شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نکاسی آب کا نظام تباہی کا شکار ہے، صحت اورتعلیم کی سہولتوں کا شدید فقدان ہے، وسیم اختر
جب جب ایم کیو ایم کو اختیارات ملے ایم کیوایم نے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی، وسیم اختر
سینٹرل ایگزیکٹو کونسل ( سی ای سی ) کے انچارج وسیم اختر و دیگر کی لانڈھی، ملیر اور لائنز ایریا کی گلی، محلوں کے مختلف دکانداروں سے ملاقاتیں
کراچی ۔۔۔ 15 نومبر 2015ء
متحدہ قومی موومٹ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل ( سی ای سی ) کے انچارج وسیم اختر نے جمعہ کے روز بلدیاتی الیکشن 2015ء پر عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں لانڈھی اور ملیر کی گلی محلوں اور علاقوں کے مختلف دکانداروں، پتھاریداروں اور مارکیٹ کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین و دیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وسیم اختر نے لانڈھی اور ملیر کے مختلف گلی اور محلوں میں جاکر عوام سے ملا قاتیں کی اور دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں پنجاب اور سندھ مختلف شہروں میں شرم ناک شکست کے بعد اب کراچی میں اپنا گٹھ جوڑ بنالیا ہے ، لیکن کراچی کے عوام ان کے اصل چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں جو ہر بار انتخابات کے دنوں میں نت نئے نعرے لگاکر کراچی کے عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے چلے آرہے ہیں اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی انشاء اللہ شکست ان کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ آج شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نکاسی آب کا نظام تباہی کا شکار ہے، صحت اورتعلیم کی سہولتوں کا شدید فقدان ہے غرض یہ کہ کراچی کے عوام کو تمام سہولیات سے محروم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 5دسمبر 2015ء کو بلدیاتی انتخابات کے موقع پر کراچی کے حق پرست عوام متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کے نامزد کردہ حق پرست پینل کے امیدواران کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں گے۔ لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیوایم کے پاس جب جب اختیارات آئے ایم کیوایم نے ہمیشہ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی اور صحت و تعلیم میں نمایاں خدمات انجام دے کر شہریوں کو وہ مثالی سہولیات فراہم کیں جن کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔