کراچی میں علمائے کرام کے تواتر کے ساتھ قتل کے واقعات کسی خوفناک سازش کا حصہ معلوم ہوتے ہیں ۔ الطاف حسین
عوام ہوشیار رہیں ، عوام امن دشمن عناصر کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں اورمحلہ کمیٹیاں تشکیل دیں
علمائے کرام کو تحفظ فراہم کیاجائے۔ حکومت سے ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین کامطالبہ
لندن…22مارچ 2023ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کراچی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام کے سفاکانہ قتل کے واقعات کی سخت مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں مختلف واقعات میں تین جید علما ئے کرام کا سفاکانہ قتل قابل مذمت ہے ۔سفاک قاتل مسلمان مسلمان تو کجا انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔جناب الطاف حسین نے علمائے کرام کے قتل کے واقعات پرگہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں علمائے کرام کے تواتر کے ساتھ ہونے والے قتل کے واقعات کسی خوفناک سازش کا حصہ معلوم ہوتے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہوشیار رہیں ، علمائے کرام اور عوام امن دشمن عناصر کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں اورمحلہ کمیٹیاں تشکیل دیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ تمام علمائے کرام کو تحفظ فراہم کیاجائے۔
٭٭٭٭٭