پشاور کے چرچ میں خود کش بم دھماکے کے خلاف عزیز آباد نمبر 8 میں منعقدہ مسیحی برادری کے احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کے رکن صوبائی اسمبلی خالد بن ولایت اور اقلیتی امور کمیٹی کے انچارج عبد الاحد کی شرکت
ایم کیوایم کے وفد نے پشاور سانحہ پر مظاہرین سے جناب الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا
مظاہرے کے شرکاء ایم کیوایم کے وفد کی اپیل پر پرامن طور پر منتشر ہوگئے
کراچی ۔۔۔22، ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی خالد بن ولایت اور ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے انچارج عبد الاحد نے پشاور کے چرچ میں خود کش بم دھماکے کے خلاف عزیز آباد نمبر 8کمپری ہینسو اسکول پر منعقدہ مسیحی برادری کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور مسیحی رہنماؤں اور عوام سے پشاور سانحہ پر قائد تحر یک جناب الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ خالد بن ولایت اور عبد الاحد نے احتجاجی مظاہرے میں مسیحی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پشاور چرچ میں خود کش بم دھماکہ بد ترین دہشت گردی ہے اور ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین ، کارکنان اور ہر پاکستانی اس سانحہ پر مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کا شریک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پشاور کے چرچ میں خود کش بم دھماکے میں ہلاک افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کل بروز پیر ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر شمعیں روشن کی جائیں گی اور دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی کی مذمت کی جائے گی ۔ اس موقع پر مسیحی رہنماؤں نے ایم کیوایم کے وفد کی مظاہرے میں شرکت اور دکھ کی گھڑی میں غم بانٹنے پر تشکر کااظہار کیا بعدازاں مظاہرے کے شرکاء ایم کیوایم کے وفد کی اپیل کی پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔