حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ میں کسٹمز، رینجرزاورپولیس کے چھاپے، تاجروں کے ساتھ ظالمانہ سلوک اور دکانوں سے کروڑوں روپے کاسامان قبضے میں لینا قابل مذمت ہے ۔ رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ
حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ کے تمام دکاندار باقاعدہ ٹیکس ادا کرتے ہیں ، وہ تمام سامان قانونی طریقے سے خریدتے ہیں جن کی رسیدیں ان کے پاس موجود ہیں
قائدتحریک الطاف حسین حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ کے دکانداروں کے ساتھ مکمل ہمدردی اوریکجہتی کا اظہارکرتے ہیں اور ان کے جائزمؤقف کی حمایت کرتے ہیں
حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ کے تاجروں کوہراساں کرنابند کیا جائے، ان کالوٹا ہوا قانونی سامان واپس کیاجائے ۔رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ
لندن … 7 مارچ 2025ئ
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ میں کسٹمز، رینجرزاورپولیس کے چھاپے، تاجروں کے ساتھ ظالمانہ سلوک اور دکانوں سے کروڑوں روپے کاسامان قبضے میں لینے کی شدیدمذمت کی ہے ۔ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن سے جاری کردہ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ روز کسٹمزکے اہلکاروں نے بغیرکسی نوٹس کے پولیس اوررینجرز کے ساتھ حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ پر دھاوابولااور دکانوں پر موجود کروڑوں روپے کے موبائل فون لوٹ لئے ۔ دکانداروں نے اس غیرقانونی عمل پر احتجاج کیاتوسرکاری اہلکاروں نے ان پرتشددکیا، ان کے ساتھ بہیمانہ سلوک کیاجس کی وجہ سے ایک تاجر کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
رابطہ کمیٹی نے کسٹمز پولیس اوررینجرزکی اس کارروائی کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسٹمز حکام کوکسی دکاندار کے خلاف کسی غیرقانونی عمل کی کوئی شکایت تھی تواس سلسلے میں مارکیٹ ا یسوسی ایشن کے ذمہ داران کواعتماد میں لیا جاسکتا تھا ، پوری مارکیٹ پر دھاوابولنا، دکانوں پر سامان کی لوٹ مار کرنااور تاجروں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کرناکسی بھی طرح درست اور جائزقرارنہیں دیاجاسکتا۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ کے تمام دکاندارفائلر ہیں اور باقاعدہ ٹیکس اداکرتے ہیں ، وہ کراچی کی بڑی مارکیٹ سے سامان قانونی طریقے سے خریدتے ہیں جن کی رسیدیں بھی ان کے پاس موجودہیں۔ پورٹس اورکسٹمز میں نگرانی رکھنے کے بجائے چھوٹے دکانداروں اورٹیکس دینے والے تاجروں کو نشانہ بناناسراسرزیادتی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائدتحریک جناب الطاف حسین حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ کے دکانداروں کے ساتھ مکمل ہمدردی اوریکجہتی کا اظہارکرتے ہیں اور ان کے جائزمؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ حیدرآباد کی موبائل مارکیٹ کے تاجروں کوہراساں کرنابند کیا جائے، ان کالوٹاہواقانونی سامان واپس کیاجائے ۔