دہشت گردوں کی فائرنگ سے نارتھ ناظم آباد میں ایم کیوایم نارتھ ناظم آباد سیکٹر کمیٹی کے رکن عامر فاروقی کے بہیمانہ قتل پر عبوری رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
سوچھی سمجھی سازش کے تحت ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان اور ہمدردوں کو قتل کیا جارہا ہے
کراچی۔۔۔25، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی عبوری رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے نارتھ ناظم آباد میں ا یم کیوایم نارتھ ناظم آباد سیکٹر کمیٹی کے رکن عامرفاروقی کے قتل پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کو پر امن ماحول کو سبو تاژ کرنے کی گھناؤنی سازش قراردیا ہے۔ ایک بیان میں عبوری رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک سوچھی سمجھی سازش کے تحت ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان اور ہمدردوں کو قتل کیا جارہا ہے تاہم قانون نا فذ کرنے والے ادارے بے بس نظر آرہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب کراچی میں لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں نے قتل و غارتگری،بھتہ خوری،اغواء برائے تاوان ، کریکر حملوں اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں کا بازارگرم کررکھاہے جبکہ دوسری جانب شہرمیں موجودرینجرزپولیس لیاری کے علاقے میں جاکر لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے بجائے الٹا کراچی میں ایم کیوایم کے مختلف سیکٹرزاوریونٹ دفاتراور ایم کیو ایم کے معصوم نہتے اوربیگناہ ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پر بلا جوازاور غیرقانونی چھاپے ماررہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عبوری رابطہ کمیٹی نے سو گوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی اظہار کر تے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔عبوری رابطہ کمیٹی نے صدرمملکت آصف علی زرداری ،نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسہ ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب ،گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباداورنگراں وزیر اعلیٰ سندھ زاہدقربان علوی سے مطالبہ کیا کہ عامر فاروقی کے قتل کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کے گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے ۔