ایم کیوایم کے کارکنوں کی قتل وغارتگری کے خلاف بیشتر دانشوروں کی خاموشی پر رابطہ کمیٹی کااظہار تشویش۔
ایم کیوایم کے خلاف کوئی جھوٹی رپورٹ یا خبر آجائے تو یہ دانشور صفحات کے صفحات کالے کردیتے ہیں۔دانشوروں اور قلمکاروں کو چاہئے کہ وہ تعصب کی عینک اتارکرحالات کا جائزہ لیں اور سچ کو سچ کہیں
لندن ۔۔۔26، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں جاری دہشت گردی بالخصوص ایم کیوایم کے رہنماؤں ،کارکنوں اور ہمدردوں کے سفاکانہ قتل عام پربیشتر دانشوروں کی پراسرارخاموشی پر تشویش کااظہار کیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگر ایم کیوایم کے خلاف کوئی جھوٹی رپورٹ یا خبر آجائے تو یہ دانشور صفحات کے صفحات کالے کردیتے ہیں اور ان کی زبانیں ایم کیوایم کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے نہیں تھکتیں۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ طالبان نے ایم کیوایم کے رہنماؤں ،کارکنوں اور ہمدردوں کے قتل عام کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور ملکی خصوصی طور پر بین الاقوامی اخبارات اور میڈیا بھی ان دہشت گردی کے حملوں پر اظہار افسوس اور تشویش ظاہر کرچکا ہے مگر ہمارے بیشتر دانشوروں اور قلمکاروں کے قلم کی روشنائی خشک ہوچکی ہے اور ان کے ہاتھ ان المناک واقعہ پر لکھنے سے معذور ہوگئے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس دوعملی کا نتیجہ ملک کیلئے اچھا نہیں نکلے گا۔ دانشوروں اور قلمکاروں کو چاہئے کہ وہ تعصب کی عینک اتارکرحالات کا جائزہ لیں اور سچ کو سچ کہیں۔ظالم کو ظالم اور مظلوم کو مظلوم کہیں تاکہ ان کے اس طرز عمل سے ملک کو نقصان نہ پہنچے ۔