ملک میں جمہوریت کے تسلسل اورپرامن انتخا بات کے انعقاد کی خاطر ایم کیوایم دہشت گردی ، قتل و غارتگری اور اپنی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی گھناؤنی کارروائیوں پر صبر و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے ، سابق حق پرست ارکان قومی اسمبلی
انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق ایم کیوایم کو پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کیلئے جلد از جلد ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں
ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کو دہشت گردوں سے تحفظ اور پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کیلئے کسی سیاسی و مذہبی جماعت اور ارباب اختیار و اقتدار کی جانب سے آواز بلند نہیں کی جارہی ہے اور مجرمانہ خاموشی کا مظاہرہ کیاجارہاہے
نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف کھلی کارروائیوں کے باوجود کسی قسم کے مثبت اقدامات نہ کرکے اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے، سابق حق پرست ارکان قومی اسمبلی
نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی اور پیپلزچورنگی پر ایم کیوایم کے انتخابی دفاتر پر بم دھماکوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں پر شدید اظہار مذمت
کراچی ۔۔۔27، اپریل 2013ء
سابق حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی اور پیپلزچورنگی پر ایم کیوایم کے انتخابی دفاتر پر بم دھماکوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکوں میں ایم کیوایم کے متعدد کارکنان کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش سنگین حالات سے نمٹنے کیلئے عام انتخابات کا پرامن انعقاد اشد ضروری ہے اور اسی لئے دہشت گرد ایم کیوایم، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو انتخابی مہم سے دور رکھنا چاہتے ہیں ایسی صورتحال میں اگر نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان صرف سیکورٹی کے دعوے ہی کرتے رہیں اور ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو آزادانہ انتخابی ماحول کی فراہمی میں ناکام رہیں تو عام انتخابات کو کس طرح سے شفاف اور منصفانہ قرار دیاجاسکتا ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو انتخابی مہم سے روکنے کیلئے اسے دہشت گردی کا نشانہ بنانے، انتخابی دفاتر میں بم دھماکے اور تسلسل کے ساتھ ایم کیوایم حیدرآباد کے امیدوار سمیت متعدد کارکنان کی مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہادت کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جانا چاہئے اور اس گھناؤنی سازش میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف قانونی کارروائی کرکے ایم کیوایم کو آزادانہ اور شفاف انتخابی ماحول کی فراہمی یقینی بنا نے کی بنیادی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے ؟ ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور انتخا بات کے پرامن انعقاد کی خاطر ایم کیوایم دہشت گردی ، قتل و غارتگری ، بم دھماکے اور اپنی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی گھناؤنی کارروائیوں پر صبر و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم اسے ایم کیوایم کی کمزوری سمجھنا صریحاً خود فریبی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ایم کیوایم حیدرآباد کے امیدور سمیت کراچی میں متعدد ذمہ داران و کارکنان کا بہیمانہ قتل کرکے، پیپلزچورنگی اور نصرت بھٹو کالونی میں انتخابی دفتر میں بم دھماکہ کی مذموم کارروائی کے ذریعے اور ایم کیوایم کو انتخابی مہم سے روکنے کے غیر جمہوری اور غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کرکے ہمارے صبرو ضبط کا امتحان لیاجاریا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب ایم کیویم کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر انتخابی ماحول سے دور رکھا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے ادارے پرامن علاقوں میں ہی اپنی کارروائیاں کرکے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو بلاجواز گرفتار کررہے ہیں جبکہ ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کو دہشت گردوں سے تحفظ اور پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کیلئے کسی سیاسی و مذہبی جماعت اور ارباب اختیار و اقتدار کی جانب کسی قسم کی آواز بلند نہیں کی جارہی ہے اور مجرمانہ خاموشی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے جس کے باعث عوام و کارکنان میں شدید غم و غصہ اور اشتعال کی کیفیت پائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بعض سازشی قوتیں ایم کیوایم کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کیلئے کھلے عام انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہی ہیں تاہم ایم کیوایم کے خلاف کھلی کارروائیوں کے باوجود دہشت گردی اور قتل و غارتگری میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری اور سازش کا پردہ چاک کرنے کیلئے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کسی قسم کے مثبت اقدامات نہ کرکے اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران بم دھماکوں ،دہشت گردی ، قتل و غارتگری کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے ایم کیوایم حیدرآباد کے امیدوار فخر الاسلام سمیت کراچی میں شہید ہونے والے متعدد ذمہ داران و کارکنان کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی ۔ سابق حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ عام انتخابات میں ایم کیوایم کو پرامن انتخابی ماحول سے دور رکھنے کیلئے اس کے کارکنان کے بہیمانہ قتل ، دفاتر میں دھماکے ، دہشت گردی کی کارروائیوں کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق ایم کیوایم کو پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کیلئے جلد از جلد ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں ۔