متحدہ قومی موومنٹ کے 25ویں یوم تاسیس پر تحریک کے تمام کارکنوں اورہمدردوں کوبانی وقائد الطاف حسین کی مبارکباد
26جولائی 1997ء کو عہدیداروں اورکارکنوں کی مشاورت سے تحریک کادائرہ ملک گیر سطح پر بڑھاتے ہوئے مہاجرقومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کردیا گیاتھا
لندن…26 جولائی 2022ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے متحدہ قومی موومنٹ کے 25ویں یوم تاسیس پر تحریک کے تمام کارکنوں اورہمدردوں کومبارکبادپیش کی ہے ۔ یاد رہے کہ 26جولائی 1997ء کوتحریک کے عہدیداروں اورکارکنوں کی مشاورت سے تحریک کادائرہ ملک گیر سطح پر بڑھاتے ہوئے مہاجرقومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کردیا گیا تھا ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے 25ویں یوم تاسیس پرتحریک کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے پاکستان کے چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے ساتھ ساتھ اوورسیزمیں موجودتحریک کے تمام کارکنوں،ذمہ داروںاورتمام مظلوموں کومبارکبادپیش کی ہے اور کہاہے کہ ایم کیوایم کی جدوجہد کل بھی مہاجروںسمیت ملک کی تمام نسلی ولسانی اکائیوںسے تعلق رکھنے والے محروم ومظلوم عوام کے حقوق کے لئے تھی اورآج بھی ہے ، ہمارا شروع دن سے یہی مؤقف تھااورہم آج بھی یہی چاہتے ہیں کہ ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ختم ہونا چاہیے اورملک کے تمام غریب ومظلوم عوام کوان کے جائز حقوق اورجائزمقام ملناچاہیے اورتمام قوموں کے ساتھ مساوی سلوک ہونا چاہیے ۔ جناب الطاف حسین نے اس موقع پر تحریک کے تمام شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کیااورتحریک کے اسیروں، لاپتہ ،روپوش اورجلاوطن کارکنوں کو ان کی ثابت قدمی ومستقل مزاجی پر سلام تحسین پیش کیا۔
٭٭٭٭٭