حق پرست اراکین سندھ اسمبلی کی کراچی میں سانحہ پشاور کے خلاف گرجا گھروں میں منعقدہ دعائیہ تقاریب اور مسیحی آبادیوں میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں میں شرکت
سانحہ پشاور ملک میں جاری دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی کی مظاہروں میں مسیحی مذہبی رہنماؤں سے گفتگو
مسیحی مذہبی رہنماؤں نے دعائیہ تقاریب میں شرکت اور سانحہ پشاور پر تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرنے پر جناب الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا
کراچی ۔۔۔23، ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے آل سینٹ چرچ پشاور میں خود کش دھماکوں کے ذریعے درجنوں مسیحی نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کو ہلاک و زخمی کرنے کے سانحہ کے خلاف کراچی کے گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں میں منعقدہ دعائیہ تقاریب اور احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔ اس موقع پر حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے سانحہ پشاور کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور مسیحی مذہبی رہنماؤں کو قائد تحریک جناب الطاف حسین کا پیغام پہچایا ۔ تفصیلات کے مطابق حق پرست منتخب عوامی نمائندوں نے نیو کراچی ٹاؤن میں میتھیاس کیتھولک چرچ ، سینٹ پال چرچ آف پاکستان ، اورنگی ٹاؤن غازی آباد میں واقع کیتھولک چرچ کے علاوہ ملیر ٹاؤن ، گڈاپ ٹاؤن ، گلشن اقبال ، صدر ٹاؤن ،لیاقت آباد ٹاؤن، کورنگی ٹاؤن ، جمشید ٹاؤن ، لانڈھی ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں قائم گرجا گھروں میں منعقدہ دعائیہ تقاریب میں شرکت کی جبکہ حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن ، صدر ٹاؤن ، جمشید ٹاؤن کی اعظم بستی اور نیشنل ہائی وے سمیت دیگر شہر کے دیگر مقامات پر عیسائی کمیونٹی کے تحت ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوئے اور سانحہ پشاور پر احتجاجی مظاہرین سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کااظہار کیا۔ اس دوران حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ سانحہ پشاور ملک میں جاری دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اوردنیا کا کوئی بھی مذہب اور پرامن ملک دہشت گردی اور بربریت کے اس سانحہ کو انسانیت کیلئے بڑا خطرہ قرار دیئے بغیر نہیں رہ سکتا ۔ اس موقع پر فادر تھامس گلفام ، پادری ایڈون نذیر ، بشپ جیمس پال اور دیگر نے حق پرست عوامی نمائندوں کی دعائیہ تقریب میں شرکت اور سانحہ پشاور پر یکجہتی کا اظہار کرنے پر قائد تحریک جناب الطاف حسین کا شکریہ بھی ادا کیا۔