ڈاکٹرطاہرالقادری کا ایم کیویم کے قائد الطا ف حسین کوفون ، تحریک منہاج القرآن کے عوامی مارچ میں شرکت کے فیصلے پرشکریہ اداکیا
رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے اورقائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے توثیق پر انتہائی شکرگزارہیں۔ڈاکٹرطاہرالقادری
اظہارتشکر کیلئے جلدہی ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروکادورہ کروں گا۔ڈاکٹرطاہرالقادری
ملک میں تبدیلی کیلئے ڈاکٹرطاہرالقادری کے ساتھ بھرپورتعاون کرینگے۔الطا ف حسین
ایم کیوایم کے کارکنان اورہمدردعوام نائن زیروپر ڈاکٹرطاہرالقادری کے شانداراستقبال کیلئے تیاری کریں۔ الطا ف حسین
لندن ۔۔۔ 30 دسمبر2012ء
ایم کیوایم کی جانب سے تحریک منہاج القرآن کے عوامی مارچ میں شرکت کے فیصلے کااعلان ہوتے ہی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے اتوارکی شب ایم کیویم کے قائدجناب الطا ف حسین کوفون کرکے ایم کیوایم کی قیادت کے فیصلے پرشکریہ اداکیا۔ انہوں نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہاکہ وہ رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے اورقائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے توثیق پر انتہائی شکرگزارہیں اوروہ اظہارتشکر کیلئے جلدہی ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروکادورہ کریں گے۔جناب الطاف حسین نے ملک میں تبدیلی کیلئے ڈاکٹرطاہرالقادری کواپنے بھرپورحمایت اورتعاون کا یقین دلایااورانہیں ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروآمدکیلئے خوش آمدیدکہا۔ جناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردعوام سے کہاکہ وہ نائن زیروپر ڈاکٹرطاہرالقادری کے شانداراستقبال کیلئے تیاری کریں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کو فی الفور سیکوریٹی فراہم کی جائے، الطاف حسین
طاہرالقادری کے دفتراوررہائش گاہ سے سیکوریٹی ہٹانے کا عمل سراسر متعصبانہ، غیرجمہوری، غیرآئینی اور غیراخلاقی ہے
لندن۔۔۔30، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے حکومت پنجاب کی جانب سے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے دفتر اورانکی رہائش گاہ سے سرکاری سیکوریٹی واپس لینے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔واضح رہے کہ پیر کی شب حکومت پنجاب نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی ذاتی رہائش گاہ اوران کی جماعت کے تمام دفاتر سے سرکاری سیکوریٹی واپس لے لی ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری قومی رہنما ہیں اورانہیں دہشت گردوں کی جانب سے سنگین دھمکیاں بھی موصول ہورہی ہیں ۔ ایسی صورتحال میں حکومت پنجاب کی جانب سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دفتراوررہائش گاہ سے سیکوریٹی ہٹانے کا عمل سراسر متعصبانہ، غیرجمہوری، غیرآئینی اور غیراخلاقی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ جناب الطاف حسین نے وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو فی الفور سرکاری سیکوریٹی فراہم کی جائے ۔
میری جدوجہدکسی ایک طبقہ کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے ہے، الطاف حسین
میری جدوجہدپاکستان کوقائداعظم کے خوابوں کے مطابق ایساملک بناناہے جہاں کسی بھی مذہب،فقہ یامسلک کے ماننے والے شہریوں کوان کے مذہب ،فقہ یامسلک سے تعلق کی بنیادپر قتل نہ کیاجائے
جب بھی کہیں کسی شیعہ یاسنی کواس کے مسلک کی بنیادپر بلاجوازقتل کیاجاتاہے تومیرادل خون کے آنسو روتاہے
مستونگ میں آج معصوم وبے گناہ شیعوں کو جس طرح آگ اورخون میں نہلایاگیاہے اس سے میرادل خون کے آنسو رورہاہے
میں چاہتاہوں کہ یہ قتل وغارتگری کاسلسلہ بندہواور سب کو جان ومال ،عزت وآبرو کا تحفظ اوریکساں حقوق حاصل ہوں۔ ممتازمذہبی اسکالرخانم سیدہ طیبہ بخاری سے فون پر گفتگو
شیعہ کمیونٹی اس حقیقت کوتسلیم کرتی ہے کہ جب بھی شیعوں یاکسی بھی مظلوم کمیونٹی پرظلم ہوایا کہیں بھی دہشت گردی کاکوئی واقعہ ہواتوآپ نے سب سے پہلے اس پر آوازاحتجاج بلندکی۔خانم سیدہ طیبہ بخاری
الطاف بھائی کی آوازمہاجروانصار سب کے حقوق کی ترجمان اورپورے پاکستان کے مفادات کی نگہبان آواز ہے۔خانم سیدہ طیبہ بخاری
الطاف بھائی ملک کے استحصال زدہ ظلم کی چکی میں پسے ہوئے مجبورومحروم،بے کس وبے بس عوام کے حق میں اٹھنے والی ایک تواناآوازہیں
لندن ۔۔۔30 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ میری جدوجہدپاکستان کوقائداعظم کے خوابوں کے مطابق ایساملک بناناہے جہاں کسی بھی مذہب،فقہ یا مسلک کے ماننے والے شہریوں کوان کے مذہب ،فقہ یامسلک سے تعلق کی بنیادپر قتل نہ کیاجائے اور تمام شہریوں کو جان ومال ،عزت وآبرو کا تحفظ اوریکساں حقوق حاصل ہوں۔انہوں نے یہ بات آج ممتازمذہبی اسکالرخانم سیدہ طیبہ بخاری سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ میری جدوجہدکسی ایک طبقہ کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے ہے، جب بھی کہیں کسی شیعہ یاسنی کواس کے مسلک کی بنیادپر بلاجوازقتل کیاجاتاہے تومیرادل خون کے آنسو روتاہے،آج بھی بلوچستان کے علاقے مستونگ میں شیعہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے زائرین کی بس کو دھماکہ سے اڑاکر معصوم وبے گناہ شیعوں کو جس طرح آگ اورخون میں نہلایاگیاہے اس سے میرادل خون کے آنسو رورہاہے۔میں چاہتاہوں کہ یہ قتل وغارتگری کاسلسلہ بندہواورسب ایک دوسرے کی جان ومال کااحترام کریں۔خانم سیدہ طیبہ بخاری نے جناب الطا ف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ تمام شیعہ کمیونٹی اس حقیقت کوتسلیم کرتی ہے کہ جب بھی شیعوں یاکسی بھی مظلوم کمیونٹی پرظلم ہوایا کہیں بھی دہشت گردی کاکوئی واقعہ ہواتوآپ نے سب سے پہلے اس پر آوازاحتجاج بلندکی۔آپ نے جتنی جراتمندی کامظاہرہ کیااتناکسی اورلیڈرنے نہیں کیا۔خانم طیبہ بخاری نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ الطاف بھائی کی آواز صرف مہاجروں یاکسی مخصوص طبقہ یا فرقہ کیلئے محدود نہیں بلکہ وہ سندھ کے عوام کے سیاسی ومذہبی افراد اورمہاجروانصار سب کے حقوق کی ترجمان اورپورے پاکستان کے مفادات کی نگہبان آواز ہے اوریہ آوازسب کیلئے بلاتخصیص بلندہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ الطاف بھائی صرف مہاجروں کے طاقتورترین لیڈرہی نہیں بلکہ ملک کے استحصال زدہ ظلم کی چکی میں پسے ہوئے مجبورومحروم،بے کس وبے بس عوام کے حق میں اٹھنے والی ایک تواناآوازہیں جس کی شدت ،طاقت اورتاثیرسے اپنے پرائے سبھی معترف ہیں۔خانم سیدہ طیبہ بخاری نے جناب الطاف حسین سے کہاکہ پاکستان کوآپ کی بہت ضرورت ہے تاکہ آپ کی رہنمائی میں پاکستان ایک مضبوط ومستحکم ملک بن سکے ۔انہوں نے جناب الطاف حسین کیلئے دعائیں کیں اور کہاکہ ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
مقتول نوجوان شاہ زیب کے قاتلو ں کوفی الفور گرفتارکیاجائے۔ الطاف حسین
مقتول نوجوان شاہ زیب کے قاتلوں کوگرفتارنہیں کیاگیاصرف اسلئے کہ اس کاتعلق ایک بااثروڈیرے کے خاندان سے ہے
قاتلوں کی عدم گرفتاری کے باعث شہریوں خصوصاًنوجوان طبقہ میں شدیدغم وغصہ اوربے چینی پائی جاتی ہے
وہ وقت جلدآنے والاہے جب نوجوان جاگیرداروں کے ظلم کے خلاف باہرآجائیں گے اورجاگیرداروں کے محلات کومسمارکردیں گے
لندن ۔۔۔30دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے وفاقی وصوبائی حکومت سے پرذورمطالبہ کیاہے کہ کلفٹن کے نوجوان شاہ زیب کے قاتلو ں کوفی الفور گرفتارکیاجائے۔اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک امرہے کہ کئی روزگزرجانے کے باوجود معصوم مقتول نوجوان شاہ زیب کے قاتلوں کوگرفتارنہیں کیاگیاصرف اس وجہ سے کہ اس کاتعلق ایک بااثروڈیرے کے خاندان سے ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ جاگیردار، چوراچکے ، لٹیرے کرپٹ لوگ اسی طرح معصوم نوجوانوں کوقتل کرکے اسے ذاتی جھگڑااورمختلف کہانیاں گھڑ دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کے باعث شہریوں خصوصاًنوجوان طبقہ میں شدیدغم وغصہ اوربے چینی پائی جاتی ہے ۔جناب الطا ف حسین نے کہاکہ وہ وقت جلدآنے والاہے جب نوجوان طبقہ جس میں لڑلے لڑکیاں شامل ہوں گے وہ جاگیرداروں کے ظلم کے خلاف باہرآجائیں گے اورجاگیرداروں کے محلات کومسمارکردیں گے۔حکومت اس وقت سے ڈرے اورشاہ زیب کے قاتلوں کوجلد ازجلدگرفتارکیاجائے چاہے وہ کتنے ہی بااثرکیوں نہ ہوں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں شاہ زیب کے اہل خانہ کے غم میں برابرکاشریک ہوں اوردعاگوہوں کہ اللہ تعالیٰ مقتول شاہ زیب کواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورسوگوارلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان و لندن نے مشترکہ طویل اور مشاورتی اجلاس کے بعد تحریک منہاج القرآن کے 14جنوری 2013 ء کے عوامی لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کا اعلان کردیا
الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی توثیق کردی ، کارکنان اور حق پرست عوام عوامی مارچ میں بھر پور شرکت کریں ، الطاف حسین کی اپیل
ہم نہ انتخابات کا التواء چاہتے ہیں اور نہ ہی جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں ، ہم ملک کے نظام میں اصلاحات چاہتے ہیں جس کی جدوجہد ہم روز اول سے کررہے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار
نائن زیرو عزیز آباد پر رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ اتوار کی شب ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی ۔۔۔30، دسمبر2012ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن نے مشترکہ طویل اورمشاورتی اجلاس کے بعد تحریک منہاج القرآن کی جانب سے فرسودہ جاگیردارانہ ،وڈیرانہ نظام اور کرپشن کے خاتمہ اور انتخابی نظام میں انقلابی اصلاحات کیلئے 14جنوری 2013ء کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کا اعلان کردیا گیا ہے۔ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اس متفقہ فیصلے کی توثیق ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین نے بھی کردی ہے اور ایم کیوایم کے کارکنوں اور حق پرست عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی مارچ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں ۔ عوامی لانگ مارچ میں ایم کیوایم کی بھر پور شرکت کے فیصلے کا اعلان ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے اتوار کی شب نائن زیرو عزیز آباد پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سلیم شہزاد ، واسع جلیل ، وسیم آفتاب اور گلفراز خان خٹک بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فارو ق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوص کے بعد لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایم کیوایم کے لاکھوں کارکنان بھی ملک میں انصاف کے نظام کے قیام کے نیک مقصد میں تحریک منہاج القرآن کے ساتھ مارچ میں شریک ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ وہ ملک کا فرسودہ نظام بدلنا چاہتے ہیں ، ملک میں حقیقی انقلاب چاہتے ہیں ، خواہ وہ کسی بھی نام اور کسی بھی پرچم تلے آئے چونکہ ڈاکٹر طاہر القادری کا منشور و پروگرام بھی وہی ہے جس کی جدوجہد قائد تحریک الطاف حسین گزشتہ 33برس سے کررہے ہیں ، ڈاکٹر طاہر القادری بھی ملک سے فرسودہ جاگردارانہ نظام اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں ، غریب و متوسط طبقہ کو ان کے حقوق اور جائز مقام دلانا چاہتے ہیں اور ایم کیوایم کا جدوجہد کا مقصد بھی یہی ہے لہٰذا ایم کیوایم نے اس مقصد کے حصول کیلئے تحریک منہاج القرآن کے عوامی لانگ مارچ کی بھر پور حمایت کا فیصلہ کیا ہے ، ہم نیک مقصد کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم نہ انتخابات کا التواء چاہتے ہیں اور نہ ہی جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں ، ہم ملک کے نظام میں اصلاحات چاہتے ہیں جس کی جدوجہد ہم روز اول سے کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام گواہ ہیں کہ قائد تحریک الطاف حسین کا مشن ومقصد ہی ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرنا ، موروثی نظام اور چند خاندانوں کا تسلط ختم کرکے ملک میں حقیقی جمہوری نظام اورمڈل کلاس آرڈر قائم کرنا ہے ، ایم کیوایم نے مڈل کلاس آرڈر کا صر ف نعرہ نہیں لگایا ، غریب و متوسط طبقہ کے حقوق کی صرف زبانی بات ہی نہیں کی بلکہ غریب و متوسط طبقہ کے پڑھے لکھے باصلاحیت نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجا اور سندھ کی شہری سطح تک غریب و متوسط طبقہ کا انقلاب برپا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم اس انقلاب کو پورے ملک میں برپا کرنا چاہتی تھی لیکن ایم کیوایم پر ریاستی ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ کر ہمیں ختم کرنے کی کوشش کی گئی ، ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنوں کو بیدردی سے شہید کردیا گیا ، قائد تحریک جناب الطاف حسین نے جب ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا تو ان کے بڑے بھائی ناصر حسین اور بھیتجے عارف کو بھی بیدردی سے شہید کردیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ ان مظالم کے باوجود ہم مایوس نہیں ہوئے اور اپنی جدوجہد جاری رکھی ۔ انہوں نے پاکستان کے مظلوم عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ہے ، فیصلے کی گھڑی ہے اور ملک میں مستقل تبدیلی کی فیصلہ کن جدوجہد اور انقلاب کا آغاز ہے ، پاکستان کے عوام سے ہمیں امید ہے کہ وہ منہاج القرآن کے لانگ مارچ اور قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے ایم کیوایم کی اس میں شرکت کے فیصلے کی توثیق کے بعد کارکنان بہت بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ، 14جنوری کو عوام کا سیلِ رواں ہوگا ، ایک انسانوں کا سیلاب اور سمندر ہوگا اور وہیں سے مثبت تبدیلی کا آغاز ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بقاء وسلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں گزشتہ 5برس سے اپنے اصولوں اور بنیادی نظریات کے ساتھ حکومت کے اتحادی ہے ، اس ملک میں مستقل تبدیلی کیلئے ہمارا یہ نعرہ ہے تو یہ ہمارے اتحادیوں سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ، ان کی طرف سے کوئی بات اور ردعمل ہوا تو پھر کوئی جواب دے سکوں گا ۔ اب حکومت کی رخصتی کا وقت ہے تو عوام کے پاس سب نے جانا ہے ، عوامی موبالائزیشن کا بڑا پروگرام کرنا ہے ، یہ ہمارا سیاسی اور جمہوری اور آئینی و قانونی حق ہے جو ہم استعمال کررہے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات اور اس کے بعد ایک سیاسی اور معاشی اصلاحات کا بھی پروگرام ، صحیح اور حقیقی معنوں میں شراکتی اور حقیقی جمہوریت قائم کرنی ہے ، یہ حکومت پر منحصر ہے کہ کیا طریقہ نکالا جائے گا اور کیسے عوام کا اعتماد حاصل کیاجائے اور یہ ضمانت کیسے دی جاسکے گی ، عبوری حکومت کا قیام بھی قومی ایجنڈا ہے اور اس میں جتنا اوسیع الا شتراک اور اعتمادی کا عمل ہوگا یہ ملک کو مزید بحرانوں سے بچانے کیلئے بہتر ہوگا ، اس میں ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور فہم و فہراست سے کام لینا چاہئے اور عقل و دانش سے آئندہ فیصلے کئے جائیں اور اسے اپنی انا کا مسئلہ نہ بنایاجائے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ لانگ مارچ کرنا، دھرنے دینا ، احتجاج کرنا پاکستان کی سیاسی وجمہوری تاریخ میں ایسا کئی بار ہوا ہے اور اگر کسی ایسے مارچ سے عدم استحکام کا کوئی خدشہ ہے بھی تو حکومت اب پانچ سال پورے کرنے جارہی ہے اور اس سے زیادہ مناسب وقت نہیں ہوسکتا ہے کہ قومی ایجنڈے کی بات کی جائے یہ ایسا انقلاب اور تبدیلی ہے جس کی بات ہر شہری کررہا ہے ، نئے سفر کا آغاز ہورہا ہو تو اس وقت سے بہتر اور وقت نہیں ہوسکتا اس سے فیصلے کرنے اور آئندہ انتخابات میں آسانی ہوگی اور نئی پارلیمنٹ کے سفر میں بھی آسانی ہوگی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ،جمہوریت، معیشت ، استحکام اور مفاہمت یہ وہ پانچ بنیادی نکات ہیں جس پر گزشتہ پانچ سالوں سے ہم پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ اتحاد میں ہیں اور اب ہماری ٹرم پوری ہورہی ہے ہم محسوس کررہے ہیں کہ یہ فیصلہ صرف پی پی پی ، ایم کیوایم ، اے این پی ، جے یوآئی یا پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کو نہیں کرنا بلکہ عوام مقبول جماعت کو کرنا ہے اس فیکٹر کو نظر انداز کرکے عبوری حکومت اور پھر شفاف انتخابات کی بات کی جائے تو ایسے انتخابات کو فکس میچز او رنورا کشتی قرار دینا نہ شروع کردیاجائے ،آج پاکستان میں وسیع البنیاد اشتراک عمل اور آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، یہ لانگ مارچ عوام کی تاریخی تحریک اس بات پر تمام سیاسی جماعتوں کو مجبور کرے گی کہ وہ کم از کم بنیادی اور ضروری بنیادی اصلاحات اور متفقہ عبوری حکومت کے قیام کیلئے آپس میں اتفاق کریں ، مؤقف واضح ہے اور ایم کیوایم، پی پی کے جو تعلقات ہے پانچ بنیادی باتیں اپنی جگہ ہیں ان کے ساتھ ایک قومی ایجنڈا اور نظام انتخابات میں ضروری اور بنیادی تبدیلیاں جس کے ذریعے سے ایک امیر آدمی کے ساتھ غریب آدمی بھی انتخاب لڑ سکے اس سے بڑی خدمت قائد اعظم کے کاز اور عوام کی نہیں ہوسکتی ۔
ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کی اولادوں کے ہاتھوں کراچی کے معصوم نوجوان شاہ زیب کے سفاکانہ قتل کے خلاف کراچی پریس کلب پر ہونیو الے احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ، اراکین اسمبلی ، اے پی ایم ایس او اور کارکنان کی شرکت
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور اراکین اسمبلی نے احتجاجی مظاہرین سے بھر پور یکجہتی کااظہار کیا اور شاہ زیب کے لواحقین اور مظاہرے کے شرکاء سے دلی تعزیت کی
وڈیرے اور جاگیردار قتل بھی کریں تو ان کے لئے کوئی قانون اور عدالت نہیں ہے ، رضاہارون کی میڈیا سے گفتگو
کراچی ۔۔۔30، دسمبر2012ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان رضاہارون اور واسع جلیل نے ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کی ذہنیت رکھنے والوں کے ہاتھوں کراچی کے معصوم نوجوان شاہ زیب کے سفاکانہ قتل کے خلاف اتوار کوکراچی پریس کلب پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور احتجاجی مظاہرین سے بھر پور یکجہتی کااظہار کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں حق پرست ارکان قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور ، وسیم اختر ، وزیر اعلیٰ سندھ کی حق پرست مشیر محترمہ نادیہ گبول ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی مقیم عالم ، آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین عبد الوہاب ، اراکین اور کارکنان کے علاوہ کونسل آف پروفیشنل اور ڈی سی آرسی کے انچارج و اراکین بھی شریک ہوئے ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے معصوم شاہ زیب کے قاتلوں کی عدم گرفتار ی پر پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے انصاف کی اپیل پر مشتمل کلمات اور نعرے درج تھے ۔اس موقع پر شرکاء اس ظلم کے خلاف پرجوش انداز میں نعرے بھی لگا رہے تھے ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان اور حق پرست اراکین اسمبلی نے شاہ زیب کے لواحقین اوراحتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کااظہار بھی کیا ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہاورن نے کہاکہ یہ صرف ایک شاہ زیب کا مسئلہ نہیں ہے آج ایک شاہ زیب کو نشانہ بنایا گیا ہے اور کل کسی اور شاہ زیب کو بنایاجائے گا ، وڈیرے اور جاگیردار قتل بھی کریں تو ان کے لئے کوئی قانون اور عدالت نہیں ہے تمام قانون صرف غریب عوام کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک بھائی کو صرف اس بنیاد پر قتل کردینا کہ وہ اپنی بہن کی عزت کا تحفظ کرے یہ کہاں کا انصاف ہے، ایم کیوایم کی اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ شاہ زیب کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔
سندھ کے بعض شہروں میں خسرہ کی وباء پھیلنے پرایم کیوایم کے قائدالطا ف حسین کااظہارتشویش ،متعدد بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کااظہار
خسرہ میں مبتلابچوں کے علاج معالجہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں۔ الطاف حسین کاگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد ،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اور حکومت سندھ سے مطالبہ
حق پرست صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرصغیراحمد خسرہ سے متاثرہ علاقے کافوری طورپردورہ کریں اور متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ کیلئے صوبائی محکمہ صحت کے تمام تروسائل بروئے کارلائیں۔الطاف حسین کی ہدایت
لندن ۔۔۔30 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے سندھ کے بعض شہروں میں خسرہ کی وباء پھیلنے پراپنی گہری تشویش کااظہارکیاہے اورخسرہ کے نتیجے میں متعدد بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد ،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ خسرہ میں مبتلابچوں کے علاج معالجہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں۔جناب الطاف حسین نے حق پرست صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرصغیراحمدکوہدایت کی کہ وہ خسرہ سے متاثرہ علاقے کافوری طورپردورہ کریں اور خسرہ میں مبتلابچوں کے علاج معالجہ کیلئے صوبائی محکمہ صحت کے تمام تروسائل بروئے کارلائیں اوراس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے
مستونگ میں زائرین کی بسوں کے قریب بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت۔
زائرین کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ، الطاف حسین
بم دھماکے میں شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔30، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کوئٹہ مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں زائرین کی بسوں کے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد زائرین کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اوربم دھماکے کے ذریعے مستونگ میں زائرین کو نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گردانسانیت کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے زائرین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زردای ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ مستونگ میں زائرین کی بسوں کے قریب بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔
پشاور میں لیویز کے اہلکاروں کو اغواء کرنے کے بعد فائرنگ کرکے شہید کرنے پر جناب الطاف حسین کااظہارمذمت
دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج ، سیکورٹی فورسز،قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیں گی
لیویز اہلکاروں پر حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے اور دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں
لندن۔۔۔۔30دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطا ف حسین نے پشاور میں دہشت گردوں کی جانب سے لیویز کے اہلکاروں کو اغوا ء کرنے کے بعد فائرنگ کرکے شہیدکرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج ، سیکورٹی فورسز،قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج اور پوری قوم صف آرا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لیویز اہلکاروں پر حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے اور دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے شہداء کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردو س میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف او روفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ لیویز اہلکاروں کو اغواء کرنے کے بعد قتل کا نوٹس لیاجائے ،اس میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور سخت نوعیت کے اقدامات عمل میں لائے جائیں اور اس میں ملوث سفا ک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے پیش امام مولانا رفیق الخلیل عالمگیر کے سفاکانہ قتل پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
مولانا رفیق الخلیل عالمگیر کا بہیمانہ قتل شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی گھناؤنی سازشوں کا تسلسل ہے ، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔30، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پیش امام مولانا رفیق الخلیل عالمگیر کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ مذمت کی ہے اور اسے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی گھناؤنی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے جاں بحق ہونے والے پیش امام کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پیش امام مولانا رفیق الخلیل عالمگیر کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیاجائے اور شہر میں فرقہ واریت پھیلانے والوں کو فی الفور گرفتار کرکے آئین و قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے ۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں پاکستان کی شاندار کامیابی پر قوم کو الطاف حسین کی دلی مبارکباد
پاکستانی کھلاڑیوں نے سخت محنت اور جذبے سے کھیل کر فتح حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ، الطاف حسین
لندن۔۔۔30، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل پاک بھارت کرکٹ میچ میں پاکستان کی شاندار کامیابی پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے سخت محنت اور جذبے سے کھیل کر فتح حاصل کرکے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آئندہ بھی کرکٹ میچوں میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گی اور اپنی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھے گی ۔
اے پی ایم ایس او وفاقی اُردو یونیورسٹی شعبہ ایم بی اے کے کارکن کاشان صدیقی کا قتل کھلی دہشت گرد ی ہے، اے پی ایم ایس او
کاشان صدیقی کے قتل کو نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے
شہید کاشان کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار
کراچی :۔۔۔30، دسمبر 2012ء
آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کابینہ نے اے پی ایم ایس او وفاقی اُردو یونیورسٹی شعبہ ایم بی اے کے کارکن کاشان صدیقی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے اورو اقعہ کھلی دہشت گردی قر ار دیا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ دہشگرد ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر کے تعلیمی اداروں کے پرامن ماحول کو سبوتاژ کرکے تعلیمی عمل کو متاثر کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہرمیں موجود دہشتگر دوں کا رخ اب کراچی کے پر امن تعلیمی اداروں کی طرف ہوگیا ہے جن کوشہر کے تعلیمی اداروں کا امن ایک آنکھ نہیں بھاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی پرتشدد کارروائیاں کرکے کئی مصوم طلبہ کے مستقبل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے شہید کاشان کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہید کی مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ انہوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خا ن اوروزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ و فاقی اُردو یونیورسٹی شعبہ ایم بی اے کے کارکن کاشان صدیقی کے قتل کو نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے ۔
پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی سربراہی میں نائن زیرو کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کا دورہ کیا
کراچی ۔۔۔30، دسمبر2012ء
پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سربراہ شیخ الاسلام طاہر القادری کی جانب سے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی سربراہی نائن زیرو بھیجے گئے نمائندہ وفد نے نائن زیرو کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کا دورہ کیا ۔ نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات اور 14جنوری کو پاکستانی عوامی تحریک کے زیر اہتمام ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کے بعد ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور وفد کے دیگر اراکین کو رابطہ کمیٹی کے ارکان واسع جلیل اور رضا ہارون نے دورہ کرایا اور انہیں ایم کیوایم کے تنظیمی شعبہ جات اور ونگز کی کارکردگی اور کام سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے نائن زیرو کے مختلف شعبہ جات اور ونگز میں جاری کام کو مربوط اور منظم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا ۔
*****