کوئٹہ بم دھماکہ کھلی دہشت گردی اور سفاکیت کی انتہاء ہے، قائد تحریک الطاف حسین
مساجد، امام بارگاہوں، اسکولوں، فٹ بال کھیلنے والے معصوم بچوں اور نماز جنازہ کے اجتماع میں دہشت گردی اور قتل و غارتگری کرنے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں
جو دہشت گرد شہریوں کی عید کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کررہے ہیں وہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے
کوئٹہ پولیس لائن میں ایس ایچ او کوئٹہ سٹی کی نماز جنازہ کے دوران بم دھماکہ پر اظہار مذمت
لندن۔۔۔8، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کوئٹہ پولیس لائن میں ایس ایچ او کوئٹہ سٹی کی نمازجنازہ کے دوران بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکہ میں ڈی آئی جی آپریشن، ایس پی ہیڈکوارٹرز اورڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز سمیت متعدد پولیس اہلکاروں کے ہلاک وزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کوئٹہ بم دھماکہ کوکھلی دہشت گردی اور سفاکیت کی انتہاء قراردیتے ہوئے کہاکہ مساجد ، امام بارگاہوں، اسکولوں، فٹ بال کھیلنے والے معصوم بچوں اور نمازجنازہ کے اجتماع میں دہشت گردی اور قتل وغارتگری کرنے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں، جودہشت گرد رمضان المبارک میں بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلارہے ہیں اور شہریوں کی عید کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کررہے ہیں وہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے ۔جناب الطاف حسین نے صدرمملکت ، وزیراعظم ، وفاقی وزیرداخلہ ،گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ درندہ صفت دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور بے گناہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات کئے جائیں ۔ جناب الطاف حسین نے کوئٹہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔(آمین)