حیدرآباد میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے دو کارکنوں ندیم اجمیری اور منظور احمد کے بہیمانہ قتل پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا اظہار مذمت
پورا پاکستان دیکھ لے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کو کس طرح چن چن کر مارا جارہا ہے۔ الطاف حسین
بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعے ایم کیوایم کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے
سیاسی سرگرمیوں کے تحفظ کیلئے نہ تو نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کچھ کررہا ہے اور نہ ہی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی روک تھام کیلئے کچھ کررہے ہیں
کھلی دہشت گردی اور معصوم و بے گناہ کارکنوں کے خون سے ہولی کھیلنے کے وحشیانہ عمل کے خلاف دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے مجرمانہ خاموشی اور بے حسی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے
تمام انسانیت پسند حلقے اور جماعتیں خدا اور رسولؐ کے واسطے اس ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کریں
لندن ۔۔۔ 29 اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے حیدرآبادمیں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے دوکارکنوں ندیم اجمیری اورمنظوراحمد کے بہیمانہ قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ دنوں حیدرآبادمیں ہی ایم کیوایم کے نامزدامیدوار فخرالاسلام کواسی طرح گولیاں مارکرشہیدکردیاگیا اورآج پھرحیدرآبادکے علاقے لطیف آباد میں ایم کیوایم کی یونٹ کمیٹی کے رکن ندیم اجمیری اورکارکن منظوراحمدکوگولیاں مارکرشہیدکردیاگیاتھا۔انہوں نے کہاکہ آج پورا پاکستان دیکھ لے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کوکس طرح چن چن کر مارا جارہاہے اور کس طرح بم دھماکوں اوردہشت گردی کے ذریعے ایم کیوایم کوانتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دوہفتوں کے دوران بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایم کیوایم کے درجنوں معصوم وبے گناہ کارکنوں ، ذمہ داروں اورہمدردوں کو شہیدکیاجاچکاہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک دشمن دہشت گردوں کی جانب سے لبرل اوراعتدال پسند سیاسی جماعتوں کوانتخابی عمل سے باہر رکھنے کیلئے انہیں کھلی دہشت گردی کانشانہ بنایاجارہاہے مگریہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ سیاسی سرگرمیوں کے تحفظ کیلئے نہ تو نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کچھ کررہاہے اورنہ ہی پولیس ،رینجرزاوردیگرقانون نافذکرنے والے ادارے دہشت گردی کی روک تھام کیلئے کچھ کررہے ہیں۔انہوں نے اس امرپربھی شدیدافسوس کااظہارکیاکہ اس کھلی دہشت گردی اور معصوم و بے گناہ کارکنوں کے خون سے ہولی کھیلنے کے وحشیانہ عمل کے خلاف دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے نہ صرف مجرمانہ خاموشی اوربے حسی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے بلکہ دہشت گردوں کے اس خونی کھیل کی بلواسطہ اوربلاواسطہ حمایت کی جارہی ہے ۔جناب الطاف حسین نے پاکستان کے تمام انسانیت پسند حلقوں اورجماعتوں سے اپیل کی کہ وہ خدااوررسولؐ کے واسطے اس ظلم وبربریت اوردہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں۔انہوں نے صدرآصف زرداری،نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسہ،نگراں وزیرداخلہ ملک حبیب اورچیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم سے مطالبہ کیاکہ سفاک قاتل دہشت گردوں کوگرفتارکیاجائے اوردہشت گردی کایہ سلسلہ بندکرانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم حیدرآبادزون کی یونٹ کمیٹی کے رکن ندیم اجمیری شہیداور کارکن منظوراحمد شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت ایم کیوایم کاایک ایک کارکن آپ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ دونوں شہداء کواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورتمام سوگواروں کوصبرجمیل عطا کرے ۔ انہوں نے ایم کیوایم حیدرآبادزون کے تمام کارکنوں اورذمہ داروں سے بھی دلی تعزیت کی اوران سے کہاکہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں اورہمت وحوصلے کے ساتھ تحریکی جدوجہدجاری رکھیں ۔