سانحہ عباس ٹاؤن پرپیر کو پرامن یوم سوگ منائیں ، سندھ کے عوام سے الطاف حسین کی اپیل
اگر تین روز میں دھماکے کرنے والے درندہ صفت کو گر فتار نہ کیا گیا تو اہلیان سندھ’’ تادم اختتام دہشت گردی‘‘ ہر قسم کے کاروبار کو بند رکھنے پر مجبور ہونگے۔الطاف حسین
لندن ۔۔3مارچ 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سندھ بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سانحہ عباس ٹاؤن کے شہد اء کاغم باٹنے اور ان کے دکھ میں عملی طو پر شریک ہونے کیلئے کل بروز پیر کو پورے سندھ میں پرامن یوم سوگ منائیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ اتوار کی شب درندہ صفت دہشت گردوں نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالخلافہ کراچی کو ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بنایا ہے اور عباس ٹاؤن میں بم دھماکہ کر کے درجنوں بیگناہ افرادکو شہید و زخمی کردیا ہے ۔ اس سانحہ پر مجھ سمیت ہر دردمند دل رکھنے والے فرد کی آنکھیں اشکبار ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہا ہر وہ فرد جو صوبہ سندھ میں محنت مزدوری یا ملازمت کر کے روزی رزگار حاصل کر تا ہے یہ اس کاقومی و انسانی فریضہ ہے کہ وہ بھی اس پر امن یوم سوگ میں حصہ لیکر شہدا ء کے لواحقین کے غم میں عملی طور پر شریک ہو ۔ الطاف حسین نے کہا کہ اگر تین روز میں دھماکے کرنے والے درندہ صفت کو گر فتار نہ کیا گیا تو اہلیان سندھ’’ تادم اختتام دہشت گردی‘‘ ہر قسم کے کاروبار کو بند رکھنے پر مجبور ہونگے ۔جناب الطاف حسین نے ٹرانسپورٹ اور تاجر برادری سے پر زور اپیل کی کہ وہ بھی یوم سوگ کے موقع پر اپنا کاروبار بند رکھیں اور شہداء کے غم میں عملی طورپر شریک ہوں ۔