چیئرمین عظیم احمد طارق شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کا قیمتی لہو ضرور رنگ لائے گا، الطاف حسین
ایم کیوایم کے سابق چیئرمین عظیم احمد طارق شہید کی 20 ویں برسی کے موقع پر بیان
لندن۔۔۔30، اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے چیئرمین عظیم احمد طارق شہیدسمیت تمام حق پرست شہداء کوان کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے اورکہا کہ عظیم احمد طارق شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کا لہو ضرور رنگ لائے گااور حق پرستی کی تحریک ایک دن ضرور منزل پر پہنچ کردم لے گی۔ایم کیوایم کے سابق چیئرمین عظیم احمد طارق شہید کی20ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ چیئرمین عظیم احمد طارق کا سفاکانہ قتل ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی گھناؤنی سازش کاحصہ ہے اور یہ سازش آج بھی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ 20برس کاعرصہ گزرنے کے باوجودتاحال عظیم احمد طارق شہیدسمیت دیگر حق پرست شہداء کے قاتل قانون کی گرفت سے آزادہیں جواس بات کاثبوت ہیں کہ ایم کیوایم کوصفحہ ہستی سے مٹانے کی گھناؤنی سازش نہ صرف آج بھی جاری ہے بلکہ اس میں پہلے سے کہیں زیادہ شدت آچکی ہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے مشن و مقصد کی کامیابی تحریک کے شہدا ء کی لازوال قر بانیوں کا نتیجہ ہیں جنہوں نے حق پرستانہ جدوجہد کی خاطر اپنا قیمتی لہوتحریک کے نظرئیے پر قر بان کیا مگر اپنے ظرف و ضمیر کا سودا نہیں کیااور امر ہوگئے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک کے تمام شہداء کی قر بانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجائے گا جو قومیں اپنے شہداء کو بھول جاتیں ہیں وہ کبھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوتیں اور ہمیں یقین ہے کہ دن دور نہیں جب تمام حق پرست شہدا ء کا لہو رنگ لائے گا اور حق پرستی کی تحریک اپنی منزل پر جا پہنچے گی۔ انہوں نے کہاکہ تمام ظلم وستم اورمظالم کے باوجودایم کیوایم کاپیغام ملک بھرمیں پھیل چکاہے اورآج ایم کیوایم جس مقام پرہے وہ شہداء حق کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے اور شہداء کی ان عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عظیم احمد طارق شہید سمیت تحریک کے تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو قبول فرمائے۔(آمین)