ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے پیر کی سہ پہر ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
اجلاس میں رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان ، حق پرست ارکان سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی، ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات ، کراچی کے تمام سیکٹروں،ریزیڈنٹس کمیٹیوں اورحیدرآباد سمیت اندرون سند ھ کے تمام زونوں کے انچارجز وجوائنٹ انچارجزشریک ہونگے
اجلاس سے قائد تحریک الطاف حسین خطاب کے علاوہ پیپلزپارٹی سے اتحاد کرنے یا نہ کرنے کے سلسلے میں اجلاس میں
شریک نمائندگان کے ذریعہ سندھ بھر کے کارکنان وعوام کی آراء بھی لیں گے
قائد تحریک الطاف حسین کی صدارت میں اتوار اور پیرکی درمیانی شب رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں فیصلہ
لندن۔۔۔16، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے اتوار کی شب لندن وقت کے مطابق 9 بجے سے رات 10بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بجے سے 2 بجے کے دوران ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کے مشترکہ طویل ہنگامی اجلاس سے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ جناب الطاف حسین کی صدارت میں جب یہ ہنگامی اجلاس ہوا اس وقت لندن میں 16 جون جبکہ چارگھنٹے آگے ہونے کے سبب پاکستان میں 17 جون شروع ہوچکی تھی۔
اجلاس میں آج ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کراچی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہنگامی اجلاس میں متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان ، حق پرست ارکان سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی، ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات ، کراچی کے تمام سیکٹروں،ریزیڈنٹس کمیٹیوں اورحیدرآباد سمیت اندرون سند ھ کے تمام زونوں کے انچارجز وجوائنٹ انچارجز کا ہنگامی اجلاس بروز پیرپاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے نائن زیرو کراچی طلب کرلیا جائے جس سے قائد تحریک جناب الطاف حسین براہ راست خطاب کے علاوہ پیپلزپارٹی سے اتحاد کرنے یا نہ کرنے کے سلسلے میں اجلاس میں شریک نمائندگان کے ذریعہ سندھ بھر کے کارکنان وعوام کی آراء بھی لیں گے۔