ایم کیوایم کے کارکنان کی تادم مرگ بھوک ہڑتال کافوری نوٹس لیاجائے، ایم کیوایم برطانیہ
پاکستان میں بانیان پاکستان کی اولاد مہاجروں کاسیاسی ، سماجی ،معاشی اورجسمانی قتل عام بانیان پاکستان کیلازوال قربانیوں پر خط تنسیخ پھیرنے کے مترادف ہے ، ہاشم اعظم
پاکستان میں مہاجروں پر ریاستی مظالم کے مسلسل واقعات سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، ہاشم اعظم
برطانیہ کے تمام کارکنان، قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بہادر اورجرات مند ساتھیوں کے ساتھ ہیں، ہاشم اعظم
لندن۔۔۔20، اگست2016 ء
ایم کیو ایم برطانیہ کے آرگنائزر ہاشم اعظم اور اراکین آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں پاکستان میں مہاجر قوم پر ڈھائے جانے والے ریاستی مظالم کی شدید مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بانیان پاکستان کی اولاد مہاجروں کاسیاسی ، سماجی ،معاشی اورجسمانی قتل عام بانیان پاکستان کی لازوال قربانیوں پر خط تنسیخ پھیرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مہاجراکثریتی علاقوں میں غیرقانونی چھاپوں، چادروچاردیواری کے تقدس کی پامالی ،مہاجر نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں اوران کی جبری گمشدگیوں کے مسلسل واقعات سے برطانیہ میں مقیم حق پرست پاکستانیوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔ہاشم اعظم اور اراکین آرگنائزنگ کمیٹی نے مہاجروں پر ڈھائے جانے والے ریاستی مظالم کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر تادم مرگ بھوک ہڑتال کرنے والے رہنماؤں، منتخب نمائندوں اور کارکنوں سے دلی یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مہاجر قوم ، تحریک کے پرعزم کارکنان بالخصوص مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان پر فخر کرتی ہے اور ایم کیو ایم برطانیہ کے تمام کارکنان، قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بہادر اورجرات مند ساتھیوں کے ساتھ ہیں۔ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے وفاقی اورسندھ کی صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے کارکنان کی تادم مرگ بھوک ہڑتال کافوری نوٹس لیاجائے اورمہاجروں پرڈھائے جانے والے ریاستی مظالم کا سلسلہ فی الفور بند کرایا جائے۔