سانحہ عباس ٹاؤن کراچی اور سانحہ بادامی باغ لاہور دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی بدترین مثالیں ہیں ۔ الطاف حسین
ملک بھر کے حق پرست عوام ان سانحات کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک اور انتہاء پسندی کے خلاف متحد ہیں
سانحہ عباس ٹاؤن اور سانحہ بادامی باغ کے خلاف کراچی سمیت ملک بھرمیں کامیاب مظاہروں پرالطاف حسین کا خراج تحسین
لندن۔۔۔11،مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے سانحہ عباس ٹاؤن کراچی اور سانحہ بادامی باغ لاہور کے خلاف کراچی سمیت صوبہ سندھ ، صوبہ پنجاب اور ملک کے دیگر شہروں میں کامیاب مظاہروں پر ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں ، کارکنوں اور ہمدردوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ سانحہ عباس ٹاؤن کراچی اور سانحہ بادامی باغ لاہور دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی بدترین مثالیں ہیں، ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، کارکنوں اور ہمدردوں نے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف مثالی اتحاد کا مظاہرہ اورشہداء کی یاد میں موم بتیاں روشن کرکے ثابت کردیا ہے کہ ملک بھر کے حق پرست عوام نہ صرف ان سانحات کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں بلکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف بھی متحد ومنظم ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کراچی سمیت ملک بھر میں کامیاب احتجاجی مظاہروں میں شریک ایک ایک فرد کو دل کی گہرائی سے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے عوام اپنے اتحاد سے فرقہ واریت ، مذہبی انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے ناسورکا خاتمہ کردیں گے ۔