی اجتماع کے انتظامات کرنے پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی،کراچی تنظیمی کمیٹی، تمام تنظیمی شعبہ جات اورسیکٹروںیونٹوں کے کارکنوں کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اوران کیلئے دعائیں کیں۔انہوں نے ایم کیوایم کے اجتماع اور انقلاب کے سفر کے حوالے سے بھرپورکوریج کرنے پر الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیاکاشکریہ اداکیا۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزاوراراکین رابطہ کمیٹی عائشہ منزل بس دھماکے کی اطلاع ملتے ہی عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے
قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے زخمیوں کی خیر یت دریافت کی
دھماکے میں شہیدکارکنان کی مغفرت،درجات کی بلندی اورزخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا
کراچی :۔۔۔یکم، جنوری2013ء
منگل کی شب عائشہ منزل کے قریب ایم کیوایم کے جلسے ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘میں شرکت کرنے کیلئے آنیوالے کارکنان کی بسوں پر بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزانیس احمدقائمخانی ،ڈاکٹرنصرت نے ایم کیوایم کے رابطہ کمیٹی ارکان ڈاکٹرصغیراحمد،سید مصطفی کمال،شکیل عمر،نیک محمد،توصیف خانزادہ،واسع جلیل کے ہمراہ عباسی شہیداسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اورقائدتحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اورواقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔انیس احمدقائمخانی اورڈاکٹرنصرت نے بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں شہیدہونیوالے کارکنان کی مغفرت ،درجات کی بلندی،سوگوارلواحقین کے صبرجمیل اور تمام زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعاکی۔انہوں نے ڈیوٹی پرمامورڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان کوہدایت کی وہ زخمیوں کے علاج ومعالجے میں کسی بھی قسم کی کوئی کسرباقی نہ رکھیں۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حمادصدیقی واراکین و حق پرست ارکان اسمبلی اوردیگرذمہ داران وکارکنان موجود تھے
کیاحسن نے سمجھاہے کیاعشق نے جاناہے،ہم خاک نشینوں کی ٹھکرمیں زمانہ ہے،الطاف حسین
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ ظلم کی حکمرانی کاوقت ختم ہونیوالاہے سفرِانقلاب پاکستان شروع ہوگیاہے اوراگرکسی نے اس انقلاب میں رکاوٹ ڈالی تو میں اس کوبتادیتاہوں کہ’’کیاحسن نے سمجھاہے کیاعشق نے جاناہے۔۔۔ہم خاک نشینوں کی ٹھکرمیں زمانہ ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ ظلم کی حکمرانی اب ختم ہونے جارہی ہے اورانشاء اللہ ملک میں مظلوموں
کی حکمرانی قائم ہوگی۔
میرے بڑے بھائی طاہرالقادری بہت دورسے نائن زیروآئیں ہیں ان کاپرتپاک استقبال کیاجائے،الطاف حسین
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے جلسہ عام’’سفرِ انقلابِ پاکستان‘‘کے لاکھوں شرکاء کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج میرے بڑے بھائی ڈاکٹر طاہرالقادری بہت دورسے میرے گھرنائن زیروآئیں ہیں میں چاہتاہوں کہ آج ان کاایسااستقبال ہوجس سے انکی تمام تھکن دورہوجائے۔جناب الطاف حسین نے پنڈال اورپنڈال کے باہرموجود تمام شرکاء سے کہاکہ وہ آج اتنی زوردارتالیاں بجائیں کہ ڈاکٹرصاحب کے سفرکی تھکان دورہوجائے۔اس موقع پرپنڈال اورپنڈال کے باہرلاکھوں شرکاء نے کھڑے ہوکرانتہائی زوردار تالیاں بجاکران کاوالہانہ استقبال کیاجس کاسلسلہ کافی دیرتک جاری رہا۔
مختصروقت میں عظیم الشان جلسہ عام منعقدکرنے پرجناب الطا ف حسین کارابطہ کمیٹی اورشعبہ جات کے ارکان کوخراج تحسین
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان،تمام ونگزوشعبہ جات کے ارکان اورایک ایک کارکن کوخراج تحسین پیش کرتاہوں کہ انہوں نے اتنے مختصروقت میں اتنابڑاکارنامہ انجام دیاہے جس کی مثال نہیں ملتی۔میں اپنے پیارے پیارے ساتھیوں کوسلام تحسین وخراج تحسین پیش کرتاہوں کہ اے میرے ساتھیوں تم نے دن رات سردی بھوک پیاس کی پرواہ کیے بغیرجلسہ عام کی تیاری کی اورثابت کردیاہے کہ تم واقعی مجھ سے سچی محبت کرتے ہو۔انہوں نے تمام کارکنان کوخراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ یہ توسب کو معلوم ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان جنات سے کم نہیں ہیںیہ ناممکن کوممکن کرکے دکھاتے ہیں۔اس موقع پرشیخ الاسلام علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے بھی ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی ،شعبہ جات کے ارکان اورایم کیوایم کے تمام کارکنان کومختصرمدت میں فقیدالمثال جلسہ عام اوروالہانہ استقبال کرنے پرخراج تحسین پیش کیااوران کاشکریہ اداکیا۔
ایم کیوایم کے تحت علامہ طاہر القادری کے استقبالی جلسہ عام میں ’’متحدہ پاکستان ‘‘ کا عملی مظاہرہ
اسٹیج کے سامنے تمام قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے افراد اپنے روایتی ثقافتی لباس زیب تن کئے بیٹھے رہے
کراچی ۔۔۔یکم ،جنوری 2013ء
ایم کیوایم کے زیر اہتمام جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کیلئے منعقدہ تاریخی جلسہ عام ’’سفرِ انقلاب پاکستان ‘‘ میں اسٹیج کے دائیں جانب پاکستان کی تمام قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے افراد اپنے ثقافتی لباس پہن کر بیٹھے ہوئے تھے ۔ ان افراد کے عقب میں ایک بڑی اسکرین آویزاں تھی جس پر جلی حروف میں ’’نیا نظام۔۔۔نیا پاکستان ‘‘ تحریر تھا ۔ جلسہ عام کے شرکاء نے تمام قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے افراد کی اپنے روایتی ثقافتی لباس پہن کر نمائندگی کے عملی مظاہرے کو ’’متحدہ پاکستان ‘‘ کی زندہ علامت قرار دیا اور کہا کہ یہی عملی مظاہرہ پاکستان کا اصل تشخص اجاگر کرتا ہے اور ہمیں اسی قسم کا پاکستان چاہئے جس میں پیار ، محبت ہو اور نفرتوں کے دور کا خاتمہ ہو ، تمام قومیتوں اورمذاہب کے افراد چین کی زندگی بسر کرسکیں ۔
نئے سال 2013ء کے ساتھ ہی ’’سفرِ انقلاب پاکستان‘‘ کا آغاز ہوچکا ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار
جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے استقبالی جلسہ عام سے خطاب
ڈاکٹر فاروق ستار نے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کو سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیا
کراچی ۔۔۔یکم، جنوری 2013ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ نئے سال 2013ء کے ساتھ ہی سفرِ انقلاب پاکستان کا آغاز ہوچکا ہے اورسفر انقلاب پاکستان دراصل استحصالی ، جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور موروثی سیاسی نظام کے خاتمہ کا آغاز ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرا لقادری کے استقبال کیلئے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ ’’سفر انقلاب پاکستان ‘‘ کے جلسہ عام کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ، تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران اور حق پرست اراکین پارلیمنٹرین بھی موجود تھے ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے قائد تحریک الطاف حسین اور ان کے لاکھوں حامیوں کی جانب سے ڈاکٹر طاہر القادری کو نائن زیروآمد پر دل کی گہرائیوں سے انہیں اور ان کے رفقاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان کو بچانے کے نئے سفر میں ایک جیسے نظریئے ، ویژن اور پروگرام رکھنے والی دوشخصیات کے ملاپ پر بھی تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ 2013کا سال انشاء اللہ تعالیٰ غریب و متوسط طبقے کے انقلاب کی کامیابی اور کامرانی کا سال ہے ، دونوں رہنماؤں کا خطاب خود انقلاب کی کامیابی کی ضمانت ہوگا ۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے شخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کو قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیاجبکہ تحریک منہاج القرآن کے رہنما مخدو م ہاشمی نے ڈاکٹر فاروق ستار بھائی کو بھی سندھ کی ثقافت اجرک تحفہ پیش کیا ۔
جلسہ ’’سفرانقلابِ پاکستان‘‘جناح گراؤنڈعزیزآباد،جھلکیاں
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام منگل کوعزیزآبادکے تاریخی جناح گراؤنڈمیں عظیم الشان جلسہ عام’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘منعقدہوا*جلسہ ’’سفرِانقلابِ پاکستان میں ملک بھر خصوصاً صوبہ سندھ اورپنجاب کے مختلف شہروں،قصبوں اورعلاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام نے لاکھوں کی تعدادمیں شرکت کی* فقیدالمثال جلسہ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘ سے ایم کیوایم کے قائدجناب الطا ف حسین اورمنہاج القرآن تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا اور فرسودہ جاگیردارانہ نظام،موروثی سیاست،انتہاء پسندی،دہشت گردی اورکرپشن کے خاتمے کیلئے 14جنوری کواسلام آبادمیں ہونیوالے تاریخی اورانقلابی لانگ مارچ کو کامیابی سے ہمکنارکرنے کیلئے ملک کے مظلوم ومحکوم اورمحروم عوام خصوصاًنوجوان طلبہ وطالبات کوبھرپوراندازمیں شرکت کی دعوت دی۔*جلسے کے شرکاء سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرمحمدفاروق ستار نے بھی مختصراً خطاب کیا *جلسہ ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘کے انعقادکے سلسلے میں ایم کیوایم کی جانب سے غیرمعمولی اورزبردست انتظامات کیے گئے تھے*جلسہ کے انعقادکے سلسلے میں جناح گراؤنڈ کوپنڈال کادرجہ دے کر اس میں ہزاروں کرسیاں لگائی گئیں*پنڈال میں شمال کی جانب بڑاسٹیج بنایاگیاتھااسٹیج کے عقب میں پاکستانی پرچم کے رنگوں والی بڑی اسکرین لگائی گئی تھی جس پر’’جلسہ عام،سفرِانقلابِ پاکستان‘‘ یکم جنوری 2013ء بروزمنگل جناح گراؤنڈعزیزآباد،اسکرین پربانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناحؒ کی تصویرنمایاں تھی * شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری کے خطاب کیلئے بیلٹ پروف ڈائس بنایاگیاتھا*منہاج القرآن تحریک کے سرکردہ رہنماؤں کیلئے اسٹیج کے دائیں جانب خصوصی نشستیں تھیں۔ سفرِانقلابِ پاکستان جلسہ کے لاکھوں شرکاء انتہائی پّرجوش تھے انہوں نے ہاتھوں میں سبزہلالی پرچم تھامے ہوئے تھے اوروہ فلک شگاف آوازمیں جناب الطاف حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری کے حق میں نعرے لگارہے تھے*جلسہ سفرِ انقلابِ پاکستان میں عوام کی لاکھوں کی تعدادمیں شرکت کے باعث جناح گراؤنڈعزیزآبادکے وسیع و عریض پنڈال چھوٹا پڑگیا اورلاکھوں کی تعدادمیں شرکاء نے جناح گراؤنڈکے اطراف اورمکاچوک پرکھڑے ہوکرجناب الطا ف حسین اورڈاکٹرطاہرالقادری کاخطاب سماعت کیا*جلسہ عام کے سلسلے میں ایم کیوایم کی جانب سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں،ٹریفک کے انتظامات اے پی ایم ایس اوکے کارکنان نے انجام دیئے جبکہ پیڈال میں میڈیکل ایڈ ،لٹریچر کمیٹی، سوشل میڈیاکیمپز لگائی گئیں تھے اور صحافیوں کے لئے پریس گیلری کاخصوصی انتظام بھی کیا گیا تھاجبکہ جلسہ کے کی کوریج کیلئے بین الاقوامی میڈیا بھی موجود تھا *جلسے میں خواتین شرکاء کی غیر معمولی شرکت کے باعث خواتین کیلئے مختص انکلونیر چھوٹاپڑگیااورہزاروں خواتین نے دریوں پربیٹھ کرجلسہ کی تقاریرسماعت کی*پنڈال میں جگہ جگہ بڑی اسکرینیں لگائی گئیں تھیں جن پر ’’نیانظام۔۔۔نیاپاکستان‘‘، ’’ہوگااس ملک میں انصاف دیکھنا۔۔۔بدلے کااس نظام کوالطاف دیکھنا‘‘ ،’’سفرِ انقلاب۔۔۔الطاف الطاف ‘‘ ، ’’ویلکم ویلکم ۔۔۔ طاہر القادری ویلکم‘ ‘ تحریرتھے۔*جناح گراؤنڈسمیت عزیزآبادبھرمیں سبزہلالی پرچموں کی بہار،نعرہ تکبیر۔۔۔اللہ اکبراورنظام بدلا جائے گا۔۔۔ انقلاب آئے گا‘‘ نعروں سے گونج رہاتھا ، بچوں کی جانب سے طاہرالقادری کوویلکم کرنے کیلئے خصوصی انداز*ٹھیک 4بجے اسٹیج سے شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری کی پنڈال میںآمد کااعلان ہوااس موقع پرشرکاء نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکروالہانہ اورپرجوش انداز ڈاکٹر طاہر القادری کااستقبال کیااوران کے حق میں نعرے لگائے*ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کی ٹیلی فون پرآمدکے اعلان کے بعدشرکاء نے ایک بارپھراپنی نشستوں سے کھڑے ہوکرجناب الطاف حسین کاپرتپاک استقبال کیااوران کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اس موقع پرایم کیوایم مشہورترانہ ’’ساتھی مظلوموں کاساتھی ہے۔۔۔الطاف حسین‘‘بجایاگیاجس پرشرکاء نے بھرپوراندازمیں ترانے کاساتھ دیا۔ *اسٹیج پرمنہاج القرآن تحریک کے مرکزی رہنماؤں کے علاوہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار،انیس احمد قائم خانی اوراراکین رابطہ کمیٹی اورایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کی ہمشیرہ محترمہ سائرہ خاتون بھی موجودتھیں* معروف عالم دین مولانا تنویرالحق تھانوی نے تلاوت قرآن پاک سے جلسہ کاباقاعدہ آغازکیا،معروف نعت خواں حماد مصظفٰی نے بارگارسالتؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا*ڈاکٹر فاروق ستار نے قائدتحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے منہاج القرآن تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری کوسندھ ثقافت اجرک کاتحفہ پیش کیا،اس موقع پرمنہاج القرآن تحریک مرکزی رہنماء مخدوم ہاشمی نے بھی ڈاکٹرفاروق ستاراوررابطہ کمیٹی کے ارکان کواجرک کے تحائف پیش کیے*جلسہ ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘میں پرنٹ والیکٹرانک میڈیاسے تعلق رکھنے والے صحافیوں اوراینکرپرسنز نے خصوصی دلچسپی مظاہرہ کیااورجناح گراؤنڈپہنچ کرجلسہ کی براہ راست کوریج کرتے رہے*جلسہ’’سفرِ انقلابِ پاکستان‘‘ہے انقلاب ساتھیوں۔۔۔ہستے چلوں بڑھتے چلوں،جناب الطاف حسین کاخطاب نمازمغرب کے بعدایک گھنٹے تک جاری رہا۔
جلسہ عام ’’سفرانقلابِ پاکستان‘‘منہاج القرآن اورایم کیوایم کااظہاریکجہتی کامظاہرہ
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام جناح گراؤنڈعزیزآبادمیں منعقدہ جلسہ عام’’سفرِ انقلابِ پاکستان‘‘منہاج القرآن تحریک اورایم کیوایم کی جانب سے اتحادویکجہتی کابھرپور مظاہرہ کیاگیااس موقع پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزڈاکٹرمحمدفاروق ستار،انیس احمدقائمخانی نے منہاج القرآن تحریک کے سربراۂ شیخ الااسلام علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری اوران کے ہمراہ آنے والے رفقاء کرام کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کراتحادویکجہتی کابھرپورمظاہرہ کیااور14جنوری کواسلام آبادمیں لانگ مارچ میں شرکت کیلئے عوام کودعوت دی۔
جلسہ ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے نمازمغرب اداکرائی
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام جلسہ ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘میں علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری کی امامت میں شرکاء نے نمازمغرب اداکی۔جناب الطاف حسین کے خطاب کے دوران مغرب کاوقت ہوگیاجس پرجناب الطا ف حسین نے علامہ طاہرالقادری اورشرکاء سے کہاکہ مغرب کا وقت ہوگیاہے لہٰذاآپ نمازاداکرلیں اس موقع پرعلامہ ڈاکٹرطاہر القادری نے اسٹیج سے امامت کی اوران کی امامت میں شرکاء نے اسٹیج پرنمازمغرب اداکی۔
جلسہ ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘الطاف حسین کی جانب سے ایک دوتین کہنے پرمکمل خاموشی
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے لاکھوں عوام کے پنڈال میں مکمل خاموشی اختیارکرواکرایک بارپھرپرنٹ والیکٹرونک میڈیاکے نمائندوں کوحیران کردیااور ثابت کردیاکہ وہ ایم کیوایم کے نظم وضبط آج بھی ویساہی ہے جیساآج سے تیس پیتس سال پہلے تھااورآج بھی لاکھوں کے مجمع میں میرے ایک دوتین کہنے سے ویسی ہی مکمل خاموشی چھاجاتی ہے اورایک کیل یاسوئی گرنے کی آوازصاف سنائی دی جاسکتی ہے۔خاموشی کا مظاہرہ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے زیراہتمام جناح گراؤنڈ عزیز آبادمیں منعقدہ جلسہ’’سفرِانقلابِ پاکستان‘‘کے موقع پرکیاجلسہ عام میں لاکھوں عوام جن میں بزرگ،نوجوان،خواتین طلبہ وطالبات کے علاوہ معصوم بچے بچیاں بھی شامل تھیں۔ قبل ازیں اس جلسہ عام سے جناب طاہرالقادری نے بھی خطاب کیا۔ جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب کے آغاز پر شرکاء کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج لاکھوں کی تعدادمیں لوگ یہاں جمع ہیں لیکن ایم کیوایم کانظم وضبط مثالی نظم وضبط ہے جس کی ایک جھلک آج اس لاکھوں کے مجمع بھی نظرآنی چاہئے انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان پرعزم ہیں بلکہ انتہائی متحدومنظم اورپرامن ہیں ۔اس موقع پرجناب الطاف حسین نے ایک دوتین کہاکہ اورپنڈال میں مکمل طورپرسکون اورخاموشی چھاگئی۔
نظام کی تبدیلی اورکرپشن کے خاتمے کیلئے اسلام آبادچلنے کیلئے عوام ہاتھ اٹھاکر وعدہ کریں،طاہرالقادری
کراچی:۔۔۔۔(اسٹاف رپورٹر)
منہاج القرآنِ تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہاکہ اگرآپ چاہتے ہیں کہ ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ وڈیرانہ اورسرمایہ دارانہ نظام اور موروثی سیاست، کرپشن کا خاتمہ ہوتو14جنوری کواسلام آبادمیں لانگ مارچ میں ساتھ چلنے کاہاتھ اٹھاکروعدہ کریں اس موقع پرشرکاء نے اپنے ہاتھ فضاء میں بلندکیے اوراسلام آبادپہنچنے کاوعدہ کیا۔شیخ الااسلام علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہاکہ یہ ہاتھ کچے پکے ہاتھ ہیںیاجواں مردی کے ہاتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ نظام کوبدلنے کیلئے ہرصوبے سے عوام اس تحریک کاحصہ بن جائیں۔
پاکستان کے کرپٹ سیاسی نظام کے خاتمے اور جمہوریت کے قیام کیلئے متحد ہوئے ہیں،الطاف حسین
نائن زیروآمد پر آپ اور آپ کے تمام رفقاء کو خوش آمدید کہتا ہوں ، الطاف حسین
پاکستان جاگیرداروں نے نہیں بلکہ انڈیا سے ہجرت کرنے والے مہاجروں کی قربانیوں سے وجود میں آیا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری
آپ جس مشن ومقصد کو لیکر چل رہے ہیں وہ ہمارااورپوری قوم کا مشترکہ پروگرام بن چکا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی اپنی رہائش گاہ پر ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔یکم ، جنوری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے رفقاء کو اپنی رہائش گاہ نائن زیرو عزیزآباد تشریف لانے پراپنی، رابطہ کمیٹی اورایم کیوایم کے ایک ایک کارکن کی جانب سے خوش آمدید کہااوران کا شکریہ ادا کیا۔ اپنی رہائش گاہ پر مہمانوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے کہ ہم پاکستان کے کرپٹ سیاسی نظام کے خاتمے اورملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت کے قیام کیلئے متحد ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مشن میں فتح وکامرانی عطا فرمائے اورملک بھر کے عوام کو کرپٹ سیاسی نظام سے نجات دلائے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نائن زیرو آکر مجھے قطعی اجنبیت محسوس نہیں ہورہی ہے اور میں محسوس کررہا ہوں کہ میں تحریک منہاج القرآن کے دفتراوراپنے گھر میں بیٹھا ہوا ہوں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جاگیرداروں اور وڈیروں نے نہیں بلکہ انڈیا سے ہجرت کرنے والے مہاجروں کی قربانیوں سے وجود میں آیا ہے اورہم پاکستان کی بقاء وسلامتی کیلئے جمع ہوئے ہیں ۔ ہم نے ایک نیک مشن کیلئے ہاتھ ملائے ہیں ،جب تک جاگیرداریت اوراستحصالیت کے بت پاش پاش نہیں ہوجاتے یہ ہاتھ جڑے رہیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے آپ جس مشن ومقصد کو لیکر چل رہے ہیں وہ ہمارااورپوری قوم کا مشترکہ پروگرام بن چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ استحصالی قوتیں اس اتحاد کے خلاف سازشیں کریں گے اورہمیں دباؤ کا نشانہ بھی بنائیں گے لیکن ہم جڑے رہیں گے اورانشاء اللہ فتح حق کی ہوگی ۔ڈاکٹرطاہرالقادری نے نائن زیروپرپرتپاک استقبال پر جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
صوابی میں این جی اووز کی ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کرنے پر جناب الطاف حسین کا اظہارِ مذمت
صوابی میں این جی اووز کی ٹیم پر حملہ کرنے والے سفاک دہشت گرد ہیں ، جناب الطاف حسین
واقعہ میں شہید ہونیوالے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے دعا
لندن :۔۔۔۔یکم جنوری ،2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جنا ب الطاف حسین نے صوابی میں این جی اووز کی ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد افرادکے جاح بحق ہونے پر گہر دکھ اور افسوس کااظہارکیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ این جی اووزکی ٹیم پر حملہ کرنے والے عناصر سفاک دہشت گرد ہیں جو انسانیت کے حصول کیلئے خدمات انجام دینے والے بے گناہ افراد کو بیدر دی سے قتل کررہے ہیں ایسے دہشت گرد نہ صرف انسانیت بلکہ ملک و قوم کے دشمن ہیں جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ جناب الطاف حسین نے واقعہ میں شہید ہونیوالے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل اورزخمیوں کی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیاکہ صوابی میں این جی اووز کی ٹیم پر حملے کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزاد ی جائے ۔
’’کاروان سفر انقلاب‘‘کیلئے الطاف حسین کی صاحبزادی افضا الطاف کی جانب سے ایک ہزار برطانوی پاؤنڈکا عطیہ
رقم افضا ء الطاف نے اپنی پاکٹ منی سے ادا کی جوکہ انہوں نے اپنی گلک میں قطرہ قطرہ کرکے جمع کی تھی
لندن۔۔۔یکم ، جنوری2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کی صاحبزادی افضا ء الطاف نے اپنے والد جناب الطاف حسین کی اپیل پر 14، جنوری 2013ء کو اسلام آباد کیلئے ’’سفرکاروان انقلاب‘‘کیلئے ایک ہزار برطانوی پاؤنڈ ، اپنے کھلونے اور کپڑوں کا عطیہ دیا ہے ۔ یہ رقم افضا ء الطاف نے اپنی پاکٹ منی سے ادا کی ہے جوکہ انہوں نے اپنی گلک میں قطرہ قطرہ کرکے جمع کی تھی۔واضح رہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے فرسودہ جاگیردارانہ اوروڈیرانہ نظام کی تبدیلی اور انتخابی اصلاحات کیلئے 14، جنوری 2013ء کو اسلام آباد میں ہونے والے عوامی مارچ کے اخراجات کیلئے ملک بھر کے عوام اوراوورسیز پاکستانیوں سے مالی تعاون کی اپیل کی تھی۔
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر پروفیسر طاہر القادری کا نائن زیرو پر فقیدا لمثال استقبال
دو طرفہ طویل قطار میں کھڑے ہزاروں استقبالی کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں
نائن زیرو پہنچنے پر علامہ طاہر القادری کو رابطہ کمیٹی نے جناب الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش کیا اور مسرت کے ساتھ خوش آمدید کہا
تحریک منہاج القرآن اور ایم کیوایم مل کر اب نائن زیرو بن گئے ہیں، علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رابطہ کمیٹی سے بات چیت
ایم کیوایم اور تحریک منہاج القرآن کے درمیان ذہنی و فکری ہم آہنگی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی ۔۔۔یکم ، جنوری 2013ء
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ اور پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین علامہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری کا منگل کے روز ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پہنچنے پر فقیدا لمثال استقبال کیا گیا ۔ استقبال کیلئے ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان دو طرفہ طویل قطار میں کھڑے ہوئے تھے اور ان کے ہاتھوں میں پھولوں کی پتیاں موجود تھیں جیسے ہی علامہ ڈاکٹر طاہر القادری استقبالی کارکنان کے درمیان پہنچے تو ان پر منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے کارکنان نے ’’الطاف طاہر بھائی بھائی ‘‘’’خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا ‘‘’’اسلام آباد جانا ہے پاکستان بچانا ہے ‘‘ نعرہ الطاف جئے الطاف ‘‘ اور دیگر فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اور حق پرست اراکین پالیمنٹرین نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اپنے ہمراہ لیکر نائن زیرو پہنچے تو انہیں قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے رابطہ کمیٹی نے گلدستہ پیش کیا اور ان کی آمد پر انتہائی مسرت کے ساتھ ان کا شکریہ ادا کیا ۔ منہاج القرآن کے وفد میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ، سابق صدر منہاج القرآن یورپین کونسل مظہر اقبال اور دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر فاروق ستار ، ڈاکٹر نصرت ، رابطہ کمیٹی کے اراکین سلیم شہزاد ، ڈاکٹر صغیر احمد ، کنور نوید جمیل ، مصطفی کمال ، گلفراز خان خٹک ، رضاہارون ، واسع جلیل بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تحریک منہاج القرآن اور ایم کیوایم مل کر اب نائن زیرو بن گئے ہیں ، تحریکیں انقلاب کیلئے چلائی جاتی ہیں اور تحریکیں عوام اورکارکنان سے بنتی ہیں ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے نائن زیرو کیلئے قرآنی فلفسہ حیات سمیت 500کتابوں کے 5سیٹ تحفہ میں دینے کیلئے تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران کو ہدایت بھی دی ۔ملاقات میں ڈاکٹر فاروق ستار نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادر ی اور ان کے وفد کی نائن زیرو آمد کا انتہائی مسرت کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی آمد پر ہماری خوشی ہمارے چہروں سے عیاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم اور تحریک منہاج القرآن کے درمیان ذہنی و فکری ہم آہنگی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں کامیاب فرمائے اور منزل تک پہنچائے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ یہ پاکستان کیلئے شہداء کی قربانیوں کا صدقہ ہے کہ آج اللہ تعالیٰ نے قائد تحریک الطاف حسین اور علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت کو ملا دیا ہے ۔