ہنگو کے پٹ بازار میں مسجد کے باہر خود کش بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت۔
خود کش بم دھماکے میں متعدد نمازیوں سمیت دیگر کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دلی تعزیت وہمدردی کااظہار ۔
لندن۔۔۔یکم، فروری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ہنگو کے پٹ بازار میں مسجد کے باہر خود کش بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد نمازیوں سمیت دیگر کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہنگو میں مسجد کے باہر خود کش بم دھماکہ میں ملوث دہشت گرد ملک کے دشمن ہیں بلکہ دین اسلام کا نام استعمال کرکے امن و سلامتی کے مذہب اسلام کی دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے بم دھماکے میں شہید و زخمی ہونے والے نمازیوں اور دیگر افراد کے تمام سوگوار لوحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی، بم دھماکے میں شہید افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطا ف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ،گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخواسے مطالبہ کیا کہ ہنگو کے پٹ بازار میں مسجد کے باہر خود کش بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردی کے خاتمے ، عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں اور خود کش بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے۔
ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر کے جوائنٹ یونٹ انچارج نیئر سروش کی شہادت پر الطاف حسین کا اظہار افسوس
لندن۔۔۔یکم ، فروری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 119کے جوائنٹ یونٹ انچارج نیئر سروش کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حق پرستی کی راہ میں اپنی جانوں کی قربانی کا لازوال نذرانہ دینے والے شہید کارکنان کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا اور شہداء کے لہو سے ملک میں غریب ومتوسط طبقے کا انقلاب ضرور آئے گا ۔ انہوں نے شہید کے سوگوار لواحقین سے کہاکہ نیئر سروش کی شہادت پر مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ (آمین)
مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ ۱۱۹کے جوائنٹ انچارج نیئر سروش کے بہیمانہ قتل پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
قتل و غارتگری کے اوچھے ہتھکنڈے حق پرستی کے مشن و مقصد اور نظریئے سے وابستہ لوگوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، رابطہ کمیٹی
نیئر سروش شہید کے سوگوار لواحقین سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت ، قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک انجام سے دوچار کیاجائے
کراچی ۔۔۔یکم ، فروری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گھات لگائے بیٹھے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 119کے جوائنٹ یونٹ انچارج نیئر سروش کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشتگردی ، قتل و غارتگری اور اوچھے ہتھکنڈے حق پرستی کے مشن و مقصد اورنظریئے سے وابستہ افراد کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔ رابطہ کمیٹی نے ذمہ داران و کارکنان سے اپیل کی کہ وہ کارکنان کی شہادت پر صبر و تحمل اور برداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور شہرکا امن سبوتاژ کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش کو ماضی کی طرح اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں ۔ رابطہ کمیٹی نے نئیر سرو ش شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کوصبرجمیل عطا کرے۔رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویزا شرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ارو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 119کے جوائنٹ یونٹ انچارج نیئر سروش کی مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہادت کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ،شہر میں ایم کیوایم کے کارکنوں سمیت دیگر بے قصور افراد کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید ٹھوس نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور بہیمانہ قتل کی اس واردات میں ملوث سفا ک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار قرار واقعی سزا دی جائے ۔
ایم کیو ایم میڈیکل ایڈ کی جانب سے سال نو2013کے کیلنڈرکا اجراء کردیا گیا
کراچی۔۔۔یکم ؍فروری2013
متحدہ قومی موومنٹ کی میڈیکل ایڈ کمیٹی کی جانب ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کی کارکردگی اورعوامی خدمات کی تصاویر پر مبنی خوبصورت کیلنڈر برائے سال 2013 کا اجراء کردیا گیا ہے ۔ کیلنڈر کا اجراء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر نصرت نے کیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اوروزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد اوراورمیڈیکل ایڈکمیٹی کے انچارج ڈاکٹر فاروق جمیل ودیگر اراکین بھی موجود تھے۔ کیلنڈرمیں ملک بھر میں مختلف آفات و حادثات کے دوران لگائے جانیوالے کیمپس پر میڈیکل ایڈ کمیٹی کی جانب سے متاثرین کو فراہم کی گئی خدمات کو تصاویر کے ذریعے نمایاں کیا گیا ہے۔
ایم کیوایم انٹر نیشنل سیکریٹریٹ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام محفل میلاد النبیؐ بروزاتوار کو لندن کے واٹلنگ کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوگی
محفل میلا دالنبیؐ میں معروف و ثناء خواں سیر ت طیبہ پر روشنی اور گلہائے عقید ت پیش کر یں گی
خواتین محفل میلادالنبیؐ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کر یں ،صفیہ اکبر
لندن ۔۔ یکم فروری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ انٹر نیشنل سیکریٹریٹ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام جشن عیدمیلادالنبیؐ کے سلسلے میں مورخہ 3فروری 2013ء بروز اتوار بوقت دوپہر 2بجے واٹلنگ کمیو نٹی سینٹر اورنج ہل روڈ ایجوئر مڈل سیکس لندن Watling Community Centre Orange Hill Road Edgware Middlesex HA8 OTR میں پر رونق و بابر کت محفل میلا دالنبیؐ منعقد کیا جائے گا ۔ محفل عید میلا د النبیؐ میں معروف و ثناء خواں سیر ت طیبہ پر روشنی ڈالیں گی اور گلہائے عقید ت پیش کر یں گی ۔محفل میلاد لنبیؐ کے سلسلے میں تمام تیار یاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور عاشقان رسولؐ کو دعوت نامے بھی ارسال کر دیئے گئے ہیں ۔ ایم کیوایم شعبہ خواتین کی انچارج صفیہ اکبر نے لندن میں مقیم خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ محفل میلادالنبیؐ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے ثواب دارین حاصل کریں ۔
*****