بانی وقائد الطاف حسین موروثی سیاست کے سخت خلاف ہیں ،ترجمان شعبہ اطلاعات ایم کیوایم
بانی وقائد کی صاحبزادی کی پاکستان آمداورسیاست میں حصہ لینے کے حوالے سے ایک نیوز ایجنسی (آن لائن) کی خبرمن گھڑت اور گمراہ کن ہے ، ترجمان
لندن۔۔۔4، اکتوبر2024ئ
ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے بانی وقائد جناب الطاف حسین کی صاحبزادی کی پاکستان آمداور سیاست میں حصہ لینے کے حوالے سے آج مورخہ 4، اکتوبر2024ء کواسلام آباد سے ایک نیوز ایجنسی (آن لائن) کی جانب سے میڈیا کو جاری کی گئی خبر کی سختی سے تردید کی ہے ۔
ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن سے جاری بیان میں شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے کہاکہ ایم کیوایم کے سینئرسے لیکرجونئیر تک ایک ایک کارکن اور پاکستان بھرکے عوام اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ بانی وقائد جناب الطاف حسین جس طرح فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہیں اسی طرح وہ موروثی سیاست کے بھی سخت خلاف ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے اپنی سیاسی زندگی میں نہ تو خود کبھی الیکشن میں حصہ لیا اور نہ ہی اپنے خونی رشتے کو الیکشن میں حصہ لینے دیا۔
شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے کہاکہ ایک نیوز ایجنسی کی جاری کردہ میڈیا میں شائع ہونے والی یہ خبرقطعی بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن ہے اوراس خبرمیں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ ترجمان نے اخبارات کے نمائندوں سے درخواست کی کہ من گھڑت اور غیرمصدقہ خبروں کی اشاعت سے گریز کریں ۔
٭٭٭٭٭