ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز کی کورنگی سیکٹر یونٹ 79کے کارکن دولہا فہد عزیز کی اسپتال جاکر عیادت
قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے انہیں گلدستہ پیش کیا
کراچی پولیس یومیہ 22کروڑ بھتہ لے رہی ہے اور پوری مہاجر قوم کو دہشت گرد قرار دے رہی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ہمارا شہر لاوارث نہیں ہے قائد تحریک ابھی زندہ ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ہمارے بے گناہ نوجوانوں کو مجرم بنایا جارہاہے ،ان کے جسم کے نازک اعضاء پر سرنج کے ذریعے پیٹرول ڈالا گیا، حیدر عباس رضوی
کراچی۔۔۔9فروری2014 ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیرز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور انجینئر ناصر جمال نے گزشتہ شب پولیس کے بہیمانہ تشدد سے زخمی ہونے والے ایم کیوایم کورنگی سیکٹر یونٹ 79کے کارکن دولہا فہد عزیز کی اسپتال جاکر عیادت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے انہیں گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ، حق پرست اراکین اسمبلی اور ایم کیوایم کے مختلف ونگز کے اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ عیادت کے بعد اسپتال کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول نے کہاکہ کراچی پولیس یومیہ بھتہ کی مدمیں22کروڑ لے رہی ہے اور پوری مہاجر قوم کو دہشت گرد قراردیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا شہر لاوارث نہیں ہے قائد تحریک ابھی زندہ ہیں اور اللہ تعالیٰ ان کا سایہ تادیر ہمارے سروں پر قائم رکھے (آمین)،انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو پولیس حراست میں کرنٹ لگا کر اوردیگر طریقوں سے تشدد کا نشانابنایا جارہے ہے اوربھاری رقوم رشوت میں لینے کے بعد رہا کیا جاتاہے اس سے پہلے بھی ایم کیوایم کے 10کارکنان کو بہیمانہ تشّدد کر کے ماورائے عدالت شہید کر دیا گیا ہے۔رکن رابطہ کمیٹی حیدر عباس رضوی نے کہاکہ بے گناہ نوجوانوں کو بلاجواز گرفتاراور تشدد کرکے مجرم بنایا جارہاہے ،ان کے جسم کے نازک اعضاء پر سرنج کے ذریعے پیٹرول ڈالا گیا ہے ، پولیس والوں نے اپنی اپنی ٹیمیں بنا لی ہیں جو کے کارکنان پر جسمانی اورجنسی تشدد کرکے اپنی مرضی کے بیانات دلوانان چاہتی ہیں۔ہمارے لوگوں پر بدترین ٹارچر کیا جاتا ہے اور کہاجاتا ہے کہ ہم تماری فیملی کے ساتھ بھی اسی طرح کی ذیادتی کرینگے اس قسم کی حرکتیں کرنے والی کالی بھیڑوں کی وجہ سے ہی کراچی پولیس کاسیاہ چہرہ واضح ہورہا ہے۔