اے این پی کے دفتر پر بم دھماکہ پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
ایم کیوایم کے دفتر کی طرح اے این پی کے دفتر پر غریب عوام نشانہ بنایا گیا ہے ، رابطہ کمیٹی
کراچی ،کوئٹہ اور پشاور کے ان بیگنا ہ شہریوں کا ڈورن حملوں سے کیا تعلق ہے جو انہیں دہشت گرد ی کا نشانہ بنایاجارہاہے ؟
کراچی ۔۔26اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اے این پی کے انتخابی دفتر پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کی اعتدال پسند سیاسی جماعتوں کے خلاف ایک اور حملہ قرار دیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کے دفاتر پر حملوں میں شہید ہونے والوں کی طرح اے این پی کے دفتر پر کئے جانے والے آج کے اس حملہ میں بھی ملک کے بیگنا ہ غریب عوام کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جو سیاسی رہنماء طالبان کی کارروائیوں کو جائز قرار دیتے ہیں اور ان کی جانب سے کئے جانے والے دھماکوں کا دفاع کر تے ہوئے یہ پیش کر تے ہیں کہ یہ حملے، ڈرون حملوں کا رد عمل ہیں تو وہ یہ جواب دیں کہ کراچی ،کوئٹہ اور پشاور کے ان بیگنا ہ شہریوں کا ڈرون حملوں سے کیا تعلق ہے جو انہیں دہشت گرد ی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ؟ کیا کراچی میں محنت مزدوری کرنے والے بیگنا ہ پختون ڈرون حملے کر رہے ہیں جو انہیں قتل کیا جارہا ہے؟ کراچی کے بیگناہ عوا م نے آخر کیا قصور کیا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے دھماکہ میں جابحق ہونے والے افراد کے بلند درجات اور سوگوار ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔