سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں
متاثرین کیلئے روزمرہ کی اشیا اور غذائی اجناس لیکر پہنچیں،دردمند دل رکھنے والے عوام سے الطاف حسین کی اپیل
حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے تاحال کوئی امداد نہیں پہنچی ہے۔حکومت کی بے حسی کے باعث عوام سے اپیل کرنے پر مجبور ہوا ہوں
لندن۔۔۔04 مارچ2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کراچی کے تمام درد مند دل رکھنے والے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کی دل کھول کرمدد کریں۔ جناب الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کیلئے روز مرہ کی اشیاء ، دودھ اور پانی کی بوتلیں،خشک دودھ اور دیگر غذائی اجناس لیکر فوری طور پر متاثرہ علاقہ میں پہنچیں۔
جناب الطاف حسین نے کہا کہ وہ یہ اپیل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بے حسی کے رویہ کی وجہ سے کرنے پر مجبور ہوئے ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کیلئے کوئی امداد تاحال نہیں پہنچی ہے۔
جناب الطاف حسین نے حکومت کی بے حسی کو انتہائی شرمناک اور مجرمانہ غفلت کے مترادف قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت آگے بڑھیں اور انسانیت کے ناطے ان متاثرین کی خدمت کریں ان متاثرین کی مدد کرنا ہر محب وطن پاکستانی کا دینی، ملی،اخلاقی اور قومی فریضہ ہے۔
میری صاحبزادی افضاء الطاف کی سالگرہ پر کسی بھی نوعیت کی کوئی تقریب نہ منائی جائے، الطاف حسین
سانحہ عباس ٹاؤن میں سینکڑوں ماؤں کی گودیں اجڑ گئی ہیں ،سہاگنیں بیوہ ، بچے یتیم اور بوڑھے والدین اپنے
سہاروں سے محروم ہوچکے ہیں، ایسے میں میں اپنی بیٹی کی سالگرہ کیسے مناسکتا ہوں
ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان اور تمام شعبہ جات کو الطاف حسین کی سختی سے ہدایت
لندن ۔۔4مارچ 2013ء
ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان اور تمام شعبہ جات کو ہدایت کی ہے وہ پانچ مارچ کو ان کی صاحبزادی افضاء الطاف کی سالگرہ پر کسی بھی نوعیت کی کوئی تقریب نہ منائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ عباس ٹاؤن میں سینکڑوں ماؤں کی گودیں اجڑ گئی ہیں ۔۔۔سہاگنیں بیوہ ، بچے یتیم اور بوڑھے والدین اپنے سہاروں سے محروم ہوچکے ہیں ۔۔۔اس المناک سانحہ پر ہردل غمزدہ اور ہرآنکھ اشکبار ہے اور ہردردمند دل رکھنے والا افسردہ ہے ۔۔۔ایسے میں میں اپنی بیٹی کی سالگرہ کیسے مناسکتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران ، کارکنان اور تمام شعبہ جات کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ 5، مارچ کو ان کی صاحبزادی افضاء الطاف کی سالگرہ پر کسی بھی نوعیت کی کوئی تقریب منعقدنہ کی جائے ۔