بم دھماکے کرنے والے اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔الطاف حسین
دہشتگرد پورے ملک پر دہشت گردی کے ذریعہ اپنی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔
کرم ایجنسی میں جمیعت علماء اسلام(ف)کے انتخابی جلسہ میں بم دھماکے پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
لندن۔۔۔06 مئی2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کرم ایجنسی میں جمیعت علماء اسلام( فضل الرحمن )کے انتخابی جلسہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس میں متعدد افرد کے جاں بحق ہونے اور پچاس سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ بم دھماکے کرنے والے اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں اور اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لئے معصوم اور بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں اور پورے ملک پر دہشت گردی کے ذریعہ اپنی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔جناب الطاف حسین نے دھماکو ں میں شہیدہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔انہوں نے دھماکے کے زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعاکی ۔