ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کے حق میں برطانیہ کی معزز عدالت کاتاریخی فیصلہ
برطانیہ کی معززجیوری نے اشتعال انگیز تقریراور عوام کو دہشت گردی پر اکسانے کے الزامات سے باعزت بری کردیا
میری اس فتح میں میراکوئی کریڈٹ نہیں، تمام کریڈ ٹ خداتعالی کوجاتاہے جوسب سے عظیم اورسب سے بڑامنصف ہے
میں برطانوی عدالتی نظام پر یقین رکھتا ہوںاوراس کادل سے احترام کرتاہوں
جیوری نے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ دیا، میں ہاتھ جوڑ کران کاشکریہ اداکرتاہوں
میری جدوجہداپنی ذات کیلئے نہیں محروم ومظلوم عوام کے حقوق کے لئے ہے
میں احترام انسانیت، برداشت، رواداری اورانسانی حقوق پر یقین رکھتاہوں، میںہرقسم کے racism اورمذہبی جنونیت کے خلاف ہوں،میں رنگ ، نسل، جنس، زبان، مذہب اور عقیدے کی بنیادپر انسانوںسے نفرت کے خلاف ہوں، میں خواتین کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک اورچائلڈ لیبر کے خلاف ہوں
میں نے مہاجر کاز پرنہ کوئی معذرت کی تھی ، نہ کرتاہوں چاہے میری جان ہی کیوں نہ چلی جائے، میں نے نہ کبھی مہاجرکاز کاسودا کیاہے ، نہ کروںگااوراس جدوجہدپر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگوں گا
فوج ، آئی ایس آئی، ایم آئی اورتمام مقتدراداروں سے درخواست کرتاہوں خداکے لئے جاگیردارانہ ، وڈیرانہ، سردارانہ نظام ختم کرواورعوام کی سچی حکومت قائم کرو
پاکستان کے اداروں اور تمام سیاستدانوں سے کہتاہوں کہ خدارا پاکستان کے غریب اور محروم عوام کے لئے سوچئے
قائدتحریک الطاف حسین کی لندن میں عدالت کے فیصلے کے بعد میڈیاسے گفتگو
لندن 17 فروری 2022ئ
ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کوبرطانیہ کی معززجیوری نے اشتعال انگیز تقریراور عوام کو دہشت گردی پر اکسانے کے الزامات سے باعزت بری کردیا ہے ۔ 16روز تک جاری رہنے والے ٹرائل کے بعدمنگل کو معزز جیوری کی جانب سے انہیں تمام الزامات سے باعزت بری کئے جانے کے تاریخی فیصلے کے بعد جناب الطاف حسین کنگسٹن کران کورٹ سے باہر آئے تووہاں ایم کیوایم کے کارکنوںکی بڑی تعدادموجودتھی جواس تاریخی فیصلے پر پرجوش تھے۔عدالت کے باہر مختلف الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیاکے نمائندوں کے ساتھ ساتھ جیوری کے چندارکان بھی جناب الطاف حسین کو دیکھنے کے لئے وہاں موجودتھے۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں سب سے پہلے اللہ تعالی کاشکراداکرتاہوں، میری اس فتح میں میراکوئی کریڈٹ نہیں، تمام کریڈ ٹ خداتعالی کوجاتاہے جوسب سے عظیم اورسب سے بڑامنصف ہے ،جس نے مجھے فتح نصیب کی ۔ میں اپنے چاہنے والی ماںبہنوں،بیٹیوں، بیٹوں،بچوں، وفاپرست ساتھیوںاورایک ایک پاکستانی جو کسی بھی صوبے میں بستاہو، جس نے میرے لئے دعائیں کیں میں اس کاشکرگزارہوں۔
جب میڈیاکے نمائندوں نے جناب الطاف حسین کووہاں جیوری کے ارکان کی موجودگی کے بارے میں بتایاتوجناب الطاف حسین نے جیوری کے ارکان کوہاتھ جوڑ کر اورسرجھکاکران کاشکریہ اداکیااورکہاکہ میں برطانوی عدالتی نظام پر یقین رکھتا ہوںاوراس کادل سے احترام کرتاہوں۔انہوںنے کہاکہ خدانے مجھے اس جیوری کے ذریعے سرخروکیا ۔ انہوں نے کہاکہ میں جیوری کے ارکان کونہیں جانتا، جیوری نے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ دیا۔جناب الطاف حسین نے جیوری کے ارکان کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں واضح کرناچاہتاہوں کہ میری جدوجہد ان محروم ومظلوم عوام کے حقوق کے لئے ہے جن پر ظلم کیاگیا ہے، جو اپنے حقوق سے محروم ہیں ، جن کی کوئی آوازنہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ میں احترام انسانیت، برداشت، رواداری اورانسانی حقوق پر یقین رکھتاہوں، میںہرقسم کے racism اورمذہبی جنونیت کے خلاف ہوں،میں رنگ ، نسل،جنس، زبان، مذہب اور عقیدے کی بنیادپر انسانوںسے نفرت کے خلاف ہوں، میں خواتین کے ساتھ کئے جانے والے غیرمنصفانہ سلوک اورچائلڈ لیبر کے خلاف ہوں، میں زندگی کے ہرشعبہ میں خواتین کو مساوی حقوق دینے کا سخت حامی ہوں۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں حق پرتھا، حق پرہوں۔ میرے منہ سے پاکستان کے لئے جوجملے نکلے تھے میں نے اس پر معذرت کی تھی، میں نے مہاجر کاز پرنہ کوئی معذرت کی تھی ، نہ کرتاہوں چاہے میری جان ہی کیوں نہ چلی جائے، میں نے نہ کبھی مہاجرکاز کاسودا کیاہے ، نہ کروںگااوراس جدوجہدپر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگوںگا۔ میں مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد کررہا تھا ، آج بھی کررہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ میرے لئے صبح روزانہ کورٹ آناجانابہت مشکل تھا لیکن اللہ تعالی نے تمام وفاپرستوںاورچاہنے والوں کی دعاںسے میرے اندرہمت اورطاقت دی، میں نے ہمت ا ورحوصلے کے ساتھ ٹرائل کاسامناکیا، میں نے سچ اورحق کی بات کی ، میں نے زندگی میںکبھی بھی اپنی ذات کے لئے کچھ نہیں کیا بلکہ ہمیشہ محروم عوام کے حقوق کے لئے بات کی،آج بھی میں پاکستان کے اداروںاور تمام سیاستدانوںسے کہتاہوں کہ خدارا پاکستان کے غریب اور محروم عوام کے لئے سوچئے ،مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے، غریبوں کے پاس ایک وقت کی روٹی نہیں ہے، پینے کاپانی، بجلی گیس نہیں ہے ، عوام طرح طرح کے مسائل کاشکار ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے فوج ، آئی ایس آئی، ایم آئی اورتمام مقتدراداروں سے درخواست کرتے ہوئے کہا خداکے لئے جاگیردارانہ ، وڈیرانہ، سردارانہ نظام ختم کرواورعوام کی
سچی حکومت قائم کرو۔
اپنے اوپرعائد پابندی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ حکومت پاکستان اورپاکستان کی عدالتوںکوسوچناچاہیے کہ یہاں صرف ججز اورپروسیکیوشن کے لوگ نہیں تھے ،یہاںجیوری کے ممبران تھے جنہیں میں نے کبھی نہیں دیکھاتھا، انہوں نے مجھے سنااوراپنے ضمیرکے مطابق فیصلہ دیتے ہوئے مجھے بے گناہ قراردیا، لہذا حکومت پاکستان کوبھی مجھ پر عائد پابندیوںکو ختم کرناچاہیے۔
جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب کے آخر میں اپنے تمام چاہنے والوں کے لئے اپناپیارپیش کیا۔ انہوںنے ٹرائل کے دوران وہاں کوریج کے لئے باقاعدگی سے آنے والے صحافیوںکوبھی خراج تحسین پیش کیا۔
٭٭٭٭٭