تحریک نفاذِ فقہہ جعفریہ پاکستان کے کنوینئر کی سربراہی میں وفد کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب سے ملاقات
وفد نے ملک بھر سے غریب و متوسط طبقے کے امیدواروں کی نامزدگی پر الطاف حسین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا
کراچی ۔۔۔21، اپریل 2013ء
تحریک نفاذِ فقہہ جعفریہ پاکستان کے کنوینئر عمار یاسر علوی کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفدنے رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب سے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ملاقات کی اور ملک بھر سے میرٹ پر پورا اترنے والے غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے حق پرست امیدواروں کی نامزدگی پر قائد تحریک جناب الطاف حسین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ تحریک نفاذ فقہہ جعفریہ کے وفد میں صوبائی صدر سندھ علامہ سید وقار حیدر تقوی ، جنرل سیکریٹری سندھ سید گوہر جار چوری ، سیکریٹری مالیات ملک مظہر عباس ، چیئرمین پولیٹیکل سیل سید انور حسین جعفری اور صدر کراچی سید بدر علی ترمذی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم کیوایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد ، پی ایس 102کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار انور رضا اور ایم کیوایم علماء کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں تحریک نفاذِ فقہہ جعفریہ پاکستان کے کنوینئر عمار یاسر علوی نے اپنے درپیش مسائل سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب کو آگاہ کیا اور ملک کی موجودہ سیاسی ، سماجی ، معاشی اور اقتصادی صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے قائدتحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔