نصرت بھٹو کالونی میں بم دھماکہ میں ایم کیوایم کے پانچ کارکنان کی شہادت پر الطاف حسین کا اظہار افسوس
بے گناہ کارکنان و ہمدردوں کے شہید و زخمی ہونے پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، الطاف حسین
لندن۔۔۔25 ،اپریل2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں واقع ایم کیوایم کے الیکشن آفس کے باہر بم دھماکے میں ایم کیوایم کے پانچ کارکنان کی شہادت اور متعدد کارکنان وہمدردوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان وہمدردوں کے شہید وزخمی ہونے پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور اپنے پیارے ساتھیوں کے بچھڑ جانے سے مجھے دلی صدمہ پہنچا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے شہداء کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔انہوں نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے کارکنان وہمدردوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔