وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات
ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ، انتخابات کے انعقاد اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
حکومت سے علیحدگی،انتخابات کے التواء یا جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی افواہیں گمراہ کن ہیں ، الطاف حسین
مشترکہ منشور اور ذہنی ہم آہنگی رکھنے والی جماعتوں کی قربت پربدگمانی پیدا نہیں ہونی چاہئے، الطاف حسین
پیپلزپارٹی کااعلیٰ سطحی وفد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کرکے خود انکی بیان کردہ باتوں پر غور وفکر کرے، الطاف حسین کا مشورہ
بم دھماکہ کے ذمہ داروں کی گرفتاری میں کسی بھی قسم کی تساہلی سے کام نہیں لیا جائے گا، رحمان ملک کی یقین دہانی
لندن ۔۔۔2، جنوری 2013ء
وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے گزشتہ شب لندن میں ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین سے ملاقات کی اوران سے ملک کی سیاسی صورتحال ، 14جنوری کے مجوزہ عوامی مارچ اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔رحمن ملک نے منگل کوکراچی میں ایم کیوایم کے جلسہ عام کے موقع پر بم دھماکے کی شدیدمذمت کی اوردھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کی شہادت پرتعزیت کی ، شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اورزخمی کارکنان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ رحمان ملک نے جناب الطاف حسین کو یقین دلایا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری میں کسی بھی قسم کی تساہلی سے کام نہیں لیا جائے گااوراس میں ملوث دہشت گرد ضرور پکڑے جائیں گے ۔ ملاقات کے دوران رحمان ملک نے 14جنوری کے مجوزہ عوامی مارچ میں شرکت کے فیصلے پرنظرثانی کی درخواست کی جس پر جناب الطاف حسین نے رحمان ملک کو مشورہ دیا کہ بہتر ہے کہ پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد ڈاکٹر پروفیسر طاہرالقادری سے ملاقات کرکے براہ راست وہ تفصیلات معلوم کریں کہ ان کے تحفظات کیا ہیں اور وہ کس قسم کی اصلاحات (Reforms) چاہتے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ جو لوگ اس قسم کی افواہیں پھیلارہے ہیں کہ ایم کیوایم ،حکومت سے علیحدہ ہوگئی یا ایم کیوایم ،ڈاکٹر طاہرالقادری کے لانگ مارچ کی چھتری تلے الیکشن کو ملتوی کرانا چاہتی ہے یا انتخابات آگے بڑھانا چاہتی ہے یا جمہوریت کے جاری سفر کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے ، وہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس قسم کی افواہیں پھیلانے والوں کے بیانات کی ڈاکٹر طاہر القادری صاحب ، میں خود اور ایم کیوایم باربارسختی سے تردید کرچکے ہیں ۔ انہوں نے رحمان ملک سے کہاکہ بات انتخابی اصلاحات (Electrol Reforms) کی ہے جس کی تفصیلات آپ خود ڈاکٹر طاہر القادری سے حاصل کرلیں ۔انہوں نے کہاکہ مختلف جماعتوں کے منشور میں مشترکہ اور ملتے جلتے نکات ہوتے ہیں جسکے باعث ان جماعتوں کے درمیان آپس میں ذہنی ہم آہنگی ہوجاتی ہے لہٰذا مشترکہ منشور اور ذہنی ہم آہنگی رکھنے والی جماعتوں کی قربت پربدگمانی پیدا نہیں ہونی چاہیے ۔جناب الطاف حسین نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر مشورہ دیا کہ پیپلزپارٹی کااعلیٰ سطحی وفد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کرکے ان سے تفصیلی تبادلہ خیال کرکے خود انکی بیان کردہ باتوں پر غور وفکر کرے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ روز جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں منعقدہ جلسہ سفرانقلاب پاکستان میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور میں نے (الطاف حسین) پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی ،مذہبی ودینی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ پاکستان کی بقاء وسلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے وہ بھی اس سفرانقلاب میں شرکت کریں۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہراشرفی کی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو
بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پر تعزیت کی
جودہشت گرداسلام کے نام پر معصوم وبے گناہ انسانوں کاخون بہارہے ہیں وہ انسانیت کے قاتل ہیں۔ حافظ طاہر اشرفی
جولوگ کہتے ہیں کہ کراچی کے حالات کی خرابی کی ذمہ دار ایم کیوایم ہے وہ بتائیں کہ دہشت گردی کے ذریعے
ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کوکون قتل کررہاہے ؟حافظ طاہر اشرفی
اللہ تعالیٰ پاکستان کودہشت گردی کی عفریت سے نجات دلائے اورپاکستان کوامن واستحکام عطاکرے۔الطاف حسین
لندن ۔۔۔ 2جنوری2012ء
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہراشرفی نے ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے گزشتہ روز فیڈرل بی ایریامیں ایم کیوایم کے جلسہ عام کے موقع پر ہونے والے بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پر دلی افسو س اورگہرے رنج وغم کااظہارکیا۔ حافظ طاہراشرفی ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے سلسلے میں مکہ مکرمہ میں ہیں،انہوں نے ۔گزشتہ روزکے بم دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے جناب الطاف حسین سے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ اس سانحہ پر پاکستان علماء کونسل کے تمام علماء اورطلبہ آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قرآن مجیدمیں اللہ تعالیٰ کافرمان ہے کہ ایک انسان کاقتل پوری انسانیت کاقتل ہے لہٰذا جودہشت گرداسلام کے نام پر معصوم وبے گناہ مسلمانوں اوردیگر انسانوں کاخون بہارہے ہیں وہ انسانیت کے قاتل ہیں۔ حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہاکہ جولوگ یہ کہتے ہیں کہ کراچی کے حالات کی خرابی کی ذمہ دار ایم کیوایم ہے وہ بتائیں کہ دہشت گردی کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کوکون قتل کررہاہے ؟بم دھماکے اوردہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے شہرکاامن کون تباہ کررہاہے؟ جناب الطاف حسین نے اظہارہمدردی پر حافظ طاہراشرفی کاشکریہ اداکیااوران سے کہاکہ آپ حرم شریف میں ہیں اوروہاں دعاکریں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کودہشت گردی کی عفریت اوربم دھماکے کرنے والے دہشت گردوں سے نجات دلائے اورپاکستان کوامن واستحکام عطاکرے۔
فیڈرل بی ایریاکے علاقے عائشہ منزل بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پررابطہ کمیٹی کا ا ظہار مذمت
مٹھی بھر دہشت گرد اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے کراچی کے شہریوں اور ایم کیوایم کارکنان و ذمہ داران کے حوصلوں کو کمزرو نہیں کرسکتے، رابطہ کمیٹی
واقعہ میں شہید ہونیوالے کارکنان و ہمدردوں کے سوگوار اہلخانہ سیدلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار، زخمیوں کی جلدو مکمل صحتیابی کیلئے دعا
بم دھماکے کا نوٹس لیا جائے اور واقعہ میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انہیں عبر تناک سزادی جائے
کراچی :۔۔۔۔2،جنوری 2012ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے فیڈرل بی ایریاکے علاقے عائشہ منزل بم دھماکے میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پربھر پور مذمت کی ہے اور واقعہ کو کھلی دہشت گردی قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بم دھماکے کرنے والے سفاک دہشت گردوں پر اللہ تعالیٰ کا قہر نازل ہوگا اور جو دہشت گرد اس واقعہ میں ملوث ہیں وہ مجرمانہ کاروائیاں کر کے ملک و شہر کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن مٹھی بھر دہشت گرد بھول گئے ہیں کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے کراچی کے شہریوں اور ایم کیوایم کارکنان و ذمہ داران کے حوصلوں کو کمزرو نہیں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بم دھماکے کرنے والے دہشت اپنے مذموم مقاصد کی خاطر بے گناہ معصوم انسانوں کا خون بہا رہے ہیں جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے بم دھماکے میں شہید ہونیوالے کارکنان و ہمدردوں کے سوگوار اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلدو مکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ،وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ا ور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شا ہ سے پر زور مطالبہ کیا کہ فیڈرل بی ایریاکے علاقے عائشہ منزل بم دھماکے کا نوٹس لیں اوراس واقعہ میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انہیں عبر تناک سزادی جائے ۔
قائدتحریک الطاف حسین سے وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کی ملاقات میں سردمہری کے ماحول کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔مصطفےٰ عزیزآبادی
ملاقات اچھے اورخوشگوارماحول میں ہوئی ہے،بات چیت مثبت اورتعمیری ہوئی ہے ۔مصطفےٰ عزیزآبادی
ایم کیوایم حکومت کی اتحادی ہے اوروہ کسی بھی صورت میں انتخابات کاالتواء یا جمہوری نظام کوڈی ریل کرنانہیں چاہتی۔مصطفےٰ عزیزآبادی
لندن ۔۔۔2جنوری 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اورانٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے انچارج مصطفےٰ عزیزآبادی نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہاہے کہ قائدتحریک الطاف حسین سے وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کی ملاقات میں سردمہری کے ماحول کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ،ملاقات اچھے اورخوشگوارماحول میں ہوئی ہے ،بات چیت مثبت اورتعمیری ہوئی ہے ۔ملاقات میں قائدتحریک جناب الطاف حسین نے 14جنوری کے عوامی مارچ کے حوالے سے مشورہ دیاہے کہ حکومت کاایک اعلیٰ سطحی وفد ڈاکٹرطاہرالقادری سے ملاقات کرکے معلوم کرے کہ وہ کس قسم کی اصلاحات چاہتے ہیں اورانکے کیامطالبات ہیں ۔ایم کیوایم حکومت کی اتحادی ہے اوروہ کسی بھی صورت میں انتخابات کاالتواء یا جمہوری نظام کوڈی ریل کرنانہیں چاہتی۔مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے گزشتہ روز کراچی میں ایم کیوایم کے جلسہ عام کے موقع پر ہونے والے بم دھماکے میں کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پر تعزیت کی،شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی اور جناب الطا ف حسین کویقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکیاجائے گااورمتاثرین کومعاوضہ دیاجائے گا۔
کراچی بم دھماکے میں ایم کیوایم کے ہمدردوں کی شہادت اور کارکنان کے زخمی ہونے پر ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا
یوم سوگ کے موقع پر کراچی سمیت ملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے
مرکزی اجتماع نائن زیرو عزیز آباد سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ میں ہوا جس میں ہزاروں کارکنان، شہداء و زخمی کے لواحقین ، اہل خانہ کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ، اراکین رابطہ کمیٹی ، حق پرست منتخب نمائندوں نے شرکت کی
مولانا محمد جمیل راٹھور نے شہداء کے ایصال ثواب اور زخمی کی صحت یابی کیلئے خوش الحانی سے فاتحہ خوانی کے بعد دعا کرائی
قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات میں سوگ کی فضا چھائی رہی ، کارکنان نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھی اور وہ دکھ اور غم کی کیفیت میں مبتلا دکھائی دیئے
نائن زیرو ، لال قلعہ گراؤنڈ ، اطراف کی گلیوں ، چورنگیوں اور ملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے گئے
کراچی ۔۔۔2، جنوری 2013ء
سانحہ یکم جنوری 2013ء فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل کے قریب ہونیوالے بم دھماکے میں ایم کیوایم کے 4 ہمدردوں کی شہادت اور متعدد کارکنان کے زخمی ہونے پر بدھ کے روز ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا ۔ یوم سوگ کے موقع پر شہید ہمدردوں کے ایصال ثواب اور زخمی کارکنان و ہمدردوں کی جلد صحت یابی کیلئے کراچی سمیت ملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی وفا تحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ قرآن خونی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات میں سوگ کی فضا چھائی رہی ، ذمہ داران و کارکنان اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھی اوروہ دکھ اور غم کی کیفیت میں مبتلا دکھائی دیئے جبکہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو ، لال قلعہ گراؤنڈ ، اطراف کے علاقوں ، چورنگی ، گلیوں کے علاوہ ملک بھر میں قائم ایم کیوایم کے دفاتر اور اہم کاروباری مراکز پر سیاہ پرچم لہرائے گئے ۔ شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن و فاتحہ خوانی کا مرکزی اجتماع ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ میں ہوا جس میں ہزراوں کی تعداد میں ذمہ داران ، کارکنان ، خواتین ، بزرگوں اور شہید و زخمی ہونے والے کارکنان و ہمدردوں کے لواحقین اور اہل خانہ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر فاروق ستار ، انیس احمد قائم خانی ، ڈاکٹر نصرت ، اراکین رابطہ کمیٹی کے دیگر اور حق پرست منتخب عوامی نمائندے بھی موجود تھے ۔ قرآن خوانی کے اجتماع میں مولانا جمیل راٹھور نے خوش الحانی سے فاتحہ خوانی کے بعد اجتماعی دعا بھی کرائی جس میں بم دھماکے میں شہید کارکنان سمیت تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ، زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی ، قائد تحریک الطاف حسین اور علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کے مشن ، مقصد ، نظریے ، لانگ مارچ اور سفر انقلاب کی کامیابی و کامرانی ، حق پرستانہ جدوجہد کے خلاف سازشوں کے خاتمے کے علاوہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمر اورصحت وتندرستی کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں ۔ کراچی کی طرح اندرون سندھ میں حیدرآباد ، میر پور خاص ، سکھر ، نوابشاہ ، سانگھڑ ، ٹنڈو الہ یار ، گھوٹکی ، جامشورو ، عمر کوٹ ، ٹھٹھہ ، نوشہرو فیروز بدین ، لاڑکانہ ، خیر پور ، شکار پور ، دادو ، قمبر شہداد کوٹ ، کشموراور جیکب آباد ، صوبہ پنجاب میں لاہور ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، گجرانوالہ ، ملتان ، صوبہ خیبر پختونخواہ میں پشاور ، بلوچستان میں کوئٹہ ، نصیر آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں قائم ایم کیوایم کے دفاتر پر بھی شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے اور زخمی کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعائیں کی گئیں ۔
لانگ مارچ ، سفر انقلاب اور نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی مخالف قوتیں سرگرم ہوگئیں ، ڈاکٹر فاروق ستار
دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ذریعے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا ، بم دھماکے کے ذریعے ہمدردوں کو شہید اورکارکنان کو زخمی کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں
بم دھماکے میں شہید و زخمی ہونے والے ہمدردوں وکارکنان کے ایصال ثواب اور صحت یابی کیلئے منعقدہ قرآن خوانی کے اجتماع کے بعد صحافیوں سے گفتگو
کراچی ۔۔۔2، جنوری 2013ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ لانگ مارچ ، سفر انقلاب اور نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی مخالف قوتیں سرگرم ہوگئیں اور انہوں نے ایم کیوایم کے جلسہ عام کے بعد موٹر سائیکل بم دھماکے کے ذریعے ایم کیوایم کے 4ہمدردوں کوشہیداور متعددکارکنان کو شہید و زخمی کردیا اور ہم اس انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہو ں نے اس عزم کااظہا رکیا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے اس بدترین واقعہ کے ذریعے ایم کیوایم کے حوصلوں کو ہرگز پست نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ہمارا عزم و استقلال اور مضبوط ہوا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں بم دھماکے میں شہید و زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے کارکنان و ہمدردوں کے ایصال ثواب اور صحت یابی کیلئے منعقدہ قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماع کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ذریعے ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے جاگیرداریت اور استحصالیت کا خاتمہ نہیں ہوجانا ۔ انہوں نے کہاکہ جناح گراؤنڈ میں سب سے بڑے اور تاریخی جلسہ عام کے ذریعے انقلاب کے سفر کا عملی آغاز ہوگیا ہے اور اس کا مظاہرہ پاکستان بھر کے عوام نے دیکھا کے اس ملک میں تبدیلی کی آواز بلند کرنے والے دو قائدین جناب الطاف حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری کے خطاب کو سن کر لوگ سفر انقلاب کے کاررواں میں شامل ہونے کیلئے بے چین ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سفر انقلاب کا علم بلند ہوگیا ہے ، یہ مستقل تبدیلی اور فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز ہے جسے دہشت گردی ، قتل و غارتگری کے ذریعے نہیں روکا جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ نیاسال 2013ء مظلوموں کیلئے سورج بن کر طلو ہوا ہے اور 14جنوری اس سورج کی روشنی پورے ملک کو منور کریگی ۔ انہو ں نے کہاکہ سفر انقلاب کا قافلہ رکنے والا نہیں ہے چاہے اس راستے میں جتنی بھی رکاوٹیں اور آزمائشیں کیوں نہ آجائیں یہ قافلہ خود بھی منزل پر پہنچے گا اور پاکستان کو بھی اس کی حقیقی منزل دلائے گا ۔
پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کی ایم کیوایم کے جلسہ کے اختتام پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے پر اظہار مذمت
ایم کیوایم کے ہمدردوں کی شہادت اورمتعدد کارکنان کے زخمی ہونے پر دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
دہشت گردی کے واقعہ میں شہید و زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے ہمدردوں اورکارکنان کی قربانیاں عوامی لانگ مارچ ، سفر انقلاب
اور پاکستان بچانے کیلئے ہیں ، قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی ، علامہ طاہر القادری
کراچی ایئر پورٹ پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر فارو ق ستار اور ارکان رابطہ کمیٹی سے طاہر القادری کی گفتگو
کراچی ۔۔۔2، جنوری 2013ء
تحریک منہاج القرآن کے روح رواں اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں منعقدہ اپنے استقبالی جلسہ عام کے اختتام پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں ایم کیوایم کے 4ہمدردوں کی شہادت اورمتعددکارکنوں و ہمدردوں کے زخمی ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ وہ جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں جلسہ سفر انقلاب پاکستان کے اختتام کے بعد کراچی ایئر پورٹ پر انہیں الوداع کہنے کیلئے ساتھ آنے والے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر فارو ق ستار ، رابطہ کمیٹی کے اراکین رضا ہاورن اور وسیم آفتاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔علامہ طاہر القادری نے کہاکہ بم دھماکہ دہشت گردوں کی بدترین کارروائی ہے اور اس دہشت گردی کے واقعہ میں شہید و زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے کارکنان کی قربانیاں عوامی لانگ مارچ ، سفر انقلاب اور پاکستان بچانے کیلئے ہیں جو ہر ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے بم دھماکے میں شہید و زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے تمام سوگوار لواحقین اور اہل خانہ سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکیا اورشہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلسہ سفرِ انقلاب پاکستان کے اختتام پر بم دھماکے میں ایم کیوایم کے ہمدردوں وکارکنان کی شہادت اور زخمی ہونے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔
سینئر سب ایڈیٹر روزنامہ جنگ حامد نذیر کے والد نذیر احمدکے انتقال پر واسع جلیل کا اظہار افسوس
کراچی۔۔2جنوری 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن و شعبہ اطلاعات کے انچارج واسع جلیل سینئر سب ایڈیٹر روزنامہ جنگ حامد نذیر کے والد نذیراحمد کے انتقال پر گہرے و دکھ افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے تمام سو گوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کاا ظہار کر تے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ انہوں نے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے او سو گوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی تو فقی عطا فرمائے ۔ (آمین )
ایم کیوایم شاہ فیصل سیکٹر یونٹ 104کے رہائشی شخص محمد فیضان کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں ہے ، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔2، جنوری 2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم شاہ فیصل سیکٹر یونٹ 104کے رہائشی محمد فیضان ولد صدیق نامی شخص سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے واضح کیاکہ محمد فیضان نامی شخص کا ایم کیوایم سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ شخص غلط قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہے اورخود کو ایم کیوایم کا نام استعمال کرکے کارکن ظاہر کرتا ہے ۔
ایم کیوایم کے سوگوار کارکنان سے رابطہ کمیٹی کا اظہارِ تعزیت
کراچی :۔۔۔2جنوری 2012ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی گولیمار سیکٹر یونٹ جاجی مرید گوٹھ کے کارکن شعیب بلوچ کے والد عبد الرؤف بلوچ اور ایم کیوایم ہزارہ آرگنائز نگ کمیٹی بلدیہ ٹاؤن یونٹ 1کے کارکن وسیم تنوی کے بھائی نعیم تنوی کے انتقال پرافسوس کااظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مر حومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدرد ی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔(آمین)
*****