دریائے سندھ میں چھ کینال نکالنے کا منصو بہ سندھ کواس کے پانی کے حق سےمحروم کرنے کاایک مذموم اقدام ہے۔ رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ
کینال کے معاملے پر بانی وقائد الطاف حسین اہل ِسندھ کے ساتھ ہیں۔ رابطہ کمیٹی
دریائے سندھ پر مزید کینال بنانے سے سندھ کے بنجر بن جانے کا شدید خدشہ ہے
دریائے سندھ پر کینال بنانے کے ایشو پر پیپلزپارٹی عوام کوبیوقوف بنارہی ہے
آصف زرداری نے صدرکی حیثیت سے خود اس سندھ دشمن منصوبے کی منظوری دی ہے
دریائے سندھ پر مزید چھ کینال تعمیر کرنے کا سندھ دشمن منصوبہ ترک کیاجائے اورسندھ کواس کاجائزحق دیاجائے ۔ رابطہ کمیٹی
لندن…25 جنوری2025ئ
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے دریائے سندھ میں چھ کینال نکالنے کے منصوبے کی شدیدمذمت کی ہے اوراسے سندھ کواس کے پانی کے حق سے محروم کرنے کاایک مذموم اقدام قراردیاہے۔ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوبہ سندھ کوپہلے ہی 1991 ء کے واٹراکارڈ کے مطابق پانی میں اس کاجائز حصہ نہیں مل رہاہے اوراب دریائے سندھ میں مزید چھ کینال بنائی جارہی ہیں جس کا مقصد سندھ کواس کے پانی سے مزید محروم کرنا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس سے قبل بھی دریائے سندھ پر گریٹرتھل کینال اور مختلف چھوٹی چھوٹی کینال بنائی چاچکی ہیں اوراب مزید کینال بنانے سے مستقبل میں صوبہ سندھ کے بنجر بن جانے کاشدید خدشہ ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وفاق کی جانب سے دریائے سندھ پر چھ کینال بنانے کے منصوبے پر پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کوبیوقوف بنارہی ہے کیونکہ آصف زرداری نے صدرمملکت کی حیثیت سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر خود اس سندھ دشمن منصوبے کی منظوری دی ہے اوراب پیپلزپارٹی سینیٹ اورقومی اسمبلی میں اس سندھ دشمن منصوبے پر دکھاوے کااحتجاج کررہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس معاملے پر بانی وقائدجناب الطاف حسین سندھ دھرتی کے عوام کے ساتھ ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ دریائے سندھ پر مزید چھ کینال تعمیر کرنے کا سندھ دشمن منصوبہ ترک کیاجائے اورسندھ کواس کاجائزحق دیاجائے ۔