بعض عناصر نہیں چاہتے کہ کراچی میں امن قائم ہواسی لئے یہ عناصر فرقہ وارانہ قتل اورشرپسندی کی کارروائیاں کررہے ہیں۔الطاف حسین
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہراشرفی سے فون پر گفتگو۔جامعہ احسن العلوم کے مولانا محمداسماعیل کے قتل پراظہار تعزیت
ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی میں قیام امن اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کل جماعتی کانفرنس کاانعقادکیاجائے گا
کانفرنس میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ اور ذاکرین کومدعو کیا جائے گا
فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ایم کیوایم کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔حافظ طاہراشرفی
حافظ طاہراشرفی کی جانب سے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر ایم کیوایم کے مؤقف کی بھرپور حمایت ،
حافظ طاہراشرفی نے قائدتحریک الطاف حسین کو گزشتہ روز کے فکرانگیز خطاب پر مبارکبادپیش کی
یہ بات اصولی ہے کہ اگرحلقہ بندیاں کرنی ہیں توصرف کراچی میں نہیں پورے ملک میں کی جائیں اوراس سے پہلے مردم کرائی جائے ۔ حافظ طاہراشرفیشماری
لندن ۔۔۔3 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ کراچی میں امن قائم ہواسی لئے یہ عناصر فرقہ وارانہ قتل اورشرپسندی کی کارروائیاں کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بات آج پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہراشرفی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔جناب الطاف حسین نے حافظ طاہر اشرفی سے کراچی میں جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا محمداسماعیل کے قتل کے واقعہ پر دلی تعزیت کی ۔ انہوں نے کہاکہ امن واستحکام اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ایم کیوایم مسلسل کوششیں کررہی ہے تاہم اس سلسلے میں کوششیں کرنا تمام ہی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کابھی فرض ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی میں قیام امن ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے ایک کل جماعتی کانفرنس کاانعقادکیاجائے گا جس میں تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ اور ذاکرین کومدعو کیا جائے گا تاکہ تمام لوگ امن اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مشترکہ طورپرآوازاٹھائیں، فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے والے عناصر ناکام ہوں،شہرمیں امن ہو اور تمام ہی فقہوں اورمسلکوں سے تعلق رکھنے والے افرادکی جانیں محفوظ ہوں۔حافظ طاہراشرفی نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ایم کیوایم کی کوششوں کوسراہااور کہا کہ جس طرح اس سلسلے میں ایم کیوایم کوششیں کررہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یوم عاشورکے موقع پر تمام تر خطرات کے باوجودفرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے جلوسوں میں شرکت کرنے پر ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین اورپوری قیادت کوخراج تحسین پیش کیا ۔ حافظ طاہراشرفی نے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پرجناب الطاف حسین کو ان کے گزشتہ روز کے فکرانگیز خطاب پر بھی مبارکبادپیش کی۔ انہوں نے اس معاملے پر ایم کیوایم کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بات اصولی ہے کہ اگرحلقہ بندیاں کرنی ہیں توصرف کراچی میں نہیں پورے ملک میں کی جائیں اوراس سے پہلے مردم شماری کرائی جائے ۔
لاہورمیں شرپسند عناصر کی جانب سے احمدیوں کے قبرستان میں قبروں کونقصان پہنچانے کا واقعہ غیراسلامی، غیرانسانی اورانتہائی قابل مذمت ہے ۔ الطاف حسین
اسلام تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اورقبروں کے احترام کادرس دیتا ہے
قبروں کونقصان پہنچانے کے واقعہ میں ملوث شرپسندعناصر کوگرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے
لندن: ۔۔۔3 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے لاہورمیں شرپسند عناصر کی جانب سے احمدیوں کے قبرستان میں قبروں کونقصان پہنچانے کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ اسلام تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اورقبروں کے احترام کادرس دیتا ہے لہٰذاشرپسندعناصر کی جانب سے احمدیوں کے قبرستان میں قبروں کونقصان پہنچانے کایہ واقعہ غیراسلامی، غیرانسانی اورانتہائی قابل مذمت ہے۔ جناب الطاف حسین نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیاکہ اس واقعہ میں ملوث شرپسندعناصر کوگرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے ۔انہوں نے جن قبروں کونقصان پہنچایا گیا ان کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی کااظہارکیا۔
مدرسہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا محمد اسماعیل کے بہیمانہ قتل پر الطاف حسین کااظہار مذمت
قتل کی واردات شہر میں امن تباہ کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہے
مولانا محمد اسماعیل کے سفاکانہ قتل پر مدرسہ احسن العلوم کے مفتی زر ولی سمیت مقتول کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
لندن:۔۔۔3، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے مدرسہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا محمد اسماعیل کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور سفاکانہ قتل کی اس واردات کو شہر کا امن تباہ کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازشوں کا حصہ قرا ر دیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے مولانا محمد اسماعیل کے بہیمانہ قتل پر مدرسہ احسن العلوم کے مفتی زرولی سمیت مقتول کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور انہیں صبر کی تلقین کی ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتول کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے مولانا محمد اسماعیل کے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزای جائے ۔
ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی راجپوت کالونی کے کارکنان کی بہیمانہ شہادت پر جناب الطاف حسین کا اظہارِ تعزیت
لندن :۔۔۔۔3،دسمبر 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی راجپوت کالونی کے کارکنان محموداور طیب کی بہیمانہ شہادت پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں جنا ب الطاف حسین نے شہداء کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمددردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔(آمین )
محمود اور طیب کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، رابطہ کمیٹی
محمود اور طیب کے قتل کانوٹس لیا جائے اور قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے
شہداء کے سوگوار اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار
کراچی :۔۔۔۔3، دسمبر 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائز نگ کمیٹی راجپوت کالونی کے کارکنان محمود اور طیب کے قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کو کھلی دہشت گردی قر ار دیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بعض دہشت گرد عناصر شہر میں قتل و غارت گری کی وارداتیں کرکے امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جو لوگ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے شہداء کے تمام سوگوار اہلخانہ سے دلی تعز یت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی سمیت سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سیّد قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ محمود اور طیب کے قتل کانوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گر فتا ر کرکے انہیں قرا ر واقعی سزادی جائے ۔
اسپیشل افراد ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں ان کے حقوق بھی اتنے ہی ہیں جتنے دوسرے عام انسان کے ہیں ، جناب الطاف حسین
اسپیشل افراد بھی ملک کی ترقی میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں، معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پرجناب الطاف حسین کا پیغام
پاکستان میں معذورں کی فلاح وبہبودکے لئے خصوصی اداروں کا قیام عمل میں لایاجائے اور انہیں زندگی کے
ہر شعبے میں حصہ لینے کے مواقع فرہم کئے جائیں
لندن:۔۔۔۔3دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ اسپیشل افراد بھی قوم کے معمارہے اگر ان کی صحیح طرح رہنمائی کی جائے تو یہ اسپیشل افراد بھی ملک کی ترقی میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں۔ معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم معذور افراد کو معاشرے کے لئے مفید بناناچاہتی ہے اور ان میں پائی جانے والی احساسی محرومی کا خاتمہ کر نے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ معذور افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں ان کے حقوق بھی اتنے ہی ہیں جتنے دوسرے عام انسان کے ہیں لہٰذا معذور افراد کے ساتھ محبت وشفقت اور ان کی سرپرستی کی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے صدر پاکستان صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ معذور افراد کے لئے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے،قانون سازی کرکے نہ صرف معذورافراد کو بنیادی حقوق مہیا کئے جائیں بلکہ ان کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے اور پاکستان میں معذورں کی فلاح بہبود کے لئے خصوصی اداروں کا قیام عمل میں لایاجائے اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
ایم کیوایم کے زیر اہتمام 4دسمبر بروز منگل سندھی ٹوپی اجر ک ڈے منایا جائے گا
نائن زیر و عزیز آباد میں’’ سندھی ٹوپی اجرک ڈے‘‘ کے سلسلے میں تقریب منعقد کی جائے گی
تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ، حق پرست وزراء ارکان اسمبلی و دیگر شرکت کریں گے
کراچی :۔۔۔ 3دسمبر 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام 4دسمبر 2012ء برو ز منگل سندھی اجرک ٹوپی ڈے منایا جائے گا ۔اس سلسلے میں سہ پہر 3:00بجے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیز آباد میں تقریب منعقد کی جائے گی ۔جس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ، حق پرست وزراء ، ارکان اسمبلی، ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان سمیت دیگرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے ۔
عدلیہ کے ذریعے ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ کو چھیننے کی گھناؤنی سازش کو الطاف حسین نے بے نقاب کردیا ہے
فاضل جج نے متعصبانہ ریمارکس دیکر نہ صرف عدلیہ کا وقار مجروح کیا ہے بلکہ اپنے حلف سے روگردانی بھی کی ہے
متعصبانہ ، غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلہ دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی کا سبب بنا ہے
فاضل جج کے غیر آئینی ، غیر جمہوری فیصلے اورر یمارکس پر حقائق سے قوم کو آگاہ کرنے پر الطاف حسین کو خراج تحسین
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے نائن زیرو اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں پیغامات
کراچی: ۔۔۔3، دسمبر2012ء
پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ، ایم کیوایم کے ذمہ داران، کارکنان اور ہمدردوں نے ’’صرف کراچی میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کے سپریم کورٹ کے فاضل جج کے متعصبانہ ، غیر آئینی اور غیرجمہوری ‘‘حکم کے خلاف ملک بھر میں منعقدہ عوامی اجتماعات سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کے خطاب کو حقائق پر مبنی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ میں ایسے متعصب جج اور ان کے تعصب پسندانہ ریمارکس نہ صرف عدالت عظمیٰ بلکہ ملک کے ہر محب وطن اور باشعور شہری کیلئے لمحہ فکریہ ہیں ۔عوامی اجتماعات سے جناب الطاف حسین کے خطاب کے بعد ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو او ر انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ٹیلی فون ، فیکس اور ای میل پر پیغامات کا تانتا بندھ گیا ۔ پیغامات بھیجنے والوں میں علمائے کرام ، تاجر ، صنعتکار ، سیاسی و سماجی رہنما ، سول سوسائٹی ، وکلاء ، آئینی و قانونی ماہرین اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شامل ہیں ۔ اپنے پیغامات میں انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے عدلیہ کے ذریعے ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ کو چھیننے کی گھناؤنی سازش کو بے نقاب کردیا ہے اور فاضل جج کے ریمارکس پر آئینی و قانونی نکات کے علاوہ قرآن مجید ، احادیث مبارکہ ، سنت بنوی ﷺ ، خلفائے راشدین کے واقعات اور مثالیں بیان کرکے واضح طور پر ثابت کردیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فاضل جج کے ریمارکس مکمل طور پر غلط ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی بینچ کے متعصبانہ فیصلے کے خلاف جمہوریت کی دعویدار جماعتوں کی خاموشی بھی معنی خیز ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فاضل جج نے متعصبانہ ریمارکس دیکر نہ صرف عدلیہ کا وقار مجروح کیا ہے بلکہ اپنے حلف سے روگردانی بھی کی ہے اور فاضل جج کا متعصبانہ کردار عوامی مینڈیٹ کا خون کرنے کے مترادف ہے بلکہ ایم کیوایم کے کروڑوں ووٹرز کی توہین بھی ہے جس پر فاضل جج کو معافی مانگنی چاہئے اور اپنے منصب کا ناجائز استعمال کرنے پر از خود مستعفی ہوجانا چاہئے ورنہ اعلیٰ عدلیہ کے دیگر غیر جانبدار ججز کی جانب سے ایسے متعصب جج کے خلاف کارروائی کرنا فرض ہے۔ان کا کہنا تھاکہ عدالتی منصب پر بیٹھ کر من پسند فیصلے مسلط کرنا اس جج کی جانب سے پورے عدالتی نظام کی توہین ہے اور فاضل جج کی مذکورہ بینچ کا فیصلہ دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی کا سبب بنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین نے اسلامی حوالوں سے جج حضرات کے غیر جانبداررویئے پر جن خیالات کااظہار کیا اور مثالیں دیں وہ مثالیں رہتی دنیا تک انسانوں اور انصاف کے علمبرداروں کیلئے مشعل راہ ہیں ۔اپنے پیغامات میں انہوں نے سپریم کورٹ کی بینچ کے بغیر مردم شماری کے صرف کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے حکم کو مسترد کرنے کی حمایت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے جرات و ہمت کے ساتھ فاضل جج کے غیر آئینی ، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی فیصلے اور یمارکس پر حقائق سے قوم کو آگاہ کرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اورناگہانی آفات سے بچاؤ کیلئے دعائیں بھی کیں ۔
قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے’’ خصوصی افرادکا شعبہ‘‘ قائم کردیاہے
شعبہ میں خصوصی افراد شامل ہونگے
کراچی:۔۔۔3،دسمبر2012ء
متحدہ قومی مووومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے’’ خصوصی افرادکا شعبہ‘‘ قائم کردیاہے جس میں خصوصی افراد شامل ہونگے ۔ بہت جلد اس کمیٹی کے افراد کے ناموں کا اعلان باقاعدہ کردیاجائے گا۔
ایم کیوایم کے سوگوار کارکنان سے رابطہ کمیٹی کااظہارِ تعزیت
کراچی :۔۔۔3دسمبر 2012ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم ایلڈرزونگ پی آئی بی سیکٹر یونٹ 48کے کارکن سیّد ثروت عباس زیدی ،جامشور و زون یونٹ 1/Aورکنگ کمیٹی کے انچارج شفیع الرحمن کی والدہ محترمہ رشیدہ بیگم ،لائنزایریا سیکٹریونٹ بزرٹہ لائن کے شہید کارکن غلام محمد کی والدہ محترمہ صغیراں بی بی اور ایم کیوایم ایبٹ آباد زون تحصیل حویلیاں کے رکن طارق محمود کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعز یت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا
*****