طالبان کی دہشت گردی کے خلاف ملک بھر کے عوام متحدو بیدار ہوجائیں ،الطاف حسین
عوام نے دہشت گردی کی آگ بجھانے کی کوشش نہ کی تو یہ آگ ہم سب کے گھروں کو جلا کر بھسم کردے گی
پشاور میں خودکش حملے اوردہشت گردی کے دیگرواقعات پراظہارمذمت
حملوں میں ایف سی اہلکاروں سمیت شہریوں کے شہید وزخمی ہونے پر اظہار افسوس
لندن ۔۔۔24، فروری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور میں ایرانی قونصلیٹ کے قریب ایف سی کی چیک پوسٹ پرطالبان دہشت گردوں کے خودکش حملے اوردہشت گردی کے دیگرواقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملے میں متعدد ایف سی اہلکاروں کے شہید وزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی اورقتل وغارتگری سے پاکستان کی سلامتی وبقاء کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھرپاکستان بھر کے عوام کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ خدا اور رسول اللہ ؐ کے واسطے طالبان کی دہشت گردی کے خلاف ملک بھر کے عوام متحد اوربیدار ہوجائیں ، اگر ملک بھر کے روشن خیال ، لبرل اور ترقی پسند عوام اب بھی بیدار نہ ہوئے اور انہوں نے مذہبی انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی آگ بجھانے کی کوشش نہ کی تو یہ آگ ہم سب کے گھروں کو جلا کر بھسم کردے گی ۔ جناب الطاف حسین نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اورزخمی اہلکاروں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔