ایم کیوایم پر جرائم کے بہتان لگانے والے جواب دیں کہ ملک میں دہشت گردی،چوری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز اور قتل وغارتگری کی وارداتیںاب کون کررہاہے ؟ الطاف حسین
ملک میں'' امن عامہ '' نام کی چیز کا وجودکیوں نظر نہیں آتا؟
ملک میں سیاسی وآئینی بحران کیوں ہورہے ہیں ؟
سرحدوںاورفوجی چوکیوںپرحملے روزمرہ کامعمول کیوں ہیں؟
پاکستان ڈیفالٹ کے کنارے پر کیوں اورکن عناصر یا قوتوں
یا لیڈروں کی وجہ سے پہنچ چکاہے؟
غریب عوام پانی، بجلی اور گیس سے محروم کیوں ہیں؟
ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کے حقائق پرمبنی سوالات
لندن…23دسمبر 2022ئ
ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پر جرائم کے بہتان اورالزامات لگانے والے اب جواب دیں کہ اب ملک میں جاری دہشت گردی، روزانہ کی بڑھتی ہوئی چوری چکاری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز،قتل وغارتگری کی وارداتیں کون کررہاہے ؟ جناب الطاف حسین نے یہ سوال جمعہ کوٹیوٹر پر جاری ہونے والے اپنے بیان میں اٹھایا۔ اپنے بیان میں انہوںنے ملک کے موجودہ حالات کے بارے میں حقائق پرمبنی سوالات اٹھائے ۔
جناب الطاف حسین نے ملک میں دہشت گردی اورقتل کے واقعات پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ اور اس سے بالواسطہ یا بلاواسطہ منسلک اہم متعصب شخصیات نے میرے خلاف من گھڑت پروپیگنڈہ کرکے ہربرائی، دہشت گردی، بھتہ خوری اور امن عامہ کی خرابی کاذمہ دار مجھے ٹھہرایا ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ گزشتہ سات برسوںسے میری تحریر، تقریر، تصویر حتیٰ کہ میرانام تک لینے پر پابندی عائد ہے۔22 اگست 2016ء سے آج تک میری قائم کردہ جماعت ایم کیوایم پر سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے پر مکمل پابندی عائد ہے اورسات برسوں سے میراگھرالمعروف ''90'' سیل کیاہواہے۔انہوں نے عوام سے سوال کیاکہ گزشتہ سات برسوں سے ملک میں جاری دہشت گردی، روزانہ کی بڑھتی ہوئی چوری چکاری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز، قتل وغارتگری کی وارداتیں کیوں ہورہی ہیں؟ انہوں نے سوال کیاکہ ملک میںوقفہ وقفہ سے سیاسی وآئینی بحران کیوں ہورہے ہیں اوریہ سب کچھ کون کروارہاہے؟ آج تباہ کن معاشی صورتحال کے سبب پاکستان ڈیفالٹ کے کنارے پر کیوں اورکن عناصر یا قوتوں یا لیڈروں کی وجہ سے پہنچ چکا ہے؟ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مہنگائی نے 75 سالوں کا ریکارڈتوڑ دیاہے ،لوگ بیروزگاری،غربت وتنگدستی اور مفلوک الحالی کے سبب خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ،پانی، بجلی اور گیس کی بنیادی سہولتیں غریب عوام کے لئے نایاب ہیں ۔آخر یہ صورتحال کیوں ہے۔جناب الطاف حسین نے پاکستان کے مختلف شہروںمیں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ملک میں'' امن عامہ '' نام کی چیز کا وجود نظر نہیں آتا، روز سرحدوں پرحملے ہورہے ہیں،فوجی چوکیوں پر حملے روزانہ کامعمول بن چکے ہیں، خودکش حملوںاوربم دھماکوں میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے سوال کیاکہ آخر یہ سب کچھ کون اورکیوں کروارہاہے؟انہوں نے کہاکہ مجھ پراور مظلوموں ، محروموں اور غریبوں کے حقوق کی جدوجہد کرنے والی میری سیاسی جماعت ایم کیوایم پر مکمل پابندی ہے جبکہ ہر سیاسی ومذہبی جماعت اوران کے لیڈروں کوجلسے جلوس کرنے اور اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مجھے اور میری جماعت کو ہرخرابی کا ذمہ دار قرار دینے والے بتائیں کہ اب میری اور میری جماعت کی غیرموجودگی میں ملک میں بدامنی ، جرائم ، دہشت گردی اورخودکش حملے اورلوٹ مار کی وارداتیں کیسے ہورہی ہیں اور کون کروارہاہے ؟ جناب الطاف حسین نے عوام سے گزارش کی کہ وہ براہ کرم ان کے اٹھائے گئے سوالات پر اپنی رائے ضرور دیں۔
٭٭٭٭٭