وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگوکی ، خیریت دریافت کی
دونوں رہنماؤں میں نگراں حکومت کی تشکیل،ملک میں امن وامان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ ء خیال
نگراں حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں جلدہی اپوزیشن لیڈرکوباقاعدہ خط لکھوں گا۔وزیراعظم راجہ پرویزاشرف
نگراں وزیراعظم کے نام کوحتمی شکل دینے کیلئے اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائیگی اوراس معاملے کواتفاق رائے سے طے کیا جائیگا۔ وزیراعظم
سب کی خواہش ہے کہ الیکشن صاف وشفاف ہوں اورالیکشن کمیشن بھی مکمل طور پر غیر جانبدار، ایماندار اور دیانتدار ہو تاکہ کوئی بھی اس پر انگلی نہ اٹھاسکے۔ الطاف حسین
ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے پولیس کی نفری نہ ہونے کے برابر ہے ،الطاف حسین
دہشت گردی پر قابوپانے اورامن وامان کی صورتحال کوبہتربنانے کیلئے پولیس کی نفری میں ہنگامی بنیادوں پراضافہ کیاجائے اورپولیس کوجدیداسلحہ،گاڑیوں اور دیگر آلات سے لیس کیاجائے ۔الطاف حسین
لندن ۔۔۔13 فروری 2013ء
وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے آج ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین سے فون پر گفتگوکی اوران کی خیریت دریافت کی۔جناب الطاف حسین نے وزیراعظم کا شکریہ اداکیااورانہیں بتایاکہ انکی طبیعت اب بہت بہتر ہے ۔دونوں رہنماؤں میں نگراں حکومت کی تشکیل،ملک میں امن وامان اور سیاسی صورتحال پربھی تبادلہ ء خیال ہوا ۔نگراں حکومت کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے جناب الطاف حسین کوکہاکہ وہ اس سلسلے میں جلدہی لیڈرآف اپوزیشن کوباقاعدہ خط لکھیں گے اورنگراں وزیراعظم کے نام کوحتمی شکل دینے کیلئے اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی اوراس معاملے کواتفاق رائے سے طے کیاجائے گااورانتخابات کو صاف وشفاف بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم سب کی خواہش ہے کہ الیکشن صاف وشفاف ہوں اورالیکشن کمیشن بھی مکمل طورپرغیرجانبدار،ایمانداراوردیانتدارہوتاکہ کوئی بھی اس پر انگلی نہ اٹھاسکے۔جناب الطاف حسین نے وزیراعظم سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے واقعات اورامن وامان کی صورتحال پربھی گفتگوکی اوراس سلسلے میں مؤثراقدامات کی ضرورت پر ذوردیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے پولیس کی نفری نہ ہونے کے برابر ہے لہٰذا دہشت گردی پر قابوپانے اورامن وامان کی صورتحال کوبہتربنانے کیلئے پولیس کی نفری میں ہنگامی بنیادوں پراضافہ کیاجائے اورپولیس کوجدیداسلحہ،گاڑیوں اور دیگر آلات سے لیس کیاجائے ۔ وزیراعظم نے جناب الطاف حسین کی تجویزسے مکمل اتفاق کیااوراس سلسلے میں حکومت کے عزم کودہرایا۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے جناب الطاف حسین کووزیراعظم برطانیہ ڈیوڈکیمرون سے ملاقات اوراپنے دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم کوان کے کامیاب دورہء برطانیہ کی کامیابی پر مبارکبادپیش کی ۔
ایم کیوایم 2013ء کے انتخابات میں پاکستان بھر سے امیدوارکھڑے کرے گی ۔ انیس احمد قائم خانی
خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادمیں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی الیکشن سیل کاافتتاح کردیا گیا
کراچی: ۔۔۔13فروری2013
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام منگل کی شب خورشیدبیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادمیں ایم کیوایم کے مرکزی الیکشن سیل کاافتتاح کردیاگیا،مرکزی الیکشن سیل کا افتتاح ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزانیس احمد قائم خانی ،ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی ، ڈاکٹرنصرت ، اراکین رابطہ کمیٹی نے کیا۔اس موقع پرحق پرست صوبائی وزراء،اراکین سینیٹ،قومی وصوبائی اسمبلی اورمرکزی الیکشن سیل کے اراکین سمیت ایم کیوایم کے مختلف ونگزوشعبہ جات کے ارکان کی بہت بڑی تعدادموجودتھی۔خورشیدبیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادکے مرکزی الیکشن سیل میں سندھ، بلوچستان،پنجاب ، خیبرپختونخواہ کیلئے چارسیل بنائے گئے ہیں اس کے علاوہ ایک انفارمیشن سیل بھی بنایا گیاہے جہاں انتخابی عمل سے متعلق تمام معلومات،امیدواروں کے مکمل کوائف، قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹرزکی تعدادسے متعلق تمام معلومات موجود ہیں۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی نے شعبہ جات کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 2013ء الیکشن کاسال ہے اور ایم کیوایم عام انتخابات میں پاکستان بھرسے حق پرست امیدوارکھڑے کرے گی اورانشاء اللہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور وہ دن دور نہیں جب قائد تحریک جناب الطاف حسین کا فکر و فلسفہ پوری آب و تاب کے ساتھ ملک کے کونے کونے پہنچے گا، غریب و متوسط طبقے کی حکمرانی قائم ہوگی ۔
سید انورعباس کی شہادت پر جناب الطاف حسین کا اظہارِ تعزیت
لندن :۔۔۔13،فروری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم اسکیم 33معمار سیکٹر یونٹ-D 33کے کارکن سید انور عباس رضوی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔جناب الطاف حسین نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ اللہ شہید کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔(آمین )
سیّد انورعباس رضوی کا قتل دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ہے ، رابطہ کمیٹی
رابطہ کمیٹی کا شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
سیدانورعباس رضوی کے قتل کا نوٹس لیا جائے اورواقعے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبر تناک سزادی جائے
کراچی :۔۔۔۔13،فروری2013ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم اسکیم 33معمار سیکٹر یونٹ 33-Dکے کارکن سیّد انور عباس رضوی کے قتل کے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے شہر میں جاری دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل قر اردیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے شہر کا امن تباہ و برباد کرکے اسے آگ و خون میں نہلانا چاہتے ہیں گزشتہ کئی روز سے دہشت گرد ی کے واقعات میں ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان سمیت بے گناہ معصوم شہریوں کو قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا جارہاہے جو قابل مذمت ہے ۔انہوں نے شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے شہید کی مغفرت اور سوگواران کے لئے صبر جمیل کی دعاہے ۔رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ، گور نر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سیّد قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے انورعباس رضوی کے قتل کا نوٹس لیا جائے اورواقعے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انہیں عبر تناک سزادی جائے۔
پنجاب میں ایم کیوایم کا کام تیزی سے پھیل رہاہے،افتخاراکبررندھاوا
میت والے گھرپرپنجاب پولیس کاغیرقانونی چھاپہ اورخواتین اوربچوں کوہراساں کرنے کاعمل غیرجمہوری اقدام ہے ہم انتخابات میں جارہے ہیں اوراگریہی وطیرہ رہاتوپنجاب میں الیکشن شفاف نہیں ہوسکتے
اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے ایم کیوایم کے کارکنان کوڈرایادھمکایانہیں جاسکتا
92ء ایم کیوایم کے پندرہ ہزارسے زائدکارکنان کوماورائے عدالت قتل کیاگیا آج ایم کیوایم کاپیغام صوبہ پنجاب میں پھیل رہاہے
چیف الیکشن کمیشن بلاجوازغیرقانونی،غیراخلاقی اورغیرجمہوری اقدامات کاسنجیدگی سے نوٹس لیں
ملتان پریس کلب میں جنوبی پنجاب کے ذمہ داران وکارکنان کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب
ملتان: ۔۔۔۔13فروری2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن افتخاراکبررندھاوانے کہاہے کہ صوبہ پنجاب میں ایم کیوایم کاکام تیزی سے پھیل رہاہے اورپنجاب کے عوام میں ایم کیوایم کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت سے پنجاب کی حکومت شدید بوکھلاہٹ کاشکارہے اوراسی بوکھلاہٹ میں وہ ایم کیوایم کوہراساں کرنے کیلئے گھروں پر بلا جواز اور غیر قانونی چھاپے ماررہی ہے۔یہ بات انہوں نے ملتان پریس کلب میں ایم کیوایم جنوبی پنجاب کے صدرسیدشمشادجعفری، سینئر نائب صدررائے خالدمحمود،نائب صدور محمد عمران اعظم خان، جاوید اقبال چیمہ ،جنرل سیکریٹری محمدادریس جامی،سیکریٹری اطلاعات راؤمحمدخالد،متحدہ سوشل فورم کے کرامت شیخ،،صدرملتان شفیق بھٹی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرٹاؤنزکے ذمہ داران وکارکنان کی کثیرتعدادبھی موجودتھی۔افتخاراکبر رندھاوانے کہاکہ گزشتہ روزایم کیوایم جنوبی پنجاب اورسینٹرل پنجاب کے ذمہ داران میرے کزن اختر رندھاواکے انتقال پرتعزیت کیلئے چک نمبر140-10-2جہانیاں میں آئے تھے ان کی واپسی کے بعدجہانیاں پولیس نے میری رہائشگاہ پربلاجوازچھاپہ مارا ، خواتین اوربچوں سے بدتمیزی کی اورانہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔انہوں نے کہاکہ میت کے گھرمیں پولیس گردی سراسرظلم وزیادتی ہے اور اس بات کاثبوت ہے کہ حکومت پنجاب نے پورے پنجاب کوپولیس اسٹیٹ بنار کھاہے جس کے خلاف تمام محب وطن سیاسی ومذہبی جماعتوں سماجی وفلاحی تنظیموں،سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہرشخص کاصدائے حتجاج بلند کرنا جمہوری،قانونی اورآئینی حق ہے۔افتخاراکبررندھاوانے کہاکہ ایسے وقت میں جب عام انتخابات قریب آرہے ہیں اورایم کیوایم ا لیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہے اس موقع ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پرچھاپے سراسرغیرقانونی ،غیراخلاقی اور غیرجمہوری اقدام ہے جس کی ہم پرزوراندازمیں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیاکہ اگرحکومت پنجاب کایہی وطیرہ رہاتوصوبہ پنجاب میں عام انتخابات کس طرح شفاف ہوسکتے ہیں جہا ں حکومت پنجاب نے پورے پنجاب کوپولیس اسٹیٹ بنارکھا ہے اورسیاسی مخالفین کوپولیس گردی کے ذریعے ڈرانے دھمکانے کا عمل جاری وساری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے اس اقدام کاالیکشن کمیشن کوسنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان کے حوصلے بلند ہیں جو بلا جوازچھاپے اور گرفتاریوں گھبرانے والے نہیں ،ایم کیوایم
نے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کیخلاف آوازاحتجاج بلندکرنے کی پاداش میں1992ء کے ریاستی آپریشن میں ڈھائے گئے ظلم وستم کی سختیاں برداشت کی ہیں اور ماورائے عدالت قتل کیے گئے پندرہ ہزارسے زائدکارکنان کے جنازے اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج بھی ایم کیوایم پوری عوامی قوت کے ساتھ نہ صرف سندھ ، بلوچستان،خیبرپختونخواہ بلکہ پنجاب میں بھی متحدومنظم ہے اورلوگ جوق درجوق ایم کیوایم کے پرچم تلے جمع ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ایم کیوایم کاکام تیزی سے پھیل رہاہے اورایم کیوایم نے پنجاب میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر پنجاب کوتین انتظامی حصوں میں تقسیم کیاتاکہ تنظیمی کاموں کو مزید تیزکیا جاسکے ۔افتخار اکبر رندھاوا نے چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم سے مطالبہ کیاکہ ایسے حالات میں جب حکومت پنجاب کے ہاتھوں پوراصوبہ پنجاب پولیس اسٹیٹ بناہواہے مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام ذمہ داران وکارکنان کی جانوں کو شدیدخطرہ لاحق ہے ایسے میں عام انتخابات سے قبل سیاسی مخالفین کے گھروں پر چھاپے مارکرانہیں اس طرح ہراساں کرنے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اورگھرپرچھاپے میں ملوث پولیس اہلکاروں کومعطل کرکے ان سے معلومات حاصل کی جائے کہ انہوں نے کس کی ایماء پرگھرپرچھاپہ مارااور خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا۔بعدازاں ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان اورپنجاب کے عوام کی جانب سے ملتان پریس کلب کے باہرپرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیااس موقع پر مظاہرین نے ایم کیو ایم کے پرچم،قائدتحریک جناب الطاف حسین کی تصاویراورپلے کارڈاٹھارکھے تھے جس پرصوبہ پنجاب میں پولیس گردی بندکرو،پنجاب کے چاروں طرف حق پرست حق پرست ، اب آئی آئی متحدہ ،اب چھائی چھائی متحدہ کے نعرے تحریرتھے اس موقع پرشرکاء نے جناب الطاف حسین اورایم کیو ایم کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے جس کاسلسلہ کافی دیر تک جارہی رہاتاہم بعدمیں مظاہرین پرامن طورپرمنتشرہوگئے۔
جرائم پیشہ دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں بھتہ نہ دینے کی پاداش میں تاجروں کے بہیمانہ قتل ، اغواء برائے تاوان ،تاجر برادری و دکانداروں کو بھتے کی پرچیوں میں اضافہ پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا شدید اظہار مذمت
قتل و غارتگری ، اغواء برائے تاوان او ربھتہ کی تقسیم میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ دہشت گرد خود کو آئین سے ماوراء اور قانون کی گرفت سے محفوظ تصور کررہے ہیں ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
جرائم پیشہ دہشت گردوں کو لگام دی جائے اور ان کے خلاف ٹھوس کاروائی عمل میں لائی جائے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔13، فروری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کی جانب سے بھتہ نہ دینے کی پاداش میں تاجروں کے بہیمانہ قتل ، اغواء برائے تاوان ،تاجر برادری و دکانداروں کو بھتے کی پرچیوں میں اضافہ اور شہر میں جاری قتل و غارتگری اوردیگر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں تاجروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بے قصور افراد کی قتل و غارتگری ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ کی پرچیوں میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ دہشت گرد اپنے آپ کو آئین سے ماورا اور قانون کی گرفت سے محفوظ تصور کررہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی ملک کی معیشت کا محور ہے اور یہاں جرائم پیشہ دہشت گردوں کے ہاتھوں تاجروں کے قتل ، بھتہ کی پرچیوں کیؓتقسیم اور اغواء برائے تاوان کی مذموم کارروائیوں کے سبب تاجروں اور عوام میں شدید غم و غصہ کے ساتھ ساتھ خوف و ہراس بھی پایا جارہا ہے جبکہ غور طلب بات یہ ہے کہ تاجروں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے جرائم پیشہ دہشت گردوں کے خلاف پرامن احتجاج اور مظاہروں کے باوجود جرائم پیشہ دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے کسی قسم کے ٹھوس اور مثبت اقدامات بروئے کار نہیں لائے جارہے ہیںیہی وجہ ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کی کاروائیوں میں کسی قسم کی کمی دیکھنے میں نہیں آرہی ہے اور یہ تمام صورتحال ملک بھر کے محب وطن اور پرامن عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔رابطہ کمیٹی نے مزید کہاکہ شہر میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کی منظم کارروائیاں شہر کا امن سبوتاژ کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کا تسلسل ہے اور ملک کی موجودہ صورتحال میں شہر کراچی میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کا تسلط سوالیہ نشان ہے ؟۔رابطہ کمیٹی نے کراچی میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے تاجروں اور دیگر افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کی جانب سے بھتہ نہ دینے کی پاداش میں تاجروں کے بہیمانہ قتل ، اغواء برائے تاوان اور بھتے کی پرچیوں میں اضافے کا سختی سے نو ٹس لیاجائے، جرائم پیشہ دہشت گردوں کو لگام دی جائے اور تاجروں اور عوام کی جان و مال کے دشمن جرائم پیشہ دہشت گردوں کے خلاف فی الفور عملی اور ٹھوس کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہر کراچی اور اس سے وابستہ ہر مکتبہ فکر کے افراد کی جان ومال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے ۔
حق پرست سینیٹر محترمہ شیرالہ ملک کی بڑی بہن ،بیگم نسیم انتظار کے انتقال پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت
کراچی ۔۔۔13، فروری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حق پرست سینیٹر محترمہ شیرالہ ملک کی بڑی بہن بیگم نسیم انتظار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے۔ (آمین)
ملتان روڈ چوکی بائی پاس کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے پر ارکان قومی اسمبلی کا اظہار افسوس
کراچی۔۔۔۔13فروری2013ء
حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے ملتان روڈ چوکی بائی پاس کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورسوگواران صبرجمیل عطاکرے۔انہوں نے زخمیوں کے لئے جلد ومکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔