لانڈھی میں بم دھماکہ معصوم عوام کے خلاف کھلی دہشت گردی ہے ، الطاف حسین
بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکن شمشیرخان اور ان کے صاحبزادے علیان کی شہادت پر اظہار افسوس
لانڈھی میں دہشت گردی کا واقعہ ایم کیوایم کے کارکنان کے خلاف ٹارگٹ کلنگ کا تسلسل ہے
عوام اپنی آبادی کے تحفظ کیلئے رضاکارانہ طور پراپنے اپنے محلوں میں حفاظتی ٹیمیں تشکیل دیں
لندن۔۔۔11،مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے لانڈھی میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کراچی بالخصوص لانڈھی کے نہتے اورمعصوم عوام کے خلاف کھلی دہشت گردی قراردیا ہے اور بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکن شمشیرخان اور ان کے 14 سالہ صاحبزادے علیان شمشیر کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ لانڈھی میں دہشت گردی کا واقعہ ایم کیوایم کے کارکنان کے خلاف ٹارگٹ کلنگ کا تسلسل ہے ۔ ابھی سانحہ عباس ٹاؤن کا غم تازہ تھا کہ دہشت گردوں نے کراچی کی ایک اوربستی کو اپنی دہشت گردی اوربربریت کا نشانہ بناڈالاہے اور مزیدایک اورگھراجاڑڈالا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مہذب قومیں اپنے ایک شہری کے قتل پر حرکت میں آجاتی ہیں اور دہشت گردوں کی سرکوبی تک چین سے نہیں بیٹھتی ہیں جبکہ ہمارے ملک میں دہشت گرد آزادی سے دندناتے پھر رہے ہیں اور بے گناہ عوام کو بے رحمی سے نشانہ بنارہے ہیں لیکن ان دہشت گردوں کی سرکوبی کرنے والا کوئی نظر نہیں آتا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کی حمایت کی پاداش میں لانڈھی کے عوام پر ماضی میں بھی بے پناہ ستم ڈھائے گئے ہیں اور سرکاری سرپرستی میں ان پر قیامتیں توڑی گئی ہیں اور آج ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں نے لانڈھی کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہے تاہم اہلیان کراچی بالخصوص لانڈھی کے عوام نے نہ ماضی میں دہشت گردی کے آگے سرجھکایا ہے نہ آئندہ جھکائیں گے ۔ جناب الطاف حسین نے کراچی کے عوام سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں سے اپنی نہتی اور پرامن آبادی کے تحفظ کیلئے رضاکارانہ طور پراپنے اپنے محلوں میں حفاظتی ٹیمیں تشکیل دیں ، اپنے علاقوں میں داخل ہونے والے مشکوک عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اوراپنے اپنے علاقوں میں نگراں کیمروں کی تنصیب پر بھی غورکریں۔جناب الطاف حسین نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ایم کیوایم کے کارکن شمشیر خان اور ان کے صاحبزادے علیان کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔