ایم کیوایم ، ملک بھرکے مظلوم عوام کی تحریک ہے، قائد تحریک الطاف حسین
میری جدوجہد مظلوم ومحکوم عوام کو فوج کے ظلم وجبر سے آزادی دلانے کیلئے ہے
اگرساتھیوں کی بیگمات نے ان کا ساتھ نہ دیا ہوتا تو وہ جدوجہد جاری نہ رکھ پاتے
تحریکی ساتھیوں کا ساتھ دینے پر خواتین کو دل کی گہرائی سے شاباش پیش کرتا ہوں
نوجوان بچے اوربچیاں، ایم کیوایم کے پیغام کو سمجھیں ، ایم کیوایم کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور حق پرستی کے پیغام کو فروغ دینے کیلئے اپنے والد کوسپورٹ کریں
جوہانسبرگ ، ساؤتھ افریقہ میں سالگرہ کی شاندار تقریب کے شرکاء سے قائد تحریک الطاف حسین کا ٹیلی فونک خطاب
لندن۔۔۔18، ستمبر2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ، ملک بھرکے مظلوم عوام کی تحریک ہے اور تمام محکوم قوموںکو استحصالی قوتوں کی غلامی سے نجات دلانے کی جدوجہد کررہی ہے ۔ یہ بات انہوںنے گزشتہ روز ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ یونٹ کے تحت جوہانسبرگ میں منعقدہ اپنی 70 ویں سالگرہ کی تقریب کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ کے سینٹرل آرگنائزر محمد یوسف، آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان ، جوہانسبرگ، ڈربن اور کیپ ٹاؤن چیپٹرز کے ذمہ دران ،کارکنان اور ہمدرد بزرگوں ، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
اس موقع پر تقریب کے شرکاء بالخصوص خواتین اور معصوم بچوں نے جناب الطاف حسین کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ، سالگرہ کے گیت گائے اور فلک شگاف نعرے لگاکرجناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کااظہارکیا۔
اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ 19، جون1992ء کو ایم کیوایم اورمہاجروں کے خلاف فوجی آپریشن کاآغاز ہوا توفوج نے اپنے حقوق کی جدوجہد کرنے والے ساتھیوں کاپاکستان میں جینا مشکل بنادیا تھا ، فوجی آپریشن کے دوران ہزاروں کارکنان شہید کردیئے گئے اور بہت سے ساتھیوں کو مختلف ممالک میں جلاوطن ہونا پڑا، اسی طرح ساتھیوں کی بہت بڑی تعداد اپنی جان کے تحفظ کیلئے ساؤتھ افریقہ بھی پہنچی ، اس وقت جلاوطنی اختیار کرنے والے ساتھی غیرشادی شدہ تھے ، پھر ان کی شادیاں ہوئیں اور اب ان کی اولادیں جوان ہوچکی ہیں جبکہ بہت سے ساتھی آج دادا یا نانا بھی بن چکے ہیں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ تحریک کے مخلص ساتھیوں نے شادی کے بعد بھی اپنے عہدوفاکاپاس رکھا اور ثابت قدمی سے حقوق کی جدوجہد کرتے رہے ۔ جس طرح ان تحریکی ساتھیوں کی عمر بڑھتی گئی اسی طرح آج میری عمربھی 70 برس ہوچکی ہے لیکن نہ تو الطاف حسین نے اپنی جدوجہد کا راستہ ترک کیا اور نہ ہی تحریک کے مخلص ساتھی، ساؤتھ افریقہ میں ملازمت اور گھریلو ذمہ داریوں کے باوجود اپنی جدوجہد سے باز آئے ۔ اگر تحریکی ساتھیوں کی بیگمات نے ان کا ساتھ نہ دیا ہوتا تو وہ تحریکی جدوجہد جاری نہ رکھ پاتے اور تحریک کی بدولت دنیاکے مختلف ممالک میں اسائلم لینے والے دیگر افرادکی طرح تحریک، نظریئے اور اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو بھول چکے ہوتے ،تحریکی ساتھیوں کا ساتھ دینے پر میں اپنی بہوؤں، بہنوں اوربیٹیوں کے سروں پر دست ِ شفقت رکھ کر انہیں دل کی گہرائی سے شاباش پیش کرتا ہوں۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ، پاکستان کی مظلوم قومیتوں کا گلدستہ ہے ، ایم کیوایم صرف مہاجروں کی تحریک نہیں بلکہ ملک بھرکے مظلوم بلوچوں، پختونوں، سندھیوں ، سرائیکیوں، کشمیریوں ، گلگتیوں ، بلتستانیوں اور ہزاروال کی بھی تحریک ہے اورمیری جدوجہد ملک بھرکے مظلوم ومحکوم عوام کو فوج کے ظلم وجبر سے آزادی دلانے کیلئے ہے ۔
جناب الطاف حسین نے تقریب میں شریک خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کی جدوجہد میں آپ کے شوہروں کے ساتھ ساتھ آپ کا بھی بہت بڑا کردار ہے لہٰذا آپ اپنے بچوں کو نہ صرف تحریک کے فکر وفلسفہ اور اغراض ومقاصد سے آگاہ کریں بلکہ انہیں یہ بھی بتائیں کہ کن وجوہات کی بناء پران کے والد کو جلاوطن ہونا پڑا، انہوںنے حقوق کی جدوجہد میں کن کن مشکلات کا سامناکیا،بچوں کی پرورش اور گھریلوں ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ انہوںنے کس طرح تحریکی کام جاری رکھا اور آج تک جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ تحریک کی تاریخ سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے ۔
جناب الطاف حسین نے نوجوان بچوں اور بچیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب اپنے قائد الطاف حسین کی جدوجہد اور ایم کیوایم کے پیغام کو سمجھیں ، ایم کیوایم کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور حق پرستی کے پیغام کو فروغ دینے کیلئے اپنے والد کوسپورٹ کریں ۔جناب الطاف حسین نے نوجوان بچوں اور بچیوں کو ڈھیروں دعائیں دیتے ہوئے تلقین کی آپ حصول علم پر بھرپورتوجہ مرکوز رکھیں، اپنے والدین ، اساتذہ اور بزرگوں کا احترام کریں اور تحریک کے فکروفلسفے کوپھیلانے میں اپنابھرپورکردار ادا کریں۔
جناب الطاف حسین نے جوہانسبرگ میں شاندار پروگرام کے انعقاد پر ساؤتھ افریقہ کے سینٹرل آرگنائزر محمد یوسف اور آرگنائزنگ کمیٹی کے تمام ارکان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن علی طراوش، شہید کارکنان کی بیواؤں ، بچوں اور تقریب کے دیگر شرکاء بالخصوص بچوں اوربچیوں نے فرداً فرداً جناب الطاف حسین سے گفتگو کی اور انہیں ان کی 70 ویں سالگرہ کی دلی مبارکباد بھی پیش کی ۔ بعض خواتین نے سالگرہ کی مناسبت سے گیت گائے اور جناب الطاف حسین کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے اس موقع پر خواتین اور بچوں کا جوش وخروش قابل دید تھا۔
جناب الطاف حسین نے سالگرہ کی مبارکباد دینے والے کارکنان اوران کے اہل خانہ کو بھی مبارکباد دی اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے دعائیں بھی کیں۔
٭٭٭٭٭