مسلح افواج کے سربراہان اورسیاسی ومذہبی جماعتیں پاکستان کودہشت گردی سے نجات دلانے کے ایک نکتہ پر متحدہوکرفیصلہ کن معرکہ شروع کردیں۔الطاف حسین
وقت کاتقاضہ ہے کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں وقت کی نزاکت کااحساس کریں اور دہشت گردی اورقتل وغارتگری کے خلاف متحدہوجائیں
ہم ملک سے جبر کے نظام کے خاتمہ اورعدل وانصاف کے نظام کے قیام کیلئے جدوجہدکررہے ہیں اورکرتے رہیں گے
ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو دورہ کرنے والے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی اورانکے وفد سے فون پرگفتگو
ملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے اپنی بھرپورحمایت کایقین دلاتے ہیں۔ حافظ طاہر اشرفی
ملک میں خلافت راشدہ کے نظام انصاف کے بارے میں آپ کا بیان پورے ملک کی آوازہے۔حافظ طاہر اشرفی
کراچی۔۔۔27 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ مسلح افواج کے سربراہان اورسیاسی ومذہبی جماعتیں پاکستان کودہشت گردی سے نجات دلانے کے ایک نکتہ پر متحدہوکرفیصلہ کن معرکہ شروع کردیں۔ انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروعزیزآبادکودورہ کرنے والے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی اوران کے وفد کے دیگرارکان سے فون پرگفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورحق پرست صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔ جناب الطا ف حسین نے پاکستان علماء کونسل کے وفدکونائن زیروآمدپر خوش آمدیدکہا اوروفدسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہماری دن رات یہی کوشش ہے کہ پاکستان کودنیاوی خطرات سے کس طرح محفوظ رکھاجائے ۔انہوں نے کہاکہ وطن کے رہنے والوں کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کومشکلات سے نکالنے کیلئے صرف دعائیں نہ کریں بلکہ عملی کوششیں کریں۔انہوں نے کہاکہ وقت کاتقاضہ ہے کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں وقت کی نزاکت کااحساس کریں اور دہشت گردی اورقتل وغارتگری کے خلاف متحدہوجائیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مسلح افواج کے سربراہان اورملک کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں ملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے متحدہوکرفیصلہ کن معرکہ شروع کردیں۔مسلح افواج نے ملک کومحفوظ بنانے کیلئے پہلے بے مثال قربانیاں دیں،وقت آگیاہے کہ ایک مرتبہ پھرپوری قوم ملک کوبچانے کے ایک نکتہ پر متحدہوجائے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم ملک سے جبر کے نظام کے خاتمہ اورعدل وانصاف کے نظام کے قیام کیلئے جدوجہدکررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔ ہمیں جدیدسائنسی علوم کے حصول کے ساتھ ساتھ دین کے بارے میں بھی معلومات ہونی چاہئیں کہ بزرگان دین نے کس طرح دین کوپھیلایااورعملی زندگی میں ان کاکردار اوررویہ کیسارہا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم خلفائے راشدین کادور اوران کی سادگی دیکھتے ہیں اوراپنے حکمرانوں سے اس کاموازنہ کرتے ہیں توسرشرم سے جھک جاتے ہیں۔
جناب الطا ف حسین نے وفدسے کہاکہ نائن زیروکے علاوہ پورے پاکستان میں میری کوئی جائیدادنہیں، ایم کیوایم 1987ء سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ، ایم کیو ایم کے نمائندے میئر،ڈپٹی میئرناظمین ، ایم این ایز،ایم پی ایزاورسینیٹرزمنتخب ہوئے اورایم کیوایم کئی بارحکومتوں کاحصہ رہی۔میں چاہتا توملک بھر میں میرے بڑے بڑے محلات ہوتے لیکن میں نے اپنی جماعت کواپنی ذات کے مفادکیلئے استعمال نہیں کیااوراللہ تعالیٰ نے مجھے مفاد پرستی، دھوکہ بازی اور بے ایمانی سے محفوظ رکھا۔اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے خیالات سے اتفاق کیااور ملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے اپنی بھرپورتائیدوحمایت کایقین دلایا۔انہوں نے ملک میں خلافت راشدہ کے نظام انصاف کے نفاذ کے بارے میں جناب الطا ف حسین کے بیان کازبردست خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ آپ کایہ بیان مذہبی جماعتوں ہی کی نہیں بلکہ پورے ملک کی آوازہے اور پاکستان کے سارے عوام کانعرہ ہے کہ جبرکانظام ختم ہو اورخلافت راشدہ کاعدل وانصاف کانظام قائم ہو ۔حافظ طاہر اشرفی نے جناب الطاف حسین سے مزید کہاکہ ایم کیوایم کے بارے میں بعض عناصرکی جانب سے بہت پروپیگنڈے کئے گئے لیکن ایم کیوایم کی مثبت سیاست اورآپ کے عملی اقدامات نے تمام تر پروپیگنڈوں کوغلط ثابت کردیا اورایم کیوایم کی قیادت نے علماء اور مدارس کے طلبہ کے قتل اوردہشت گردی کے واقعات پر جس طرح واضح مؤقف اختیارکیا اور جس طرح ان سے ہمدردی کااظہارکیاہے اس نے علماء اورطلبہ کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے نائن زیرو پر اپنے وفدکابھرپورخیرمقدم کرنے پر جناب الطاف حسین کاشکریہ اداکیا۔
ملک میں خلافت راشدہ کے نظام کے قیام کے لئے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گےبعض قوتیں ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔ علامہ طاہر اشرفی
ہماری خواہش ہے کہ محبتیں اور قربتیں اسی طرح بڑھتی رہیں اور اس کے مثبت اثرات پاکستان کی سیاست پر پڑیں۔ محترمہ نسرین جلیل
کراچی۔۔۔۔۔27دسمبر، 2012ء
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بعض قوتیں کراچی کے امن و سکون کے درپے ہیں اور وہ ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو کسی بھی طریقے سے ختم کرنا چاہتی ہیں۔ میں ان قوتوں سے کہتا ہوں کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کریں کیوں کہ ملک کو محبتوں کی ضرورت ہے نفرتوں کی نہیں۔ انہوں نے یہ بات آج ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ملک میں خلافت راشدہ کے قیام کے حوالے سے قائد تحریک الطاف حسین کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پاکستان علماء کونسل خلافت راشدہ کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ اس ضمن میں جناب الطاف حسین کی منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سے گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے جناب الطاف حسین جس کے بھی ساتھ جائیں گے ہم بھی ان کے ساتھ جائیں گے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران جب بھی مدارس کے طلباء اور علمائے کرام کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا تو جناب الطاف حسین نے سب سے پہلے ہمارے شہداء کے لئے کلمات خیر کئے اور ہمارے زخمیوں کی عیادت کی۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے اور حقیقت سے فرار کی راہ اختیار کرنے والے عقل و دانش سے بے بہرہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرتیں پھیلانے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ہماری قربتیں مزید پروان چڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے سائیکل اور ریڑھی والوں کو پارلیمنٹ میں بھیج کر خلافت راشدہ کے نفاذ کی بات کی ہے اور میں ان کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کی جدوجہد میں ہم ان کے سپاہی بن کر اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر وہ مدرسہ اور مذہبی تنظیم جس کے پیش نظر کوئی سیاسی مفاد نہ ہو اور وہ صرف اللہ کے لئے کام کرتے ہیں وہ سب خلافت راشدہ کا نظام چاہتے ہیں کیونکہ یہی نظام غریبوں کو انصاف فراہم کرسکتا ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ اللہ تعالی نے جناب الطاف حسین کو سیاسی بصیرت کے ساتھ ساتھ دینی علوم سے بھی نوازا ہے۔ ہم ملک میں نظام فاروقی اور عدل حیدر کے قیام کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں گے ۔ کراچی کے امن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ کراچی میں امن کا قیام اہل تشیع، اہل سنت اور ایم کیو ایم کے بغیر کسی طرح بھی ممکن نہیں اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ان قوتوں کو باہر رکھ کر کراچی میں امن قائم کیا جاسکتا ہے وہ صرف لوگوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو ایم کیو ایم کو کمزور اور کراچی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے واضح کیا کہ کراچی ہے تو پاکستان ہے اور اگر کراچی نہیں رہا تو خاکم بدہن پاکستان کا وجود بھی خطرے میں پڑجائے گا۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک سے اشرافیہ کا غلبہ ختم کرکے غریبوں کی حکمرانی قائم کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جاگیردارانہ نظام ختم ہونا چاہیے اور غریبوں کو انصاف ملنا چاہیے، ہم سب ملک کر غریبوں کے پاکستان کی تشکیل کریں گے۔ قبل ازیں جب علامہ طاہر اشرفی ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچے تو ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز انیس احمد قائم خانی، محترمہ نسرین جلیل اور دیگر اراکین موجود تھے۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محترمہ نسرین جلیل نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ محبتیں اور قربتیں اسی طرح بڑھتی رہیں اور ان کے مثبت اثرات پاکستان کی سیاست پر پڑیں۔ انہوں نے علامہ طاہر اشرفی کی آمد پر انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں قائد تحریک جناب الطاف حسین، رابطہ کمیٹی اور کارکنان کی جانب سے خوش آمدید کہا۔
ایشین ہاکی چیمپنئز شپ پاکستا ن بمقالہ بھارت کے فائنل میچ قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر ٹیم کے کپتان ، ایک ایک کھلاڑی، کوچ اور مینیجر سمیت پوری پاکستانی عوام کو الطاف حسین کی مبارکباد
قومی ٹیم کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے، الطاف حسین
لندن :۔۔۔27، دسمبر 2012ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے دوہامیں منعقد ہ ایشین ہاکی چیمپئنز شپ پاکستا ن بمقالہ بھارت کے فائنل میچ میں قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر ٹیم کے کپتان ، ایک ایک کھلاڑی، کوچ اور مینیجر سمیت پوری پاکستانی قوم کو دلی مبار کباد پیش کی ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ قومی ٹیم نے ایشین ہاکی چیمپئین شپ کے تمام میچوں میں اعلیٰ کارکردگی پیش کی اور فائنل میچ اپنی مخالف ٹیم کو شکست دے کر ملک وقوم کا سر سخر سے بلند کردیا ہے ،انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے جس پر پوری ٹیم مبارکبا د کی مستحق ہے ۔جناب الطاف حسین نے اُمید ظاہر کی کہ انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی ٹورنامنٹس میں قومی ٹیم محنت و لگن کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی ۔
محترمہ بینظیربھٹو ،شہیدجمہوریت ہیں ،انہوں نے جمہوریت کیلئے جوقربانیاں دیں وہ ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔ الطاف حسین
سابق وزیراعظم محترمہ بینظیربھٹوشہیدکی پانچویں برسی پر شہیدرہنماکوالطاف حسین کازبردست خراج عقیدت
صدرمملکت آصف علی زرداری، انکے بچوں اورپیپلزپارٹی کے تمام رہنماؤں اورکارکنوں سے دلی تعزیت اورہمدردی کااظہار
لندن :۔۔۔ 27، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اورسابق وزیراعظم محترمہ بینظیربھٹوشہیدکی پانچویں برسی پر شہیدرہنماکوزبردست خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطا ف حسین نے کہاکہ محترمہ بینظیربھٹوشہیدنے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اوراس کی بقاء کیلئے طویل جدوجہد کی اوربالآخرجمہوریت کی خاطر ہی اپنی جان کی قربانی دیدی، وہ شہیدجمہوریت ہیں اورانہوں نے جمہوریت کیلئے جوقربانیاں دیں وہ ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔جناب الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ بینظیربھٹوشہیدکی قربانی کوقبول فرمائے اورانہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے۔ انہوں نے شہید رہنماکی برسی پر صدرمملکت آصف علی زرداری، ان کے بچوں اورپیپلزپارٹی کے تمام رہنماؤں اورکارکنوں سے بھی دلی تعزیت اورہمدردی کااظہارکیا۔
گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکوصدرپاکستان کی جانب سے نشان امتیازدیئے جانے پر الطاف حسین کی دلی مبارکباد
ڈاکٹرعشرت العباد نے سندھ کی ترقی اورعوام کی فلاح وبہود کیلئے جس طرح رات دن کام کیا اس کا اعتراف ہرسچا پاکستانی کرتا ہے۔ ڈاکٹرعشرت العبادکو سب سے طویل عرصہ تک صوبہ سندھ کاگورنررہنے کاریکارڈقائم کرنے پر بھی مبارکباد۔قوم کو ڈاکٹرعشرت العبادجیسے باصلاحیت سپوت پر ناز ہے۔گورنرسندھ کی اہلیہ اوربچوں کوبھی مبارکباد
لندن ۔۔۔ 27 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکوصدرپاکستان کی جانب سے نشان امتیازدیئے جانے پر دلی مبارکباد اور شاباش پیش کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ قوم کو ڈاکٹرعشرت العبادجیسے باصلاحیت سپوت پر ناز ہے کہ جنہوں نے تعلیمی میدان ہی میں بڑا مقام حاصل نہیں کیا بلکہ عملی زندگی میں بھی عزت ومرتبہ اورنام ومقام حاصل کیا،انہوں نے ایم کیوایم کی تربیت پر عمل کرتے ہوئے اپنے فرائض کو جس ایمانداری، دیانتداری اورفرض شناسی سے انجام دیااورملک خصوصاًصوبہ سندھ کی ترقی اورعوام کی فلاح وبہود کیلئے جس طرح رات دن محنت ولگن سے کام کیا اس کا اعتراف ہرسچا پاکستانی کرتا ہے ۔ جناب الطا ف حسین نے نشان امتیاز ملنے پر گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد، ان کی اہلیہ اور بچوں کوبھی دلی مبارکباد پیش کی جنہوں نے خود بھی بڑی قربانیاں د ی ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹرعشرت العبادکو سب سے طویل عرصہ تک صوبہ سندھ کاگورنررہنے کاریکارڈقائم کرنے پر بھی مبارکبادپیش کی اوردعا کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عشرت العباد کو مزید ترقی اورصحت وتندرستی عطاکرے۔
گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکو نشان امتیازملنے پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کی زبردست مبارکباد
یہ پوری قوم کیلئے ایک اعزازہے،یہ اس تعلیم وتربیت کانتیجہ ہیں جوقائدتحریک الطاف حسین نے اپنے کارکنوں کودی ہیں۔
قائدتحریک الطاف حسین کواپنے ایک تربیت یافتہ کارکن کوملک کا سب سے بڑا سول اعزاز ملنے پردلی مبارکبادپیش کرتے ہیں۔
کراچی۔۔ 27 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکوصدرپاکستان کی جانب سے نشان امتیازدیئے جانے پرزبردست مبارکباد پیش کی ہے اوراسے پوری قوم کیلئے ایک اعزازقراردیاہے۔اپنے مشترکہ بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکوصدرمملکت کی جانب سے نشان امتیاز سے نوازاجاناان کی خدمات کا بے مثال اعتراف ہے اوریہ زریں خدمات دراصل اس تعلیم وتربیت کانتیجہ ہیں جوقائدتحریک الطاف حسین نے اپنے کارکنوں کودی ہیں لہٰذا ہم قائدتحریک الطاف حسین کوبھی انکے ایک تربیت یافتہ کارکن کوملک کا سب سے بڑا سول اعزاز ملنے پردلی مبارکبادپیش کرتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ڈاکٹر عشرت العبادنے گورنر سندھ کے منصب پرفائزہونے کے بعد قائدتحریک الطاف حسین کی تعلیمات اوردرس پر عمل کرتے ہوئے اپنے منصب کوذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنے کے بجائے سندھ کے عوام کے اجتماعی مفادکیلئے استعمال کیا،ملک خصوصاً صوبہ سندھ کے عوام کی بلاامتیازخدمت کی اور صوبہ کی ترقی کیلئے رات محنت ولگن سے کام کیا،صدرمملکت کی جانب سے نشان امتیاز دیاجانا ان خدمات کااعتراف ہے جس پر پاکستان خصوصاً سندھ بھرکے عوام اور ایم کیوایم کے تمام کارکنان وہمدرد ڈاکٹر عشرت العبادکوزبردست مبارکباد پیش کرتے ہیں اوراس یقین کااظہارکرتے ہیں کہ وہ صوبہ کے عوام کی بلاامتیازخدمت کے ذریعے صوبہ سندھ اور قائد تحریک الطا ف حسین کی نیک نامی اورعزت میں اسی طرح اضافہ کرتے رہیں گے۔ رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹر عشرت العبادکوصوبہ سندھ کاسب سے طویل عرصہ سے گورنر رہنے کاریکارڈقائم کرنے پر بھی انہیں مبارکبادپیش کی۔
متحدہ قومی موومنٹ کے وفدکی پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیربھٹوکی پانچویں برسی کے اجتماع میں شرکت
ایم کیوایم کے وفدنے مزارپرفاتحہ خوانی کی اورجناب الطاف حسین کی طرف سے محترمہ بینظیربھٹو،ذوالفقارعلی بھٹو،نصرت بھٹو اورمیرمرتضیٰ بھٹوکی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی
اشفاق منگی اورڈاکٹرصغیراحمدکے ہمراہ ایم کیوایم کے وفدکی پیپلزپارٹی کے رہنماؤںآغاسراج درانی،ایاز سومرواورامیرمینگل سے ملاقات ،محترمہ کی شہادت پر دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
لاڑکانہ:۔۔۔ 27 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اشفاق منگی اورڈاکٹرصغیراحمدکے ہمراہ ایم کیوایم کے وفدنے گڑھی خدابخش میں پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم محترمہ بینظیربھٹوشہیدکی پانچویں برسی کے موقع پرمزارپرحاضری دی اور برسی کے اجتماع میں شرکت کی۔ایم کیوایم کے وفدمیں صوبائی وزراء عبدالحسیب، نثار احمدپنہور،سینٹرل ایگزیکٹیوکونسل کے ارکان عبدالوحیدعباسی ،پیرفرزندعلی شاہ،سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج عمرقریشی واراکین اورسکھراورلاڑکانہ زونل کمیٹی کے انچارجز و اراکین کے علاوہ دیگرذمہ داران وکارکنان بھی شامل تھے۔وفدنے مزارپرفاتحہ خوانی کی اورقائدتحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے شہیدمحترمہ بینظیربھٹو،ان کے والد شہید ذوالفقارعلی بھٹو،والدہ محترمہ نصرت بھٹو،بھائی میر مرتضیٰ بھٹوشہیداورشاہنوازبھٹوکی قبروں پرچادریں چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔اس موقع پرپیپلزپارٹی کے رہنماؤںآغاسراج درانی،ایازسومرو امیرمینگل سے ملاقات کی اورقائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدرردی کااظہاربھی کیا۔
پاکستان ہاکی فیدریشن کے نائب صد ر ا ورکراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر واسع جلیل کی ایشین ہاکی چیمپئنز شپ کے فائنل میچ میں قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد
کھیل کے میدان میں قومی ٹیم نے مخالف ٹیم کو شکست دے کر ثابت کردیا ہے ان کے حوصلے بلند ہیں، واسع جلیل
کراچی :۔۔۔۔27، دسمبر 2012ء
پاکستان ہاکی فیدریشن کے نائب صدر اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر واسع جلیل نے دوہامیں منعقد ہ ایشین ہاکی چیمپئنز شپ پاکستا ن بمقالہ بھارت کے فائنل میچ میں قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر ٹیم کے کپتان ، ایک ایک کھلاڑی، کوچ اور مینیجر سمیت پوری پاکستانی قوم کو دلی مبار کباد پیش کی ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جس محنت و لگن سے قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دیگر میچوں میں اپنی کامیابی کے جوہر دکھائے وہیں ایشین ہاکی چیمپئین شپ کے فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کردیا ہے ، انہوں نے کہاکہ کھیل کے میدان میں قومی ٹیم نے مخالف ٹیم کو شکست دے کر ثابت کردیا ہے ان کے حوصلے بلند ہیں ۔انہوں نے ایک بار پھر ایشین ہاکی چیمپئیز شپ کے فائن میچ میں قومی ٹیم کی کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبار کباد پیش کی ۔
زندہ اور باشعور قومیں تمام تر مشکلات ظلم و جبر اور کٹھن حالات کے باوجود ہمت اور حوصلہ نہیں ہارتیں، فرخ اعظم اور نثار پنہور احمد
نیوکراچی ٹاؤن میں خمیسہ گوٹھ یوسی 9 رابطہ آفس اورگڈاپ ٹاؤن میں عبد الرحیم گوٹھ رابطہ آفس یوسی 7کے کارکنان کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال
کراچی :۔۔۔27، دسمبر 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج فرخ اعظم اور جوائنٹ انچارج و حق پرست صوبائی وزیر نثار احمد پنہور نے کہا ہے کہ زندہ اور باشعور قومیں تمام تر مشکلات ظلم جبر اور کٹھن حالات کے باوجود ہمت اور حوصلہ نہیں ہارتیں بلکہ منزل کے حصول کیلئے اپنی آخری سانسوں تک جدوجہد جاری رکھتی ہیں ،ایم کیوایم کی جدوجہد ظلم و جبر ناانصافیوں اور استحصالی نظام کے خلاف ہے اور ایسی جدوجہد بہت کٹھن اور دشوار ہوتی ہے جبر کی قوتیں اور انکے ایجنٹ ایسی جدوجہد کو کچلنے کیلئے ہمیشہ سر گرم رہتے ہیں اس وقت ملک کے مظلوم اور حقوق سے محروم عوام اور ان کی نمائندہ جماعت صرف اور صرف ایم کیوایم ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نیوکراچی ٹاؤن میں خمیسہ گوٹھ یوسی 9 رابطہ آفس اورگڈاپ ٹاؤن میں عبد الرحیم گوٹھ رابطہ آفس یوسی 7کے کارکنان کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس مو قع پر دیگر اراکین بھی موجودتھے ۔انہوں نے کہاکہ حقوق کے حصول کیلئے چلائی جانے والی تحریکوں کے خلاف ظلم وجبر کا راستہ اپنا یا گیا اور انہیں مسلسل ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تو انہوں نے کن ذرائع سے اور کس کس طریقے سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھا ملک اس وقت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہاہے اور قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم اس ملک کو بچانے کی سر توڑ کوشش کررہے ہیں ایسے سنگین اور خطرناک حالات میں ہر کارکن کا فرض ہے کہ وہ اپنا احتساب کریں اور تحریک کی جانب سے دی جانیوالی ہدایات کو احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنا فرض سمجھ کر ادا کریں ۔
ایم کیوایم کے سوگوار کارکنان سے رابطہ کمیٹی کااظہارِ تعزیت
کراچی:۔۔۔ 27دسمبر 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم جیکب آباد یونٹ سٹی "F"کے کارکن عبدالحمید سدایو کے چھوٹے بھائی عبدالسمیع اور ایم کیوایم اورنگی سیکٹر یونٹ 118-Aکے کارکن محمد ریحان صدیقی کی اہلیہ نصرت ریحان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمددردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کوصبر جمیل عطا کرے۔(آمین)
*****