کشمیر کو مکمل آزاداورخودمختار ریاست کے طورپرتسلیم کیاجائے۔الطاف حسین
کشمیری عوام کے ساتھ حکومتی رویہ اورکشمیری عوام کو ظلم وستم کا نشانہ بناناانتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے، پاکستان کے حکمرانوں کوچاہیے کہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات کے حل پرسنجیدگی سے توجہ دیں، کشمیریوں کے خلاف طاقت کے ناجائز استعمال کا سلسلہ بند کریں اور کشمیریوں کے جائز مطالبات کے حل کیلئے ان سے مذاکرات کاراستہ اختیارکریں۔
میں شروع دن سے کشمیری عوام کے جائز مؤقف کی حمایت کرتا چلاآرہا ہوں اوران پرکئے جانے والے ظلم کی مذمت کرتارہاہوں۔میرا شروع دن سے یہی مؤقف ہے کہ کشمیرکے مستقبل کا فیصلہ کرنے کاحق صرف اورصرف کشمیری عوام کو ہے،کشمیریوں کو فٹ بال سمجھنا بند کیاجائے، کشمیر کو مکمل آزادی اورخودمختاری دی جائے اورکشمیر کو ایک آزاد ریاست کے طورپرتسلیم کیاجائے،کشمیری عوام کو جمہوری طریقے سے اپنا صدر اور وزیراعظم منتخب کرنے کا حق دیا جائے تاکہ منتخب نمائندے کشمیری عوام کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ میں دونوں طرف کے کشمیری کے بھائیوں سے دردمندانہ اپیل کرتاہوں کہ وہ کشمیراورآنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کیلئے ایک ہوجائیں اورمتحد ہوکر کشمیری عوام کے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔ میں آج بھی کشمیریوں کے جائز حقوق اور مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہوں اورجب تک زندگی ہے ان کے حقوق کیلئے آوازاٹھاتا رہوں گا۔
میں اوورسیز ممالک میں رہنے والے تمام کشمیری بھائیوں سے کہتا ہوں کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور اپنے اپنے علاقوں کے پارلیمنٹرینز کو خطوط لکھیں اور ان سے درخواست کریں کہ وہ کشمیر کی نازک ترین صورتحال کافوری نوٹس لیں، مظلوم کشمیری عوام پر حکومتی مظالم رکوانے کیلئے مداخلت کریں اور پاکستان کے حکمرانوں پردباؤ ڈالیں کہ کشمیری عوام کے مطالبات کوتسلیم کیاجائے۔
الطاف حسین
ٹک ٹاک پر 433 ویں فکری نشست سے خطاب
21، جولائی 2026ء