ایم کیوایم، طالبان کا نہیں بلکہ قائداعظم محمدعلی جناح اور علامہ اقبال کے وژن کا پاکستان چاہتی ہے
دانشوروں اورکالم نگاروں خدارا!!پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھو ں میں جانے بچالیں
بچیوں کو حصول علم سے روکنے کے عمل کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہیں گے
ایم کیوایم مذہب، عقیدہ، مسلک اورعلاقائی تفریق کاخاتمہ کرکے پاکستان میں ایک قوم کا تصورمضبوط کرنا چاہتی ہے
منفی پروپیگنڈوں اور مظالم کے باوجود ایم کیوایم کے حق پرستانہ پیغام کو پنجاب میں پھیلنے سے نہیں روکا جاسکا
جہانیاں میں دودن کے اندراندر ایمبولینس سینٹر قائم کیاجائے ، الطاف حسین کی رابطہ کمیٹی کوہدایت
اقتدار میں ہو یا نہ ہوعوامی خدمت کرنا ایم کیوایم کا نصب العین ہے
جنوبی پنجاب کی تحصیل جہانیاں میں ایم کیوایم کے انتخابی جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان وہمدردوں کے خلاف دہشت گردی اورقتل وغارتگری کے باوجود ہمارا عزم ہے کہ ہم دہشت گردوں کے آگے اپنا سرہرگز نہیں جھکائیں گے اور نتائج کی پرواہ کئے بغیرحق پرستی کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ایم کیوایم مذہب، عقیدہ، مسلک ،زبان اورعلاقائی تفریق کاخاتمہ کرکے پاکستان میں ایک قوم کا تصورمضبوط کرنا چاہتی ہے، ایم کیوایم ، جہادیوں یاطالبان کانہیں بلکہ قائداعظم محمدعلی جناح اور علامہ اقبال کے وژن کا پاکستان چاہتی ہے۔یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب کی تحصیل جہانیاں کے جناح پارک والا اسٹیڈیم میں ایم کیوایم کے انتخابی جلسہ کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انتخابی جلسہ میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، ایم کیوایم جنوبی پنجاب کے ذمہ داران اور نامزد حق پرست امیدواروں کے علاوہ مختلف مذاہب، مسالک اورقومیتوں سے تعلق رکھنے والے بزرگوں ، خواتین، نوجوانوں اور بچوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خواتین کاجوش وخروش قابل دید تھا۔
اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے شدید گرمی اور گندم کی کٹائی کے موسم کے باوجود ایم کیوایم کے انتخابی جلسہ میں غریب ہاریوں ، کسانوں ، محنت کشوں ، تاجروں ، صنعتکاروں اورطلباوطالبات کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے حق پرستانہ پیغام کو پاکستان خصوصاً صوبہ پنجاب میں پھیلنے سے روکنے اورملک میں غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کی جدوجہد کوسبوتاژ کرنے کیلئے جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے طرح طرح کی سازشیں کیں اور ایم کیوایم کے خلاف منفی پروپیگنڈے کئے ۔ رابطہ کمیٹی کے رکن افتخاراکبررندھاوا اور پنجاب کے دیگر ساتھیوں کے گھروں پر غیرقانونی چھاپے مارے گئے، انہیں گرفتارکرکے سرکاری ٹارچر سیلوں میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیاتاکہ غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو ایم کیوایم کے قریب آنے سے روکا جاسکے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ایم کیوایم کے حق پرستانہ پیغام کو پنجاب میں پھیلنے سے نہیں روکا جاسکا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج جہانیاں میں ایم کیوایم کے انتخابی جلسہ میں عوام کی بہت بڑی تعداد میں شرکت اس بات کاثبوت ہے کہ ایم کیوایم کا حق پرستانہ پیغام پنجاب کے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکا ہے اورجہانیاں کے عوام بھی ایم کیوایم اور الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔
جناب الطا ف حسین نے تحصیل جہانیاں کے عوام کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ جہانیاں کو 65 برسوں سے حقوق اور ترقی کے معاملے میں نظرانداز کیاجاتا رہا ہے ، عوام کو بجلی ، گیس اور پانی کے مسائل کا سامنا ہے ، بجلی نہ ہونے کے سبب ٹیوب ویل نہیں چلائے جاسکتے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے لیکن ان بنیادی مسائل کے حل کیلئے کسی بھی حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی، باردانہ نہیں دیا جاتا،حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کو گندم خریدنے کیلئے ضرورت سے کم یا تاخیر سے بوریاں فراہم کی جاتی ہیں جس کے باعث گندم خراب ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر جہانیاں کے عوام نے حق پرست امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنایا اور ایم کیوایم کو اقتدار میں آنے کا موقع ملا تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ حق پرست عوامی نمائندے ،عوام کے بنیادی مسائل حل کرکے دکھائیں گے ۔ تحصیل جہانیاں کو ترقی دیں گے اور یہاں کے عوام کو خوشحال بنائیں گے، جہانیاں میں جگہ جگہ صحت اور تعلیم کے مراکز قائم کریں گے اور جہانیاں سٹی میں خواتین اور بچوں کیلئے اعلیٰ معیار کا تفریحی پارک قائم کریں گے ۔
جناب الطاف حسین نے کہا کہ مجھے ہاریوں کسانوں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ۔ انشاء اللہ جب بھی ملک پر ایم کیوایم کی حکومت آئی ہم ان کسانوں کی زمینوں کے مالکان حقوق فراہم کریں گے ۔ ایم کیوایم کو جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں کا بھی بخوبی احساس ہے اور انشاء للہ جب ایم کیوایم کی حکومت آئے گی تو جنوبی پنجاب کو علیحد ہ صوبہ بنانے کی بھر پور جد جہد کرے گی، ہم جہانیاں اور اطراف کے علا قوں میں نے اسکو ل ،کالجز اور اسپتال بنائیں گے اور ایک یونیورسٹی بھی قائم کریں گے ۔ ایم کیوایم تعلیم کو عام کرنا چاہتی ہے تاکہ پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح شاعر مشرق علامہ اقبال کے وژن کے مطابق ایک روشن خیال اور تعلیم یافتہ پاکستان بنایا جاسکے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم اقتدار میں ہو یا نہ ہوعوامی خدمت کرنا ایم کیوایم کا نصب العین ہے ۔جہانیاں میں مریضوں کو اسپتال لے جانے کیلئے ایک ایمبولینس ہے جوکہ خراب رہتی ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کاسامنا رہتا ہے۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ دودن کے اندراندر جہانیاں میں ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت دوایمبولینسوں پر مشتمل ایمبولینس سینٹر قائم کیا جائے اور چک 112 کے قبرستان کی گری ہوئی دیوار کی تعمیرکرائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ، پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو نہ صرف غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندگی کرتی ہے بلکہ ان کے حقوق کیلئے عملی جدوجہد بھی کررہی ہے، ایم کیوایم نے پاکستان اور اس کے عوام پر مسلط جمود( اسٹیٹس کو) کو توڑا ہے اور ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب ومتوسط طبقہ کے تعلیم یافتہ اور ایماندار افراد کو اسمبلیوں میں بھیجا ہے ۔ آج جو جماعتیں فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خلاف باتیں کررہی ہیں اور غریب طبقہ کے نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجنے کا اعلان کررہی ہیں ان کا یہ عمل دراصل ایم کیوایم کے حق پرستانہ فکروفلسفہ کی کامیابی ہے ۔
جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے نظم وضبط کاتذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے مثالی نظم وضبط کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے ۔ ایم کیوایم نے پورے ملک سے ایک ساتھ اور ایک ہی جگہ 671 امیدواران برائے قومی وصوبائی اسمبلی کے ناموں کا اعلان کیا لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کوئی بدنظمی یا لڑائی جھگڑا نہیں ہوا جبکہ ملک میں انقلاب اور تبدیلی کی باتیں کرنے والی جماعتوں کے پروگراموں میں ٹکٹوں کی تقسیم اور کھانے پینے پر لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیاکہ جو جماعتیں اپنے اندر نظم وضبط قائم نہیں کرسکتیں اگریہ اقتدارمیں آگئیں تو پورے ملک کانظم ونسق کیسے سنبھالیں گی ؟
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم مذہب، عقیدہ، مسلک ،زبان اورعلاقائی تفریق کاخاتمہ کرکے پاکستان میں ایک قوم کا تصورمضبوط کرنا چاہتی ہے، ایم کیوایم ، پاکستان میں بسنے والے تمام غیرمسلموں اور تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والوں کو برابرکاپاکستانی سمجھتی ہے، انکے حقوق اور عبادت گاہوں کااحترام کرتی ہے ۔ایم کیوایم ، پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ڈٹ کربات کی جبکہ دیگر جماعتیں مسلک اورعقیدے کے نام پر پاکستانیوں کو آپس میں لڑانا اورغیرمسلم پاکستانیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کرتی ہیں۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں لبرل، روشن خیال اور جمہوریت پسند جماعتوں کے انتخابی دفاتر ، ریلیوں اورجلسوں میں بم دھماکے کرکے بے گناہ شہریوں کو شہید وزخمی کیاجارہا ہے جبکہ دائیں بازو کی جماعتوں کو انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پوری آزادی دی جارہی ہے ۔ گزشتہ روز بھی ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروعزیزآباد کے قریب دو بم دھماکے کرکے پچاس سے زائد کارکنان اورہمدردوں کو شہید وزخمی کردیا گیا۔ سفاک دہشت گردوں نے معصوم بچوں تک کونہیں بخشا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان وہمدردوں کے خلاف دہشت گردی اورقتل وغارتگری کے باوجود ہمارا عزم ہے کہ ہم دہشت گردوں کے آگے اپنا سرہرگز نہیں جھکائیں گے اور نتائج کی پرواہ کئے بغیرحق پرستی کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے تحصیل جہانیاں کے بزرگوں اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی بہن بیٹیوں کو زبردستی شٹل کاک برقعے پہنادیئے جائیں، انہیں گھروں میں قید کردیا جائے ، انہیں تعلیم اور ملازمت کیلئے گھرسے نکلنے کی اجازت نہ ہو،انہیں ڈرائیونگ کرنے نہ دی جائے اوربچیوں کے اسکولوں کو بموں کے دھماکے کرکے تباہ کردیاجائے ؟ جس پر شرکاء نے بلند آواز سے جواب دیا’’ہرگز نہیں ‘‘۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ جو عناصر خواتین کو تعلیم حاصل کرنے سے روک رہے ہیں، اسکولوں کو بموں سے اڑارہے ہیں اورملالہ یوسف زئی سمیت دیگر بچیوں پر گولیاں اورکوڑے برسارہے ہیں وہ اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔نبی کریم ؐ نے لڑکیوں کو اللہ کی رحمت اور انہیں زندہ دفن کرنے کے عمل کوظلم قراردیا ہے اورعلم حاصل کرنا مرووعورت دونوں پرفرض قراردیا ہے ۔ جبکہ قرآن مجید میں واضح طور پر کہاگیا ہے کہ لااکراہ فی الدین یعنی دین میں کوئی جبرنہیں لیکن بعض عناصر اسلام کے نام پر بے گناہ مسلمانوں پرظلم ڈھارہے ہیں جس پر میرادل خون کے آنسوروتا ہے ۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ جب تک ایم کیوایم کا ایک بھی کارکن زندہ ہے ہم خواتین کو گھروں میں قید کرنے اور بچیوں کو حصول علم سے روکنے کے عمل کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہیں گے ۔
جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ ان دہشت گردو ں نے داتادربار تک کونہیں چھوڑا اور وہاں بھی بم دھماکہ کر دیا ۔ آخریہ دہشت گرد پاکستان کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں او ر اسکا کیا نقشہ بنا نا چاہتے ہیں ؟جناب الطاف حسین نے جہانیاں ،اور اطراف کے علاق وں کے ،بزرگوں اور ماؤں بہنوں کو خصوصی طور پر مخاطب کرکے کہا کہ میںآپ سے اپنی ذات کیلئے آپ سے کچھ نہیں مانگ رہا میں آپ سے محض یہ وعدہ چاہتا ہوں کہ آپ کے پاس جو بھی فارغ وقت ہو اس میں آپ گھر گھر جائیں اور عوام سے کہیں کہ وہ 11مئی کو پتنگ پر ہی مہر لگائیں ۔’’ اس پر عوام نے پر جوش انداز میں جواب دیا کہ الطاف بھائی ،آپ سے وعدہ کر تے ہیں کہ ہم گھر گھر جارکر آپ کا پیغام پہنچائیں گے‘‘ ۔ جناب الطاف حسین نے پنچا ب کے کالم نگار روں ،قلم کارووں اینکر پرسنز او رسول سوسائٹی کے دیگر اراکین سے اپیل کی کہ خدارا!!پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھو ں میں جانے بچالیں ،خدارا!! دھونس ،دھمکی اور طاقت کے ذریعہ دائیں بازو کی انتہاپسند جماعتوں کو اقتدار میں لانے کی سازشو ں سے بچیں ۔انہوں نے کہاکہ جو اینکر پرسنز اور قلمکار حق اور اسچ لکھ رہے ہیں انہیں سلام تحسین کرتا ہوں ۔جناب الطاف حسین نے جہانیاں سے حق پرست امیدوار اور ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن افتخار اکبر رندھاوا اور ان کے اہل خانہ کی ایم کیوایم کیلئے قربانیوں کا تذکررہ کر تے ہوئے کہا کہ مشکل ترین حالات میں افتخار رندھاوا او ران کے پورے خاندان نے تکا لیف اور مشکلات کا جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا اس پر میں ان سب کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں ۔ جناب الطا ف حسین نے کہا کہ پنجاب میں ایم کیوایم کے کارکنان نامساعد حالات اور مالی مشکلات کے باجود دن رات ڈٹ کر کام کر رہے ہیں ۔ یہ کارکنان جس طرح حق پر ستی کا پیغام پھیلا رہے ہیں اس پر میں انہیں دل کی گہرائیوں سے سلا م تحسین پیش کر تا ہوں۔جناب الطاف حسین نے عوام سے کہا کہ وہ محض نعرے لگانے اورباتیں کرنے والوں کی طر ف نہ جائیں ۔وہ ایم کیوایم کا 35سالہ بے داغ ماضی دیکھیں کہ کسطر ح ایم کیوایم کے اراکین اسمبلی نے بے غرضی سے عوام کی خدمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کسی جماعت اور رہنماکا دامن کرپشن سے پاک ہے تو وہ صرف ایم کیوایم اور الطا ف حسین ہیں ۔جناب الطا ف حسین نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ اس جلسہ میں بہت سارے بچے ،بچیاں بھی موجود ہیں ،ان بچوں کو میرا پیار دیجئے ،ہمیں انہیں اچھی تعلیم اور روشن مستقبل دینا ہے تاکہ جوان ہوکر یہ بچے ملک کا سرمایہ ثابت ہوں اور ایم کیوایم کے سچے سپاہی بن سکیں ، اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے جہانیاں اور اطراف کے علاقوں سے ایم کیوایم کے نامزد امیدوار وں کے ناموں کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے پنجابی میں کہا کہ ’’ جنوبی پنجاب والو! تم فکر نہ کرو اب الطاف حسین میدان میں آگیا ہے وہ تمہارے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیگا ‘‘