اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمن کا بہیمانہ قتل قابل مذمت ہے، سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ الطا ف حسین
آخر پروین رحمن کو کس جرم کی سزادی گئی؟ بے گناہوں کا خون آخر کب تک بہایا جاتا رہے گا؟ الطاف حسین
شہرکے بعض علاقے دہشت گردوں کے گڑھ بن چکے ہیں جہاں سے وہ شہرکے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں
دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کسی ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا جسکے باعث دہشت گردوں کے حوصلے بڑھتے جارہے ہیں
حکومت کے اداروں کی ناکامی کے سبب ہی عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنی مددآپ کے تحت دہشت گردی سے تحفظ کیلئے اقدامات کریں
لندن ۔۔۔13 مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے بنارس کے علاقے میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمن کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سفاک دہشت گردوں کوفی الفورگرفتارکیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ پروین رحمن ایک عالمی ایوارڈیافتہ این جی او کی رکن اورایک محنتی اورفرض شناس افسر تھیں اوراورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹرکی حیثیت سے طویل عرصہ سے اہلیانِ اورنگی کی بے غرض خدمت میں مصروف تھیں۔آخرانہیں کس جرم کی سزادی گئی ہے اوربے گناہوں کاخون آخرکب تک بہایاجاتارہے گا؟ جناب الطاف حسین نے کہاکہ شہرکے بعض علاقے دہشت گردوں کے گڑھ بن چکے ہیں جہاں سے نکل کریہ دہشت گردشہرکے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں، سانحہ عباس ٹاؤن کے بعد دہشت گردوں نے لانڈھی کوبم دھماکے کانشانہ بنایا لیکن ان دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کسی ایک دہشت گردکوبھی گرفتارنہیں کیاگیاجس کے باعث دہشت گردوں کے حوصلے بڑھتے جارہے ہیں، اورحکومت اوراس کے اداروں کی اسی ناکامی کے سبب میں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنی مددآپ کے تحت دہشت گردی سے تحفظ کیلئے اقدامات کریں اور میں عوام سے ایک مرتبہ پھراپیل کرتاہوں کہ وہ حکومت اور اس کے اداروں کی جانب دیکھنے کے بجائے اپنی مددآپ کے تحت اپناتحفظ کریں ۔ جناب الطاف حسین نے محترمہ پروین رحمن کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالی محترمہ پروین شہید کواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔