ایم کیوایم ،سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے ، الطاف حسین
ایم کیوایم نے ہمیشہ حکومت میں ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا ہے
الطاف حسین کبھی سندھ کے حقوق کا سودا نہیں کرے گا بلکہ سندھ کے حقوق کیلئے اپنی جان تک قربان کردے گا
میرپورخاص میں ایم کیوایم کے ذمہ داروں ،کارکنوں اور نامزد حق پرست امیدواروں سے خطاب
لندن ۔۔۔22، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کی سیاسی جدوجہد کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں ہے کیونکہ وہ سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ یہ بات انہوں نے میرپورخاص میں ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، کارکنوں اور نامزدحق پرست امیدواروں کے اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے نامزد امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا۔اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ انتخابات کے موقع پر عوام کی ہمدردی کے دعوے کرنے والے بھی برساتی مینڈکوں کی طرح باہر آجاتے ہیں اور پھر جیتنے یا ہارنے کی صورت میں پانچ سال تک عوام کو اپنی شکل تک نہیں دکھاتے جبکہ ایم کیوایم کے نمائندے ہرموقع پر عوام کے ساتھ ہوتے ہیں اور ان کے سکھ دکھ میں عملاً شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں قحط سالی ہویا سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں ، ہرموقع پر ایم کیوایم نے قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی خدمت کی ، ان کو غذائی اجناس اورطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے امدادی کیمپ لگائے ، ایم کیوایم نے ہمیشہ حکومت میں ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا ہے اور خلق خدا کی خدمت کرنا ایم کیوایم کا منشور ہے ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ برساتی مینڈکوں کی طرح نام نہاد قوم پرست بھی میدان میں آگئے ہیں اور نفرت انگیز تقاریر کرکے سندھ کے مستقل باشندوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ اب سندھ دھرتی میں نئے اور پرانے سندھی کی تفریق ختم ہوچکی ہے ، جن کا جینامرنا سندھ سے وابستہ ہے وہ سب سندھی ہیں ،میرپورخاص کے باشعور سندھی، اردو، بلوچی،پنجابی، پشتوبولنے والے اورغیرمسلم پاکستانی ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد ہیں اور انشاء اللہ وہ اپنے اتحاد سے عوام دشمن عناصر کی ہرسازش کو ناکام بنادیں گے ۔انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ ، ٹیکس اور ریونیو کی مدمیں 70 فیصد قومی خزانے میں جمع کراتا ہے لیکن اسے اس کے جائز حق سے محروم رکھا جاتا ہے ، ایم کیوایم ، واحد جماعت ہے جس نے سندھ کے حقوق کیلئے ثابت قدمی سے جدوجہد کی ، کالا باغ ڈیم کی تعمیرکا مسئلہ ہو یا این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کا معاملہ ہو ، ایم کیوایم نے ہر موقع پر سندھ کے حقوق کا مقدمہ ڈٹ کرلڑا ہے،اور میں سندھ دھرتی کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ الطاف حسین کبھی سندھ کے حقوق کا سودا نہیں کرے گا بلکہ سندھ کے حقوق کیلئے اپنی جان تک قربان کردے گا۔جناب الطاف حسین نے میرپورخاص زون کی سرگرمیوں میں خواتین کی بے مثال شرکت پر تمام ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان ماؤں ، بہنوں کی زبردست کارکردگی اور شمولیت کے باعث ایم کیوایم11،مئی کو پورے پاکستان کو حیرت انگیز مناظر دکھائے گی ۔ ملک کے دیگرشہروں کی طرح تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے میرپورخاص کے حق پرست ہاری ،کسان، محنت کش اور طلباء وطالبات بھی پولینگ اسٹیشنوں میں جاکر حق پرستوں کے انتخابی نشان’’ پتنگ ‘‘پر مہر لگائیں گے ۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین نے میرپورخاص سے ایم کیوایم کے نامزد امیدوار برائے این اے 226،سے شبیراحمد قائمی، این اے 227،سے محمد شفیق،پی ایس 64 سے ڈاکٹر ظفر کمالی، پی ایس 65 سے صادق حسین، پی ایس 66 سے علی حسن قائم خانی اور پی ایس 67 سے اعجاز علی کے ناموں کا اعلان بھی کیا۔