لانڈھی خرم آباد میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایم کیوایم کے کارکن شمشیر خان ، ان کے صاحبزادے عالیان کی شہادت اور کارکنوں سمیت متعدد ہمدردوں کے زخمی ہونے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کاشدید اظہار مذمت
دہشت گرد عباس ٹاؤن بم دھماکے کے علاوہ ، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی سید رضا حیدر شہید ، منظر امام شہید سمیت متعدد کارکنان و ہمدردوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا چکے ہیں
سفاک دہشت گرد گزشتہ مہینے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ جلسہ عام کے قریب پارکنگ میں کھڑی بسوں کے درمیان بھی بم دھماکہ کرچکے ہیں جس کے نتیجے میں ایم کیوایم کے پانچ کارکنان و ہمدرد شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے
ایم کیوایم اپنے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیگی اور دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔11، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لانڈھی کے علاقے خرم آباد میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں ایم کیوایم لانڈھی سیکٹر کے کارکن شمشیر خان ولد شمشاد خان، ان کے 14سالہ بیٹے عالیان کی شہادت اور کارکنوں سمیت متعدد ہمدردوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔اپنے ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں دہشت گرداور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام اور تسلسل کے ساتھ بم دھماکے ، فائرنگ ، بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم اور سماج دشمن کارروائیاں کررہے ہیں تاہم اس تشویشناک اور نازک صورتحال کے باوجود دہشت گردی ، بم دھماکے ، قتل و غارتگری اور جرائم کی وارداتوں میں ملوث ایک بھی سفاک دہشت گردکو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہیں اور انہوں نے شہر کے عوام کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں گزشتہ دنوں دہشت گرد عباس ٹاؤن بم دھماکے کے علاوہ حق پرست ارکان سندھ اسمبلی سید رضا حیدر شہید ، منظر امام شہید سمیت متعدد کارکنان و ہمدردوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا چکے ہیں جبکہ سفاک دہشت گرد گزشتہ مہینے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ جلسہ عام کے قریب پارکنگ میں کھڑی بسوں کے درمیان بھی بم دھماکہ کرچکے ہیں جس کے نتیجے میں ایم کیوایم کے پانچ کارکنان و ہمدردشہید اور متعددافرادد زخمی ہوگئے تھے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف جدوجہد میں ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان، حق پرست عوام کا لہو شامل ہے اور ایم کیوایم اپنے شہداء کے خون کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیگی اور دہشت گردی اور جرائم کی مذموم کارروائیوں اور سرگرمیوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ رابطہ کمیٹی نے ذمہ داران و کارکنان سے اپیل کی کہ وہ بم دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات پر ہرگز مشتعل نہ ہوں اور اپنے درمیان اتحاد و بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھیں اور ماضی کی طرح بھر پور پیار ، محبت اور اتفاق اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرکے دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنا دیں ۔ رابطہ کمیٹی نے لانڈھی بم دھماکے میں شہید ہونے والے ایم کیوایم کے کارکن شمشیر خان اور ان کے صاحبزادے کی مغفرت و بلنددرجات ، سوگوار لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمی کارکنوں اورہمدردوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ لانڈھی بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکن شمشیر خان ، ان کے صاحبزادے عالیان کی شہادت اور متعدد کارکنوں اور ہمدردوں کے زخمی ہونے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، شہر سمیت ملک بھر میں دہشت گردی اور جرائم کی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے دہشت گردوں کو لگام دی جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔