میں 11اکتوبرکوخیبرایجنسی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے زیراہتمام منعقد کئے جانے والے تین روزہ پشتون قومی جرگہ کی قراردادوں اورمطالبات کی مکمل حمایت کرتاہوں-الطاف حسین
میں 11اکتوبرکوخیبرایجنسی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے زیراہتمام منعقد کئے جانے والے تین روزہ پشتون قومی جرگہ کی قراردادوں اورمطالبات کی مکمل حمایت کرتاہوں اوروفاقی حکومت، خیبرپختونخوا حکومت اورفوج کی قیادت سمیت تمام ارباب اختیارسے مطالبہ کرتاہوں کہ وہ پشتون قوم کے رہنماؤں، مشرانوں اورقبائلی بزرگوں اورتمام عوام نے تین روزہ جرگہ میں جو قراردادیں منظور کی ہیں اورجو مطالبات پیش کئے ہیں ان پر عمل کیاجائے ۔
میں بھرپوراورکامیاب جرگہ پر پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظورپشتین، پی ٹی ایم کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اورپوری پشتون قوم کوزبردست مبارکبادپیش کرتاہوں ۔ میں پی ٹی ایم کے غیرت منداوربہادر کارکنوں اور تمام پشتون نوجوانوں اوربزرگوں کو شاباش پیش کرتاہوں کہ وہ اورتمام ترپابندیوں، رکاوٹوں اورسیکوریٹی فورسز کی فائرنگ کے باوجود ڈٹے رہے اورانہوں نے حکومت واسٹیبلشمنٹ کوگھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیااورکامیاب پشتون جرگہ کے انعقاد کوممکن بنایا۔
پشتون قومی امن جرگہ میں شرکت کرنے والے رہنماؤں، مشرانوں اورقبائلی عمائدین نے امن اوراپنے حقوق کے لئے جو قراردادیں منظورکی ہیں میں ان قراردادوں کی مکمل او رغیرمشروط حمایت کرتاہوں اور ان قراردادوں اورمطالبات کی منظوری میں ان کے ساتھ ہوں۔
میں پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظورپشتین اورپی ٹی ایم کے تمام رہنماؤں اورقبائلی عمائدین کا شکریہ کرتاہوں کہ انہوں نے ایم کیوایم کی صوبائی کمیٹی کے رکن انورخان ترین ، دیگرپشتون کارکنوں کو پشتون قومی جرگہ میں شرکت کے لئے دعوت دی، جرگہ میں ان کابھرپورخیرمقدم کیا، انہیں جرگہ کے اسٹیج پر بلایا، جرگہ کی قراردادوں پرمشاورت میں انہیں شامل کیااوران قرردادوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں تمام جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی میں ایم کیوایم کی صوبائی کمیٹی کے رکن انورخان ترین کوشامل کیا اوران کی عزت افزائی کی۔
میں منظورپشتین سمیت پی ٹی ایم کے تمام رہنماؤں اورقبائلی عمائدین کویقین دلاتاہوں کہ جب جب آپ پر ظلم ہوگاایم کیوایم کے گمنام پشتون کارکنان آپ کے ساتھ ہوں گے۔
میں منظورپشتین اورپی ٹی ایم کے تمام رہنماؤں کوپیغام دیتاہوں کہ وہ پشتون جو پشتون قومی جرگہ کے دوران سیکوریٹی فورسز کی فائرنگ سے شہیدوزخمی ہوئے، جنہوں نے پشتون قومی جرگہ کے انعقاد کے لئے اپنی جانیں قربان کیں،ان شہیدوں کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خیبرایجنسی میں اسی میدان میں جہاں یہ پشتون شہید ہوئے ،ان شہیدوں کی یادگار ضروربنائیں اوراسے '' یادگارِ شہدائے پشتون قومی امن جرگہ '' کانام دیاجائے۔
میں پشتون قومی امن جرگہ میں شرکت کرنے اوروہاں تحریک کاپیغام پہنچانے پر اپنے تمام پشتون کارکنوں اورذمہ داروں کوزبردست خراج تحسین پیش کرتاہوں۔