بلاول زرداری سندھ میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف فوجی آپریشن کیوں نہیں کراتے ؟ الطاف حسین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لندن۔۔۔9، جولائی 2024
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے فوج سے صوبہ خیبرپختونخوا ، بلوچستان اورگلگت بلتستان میں آپریشن کرنے کی درخواستیں کررہے ہیں۔ اگر امن کے لئے فوجی آپریشن ہی حل ہے تو بلاول زرداری سندھ میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اوراغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والوں کے خلاف فوجی آپریشن کرائیں جہاں مسلح ڈاکو، لوگوں کو قتل اوراغواء کرکے ان کی وڈیو بناکرجاری کررہے ہیں ، تاوان میں اربوں روپے کما رہے ہیں ، کچے کے ڈاکوؤں نے سندھ کے عوام کا جینا حرام کردیا ہے،بلاول زرداری کا تعلق سندھ سے ہے اوراگر وہ واقعی سندھ کے عوام کے سچے ہمدرد ہوتے تو وہ سب سے پہلے کچے کے علاقے میں فوجی آپریشن کراتے ۔وہ پختونوں اوربلوچوں کوفوجی آپریشن میں مارنے کی حمایت توکررہے ہیں لیکن کچے کے علاقوں میں اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرنے، ڈکیتیاں کرنے، پولیس پر حملے کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف ان کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلتا کیونکہ کچے کے ڈاکو ان کے اپنے ڈاکو ہیں ۔
بلاو ل زرداری نے گلگت میں ایک فوجی افسر کی جانب سے قبائلی عمائدین کوایک اجلاس سے خطاب میں دی گئی دھمکیوں پرتوکوئی اعتراض نہیں کیا بلکہ الٹاوہ وہاں فوجی آپریشن کرنے کی حمایت کررہے ہیں۔ یہ دھمکیاں صرف گلگت کے عمائدین کو نہیں بلکہ پورے خیبرپختونخوا کے عوام کے لئے ہیں لیکن اب گلگت بلتستان اور قبائلی علاقہ جات کے عوام جاگ چکے ہیں ۔
بلاول زرداری کیابھول گئے کہ ان کے نانا ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان دولخت کرنے میں فوجی جرنیلوں کی مدد کی تھی لیکن جرنیلوں نے بھٹو کواس کا کیاصلہ دیا؟ ذوالفقارعلی بھٹو نے میرٹ کو بالائے طاق رکھ کر جنرل ضیاء الحق کو چیف آف آرمی اسٹاف بنایالیکن جنرل ضیاء الحق نے بلاول کے نانا کو اس کا کیاصلہ دیا؟ بھٹوکوپھانسی دی، پیپلزپارٹی کے خلاف آپریشن کیا، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو کس کے دور میں کوڑے لگائے گئے اور پھانسیاں دی گئیں ؟
پھر بلاول زرداری کی والدہ محترمہ بے نظیربھٹو صاحبہ جلاوطنی کے بعدجب وطن واپس آئیں تو انہوں نے فوج کی فرمانبرداری کرتے ہوئے ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث فوج اورپولیس کے افسران کوترقیاں دیں ، بے گناہ شہریوں کے قاتل راؤ انوار نے خود اعتراف کیاہے کہ بے نظیربھٹو کے کہنے پر اس نے فاروق پٹنی سمیت ایم کیوایم کے چارکارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا۔ اس کاصلہ فوجی جرنیلوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کوکیا دیا؟ بلاول کے ماموں شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کو کیاصلہ دیاگیا؟ آج بلاول زرداری بھی محض وزیراعظم بننے کیلئے فوجی جرنیلوں کی کاسہ لیسی کر رہے ہیں اور جرنیلوں کے ناجائز اقدامات کا ساتھ دے رہے ہیں لیکن انہیں اس کا انجام بھی یاد رکھنا چاہیے۔
٭٭٭٭٭