توہین عدالت نوٹس کے معاملے پراپنے قانونی ماہرین سے مشورہ کررہاہوں ، اپنی ذات کے حوالے سے کسی بات سے خوفزدہ نہیں ۔الطاف حسین
میں صرف اورصرف اللہ تعالیٰ کی ناراضگی اوراسکے غیض وغضب سے ڈرتاہوں اسکے علاوہ کسی بھی زمینی طاقت رکھنے والے سے نہیں ڈرتا
اگرکوئی یہ سمجھتاہے کہ میرے ڈٹ جانے سے حالات مزیدخراب ہوسکتے ہیں تو ایم کیوایم کے کارکنان ،ووٹروں،ہمدردو ں اورچاہنے والے مجھے رائے دیں کہ کیامجھے تحریک کی قیادت اورسیاست چھوڑدینی چاہیے؟
ایم کیوایم کے کارکنان ،ووٹرز اورہمدردعوام نائن زیرو یاانٹرنیشنل سیکریٹریٹ پر بذریعہ فون ، فیکس یا ای میل اپنی رائے سے آگاہ کریں۔رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان، تنظیمی شعبہ جات اورآئینی وقانونی ماہرین سے گفتگو
لندن ۔۔۔17 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطا ف حسین نے کہاہے کہ آج کے اخبارات میں میرے خلاف سپریم کورٹ کی جا نب سے جاری کردہ توہین عدالت کے نوٹس کامکمل متن آگیاہے ، میں اپنے قانونی ماہرین سے مشورہ کررہاہوں تاہم میں اپنی ذات کے حوالے سے کسی بات سے آج تک خوفزدہ نہیں ہوا۔میں صرف اورصرف اللہ تعالیٰ کی ناراضگی اوراسکے غیض وغضب سے ڈرتاہوں اس کے علاوہ کسی بھی زمینی طاقت رکھنے والے سے نہیں ڈرتا۔انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان، تنظیمی شعبہ جات اورآئینی وقانونی ماہرین سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیو ایم کے کارکنوں اورہمدردوں نے میرے خلاف توہین عدالت کے نوٹس پر مجھ سے جس طرح اپنی محبت وعقیدت کااظہارکیااور پرامن مظاہروں اور احتجاج کے ذریعے جس طرح اپنے جذبات کااظہارکیا اس پر میں کارکنوں اورعوام کادلی شکریہ اداکرتاہوں اورانہیں دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ مجھے اپنے کارکنوں اورعوام پر نازہے جنہوں نے ہرکڑے وقت میں ہمت وحوصلے کا مظاہرہ کیا اور اپنے الطاف بھائی کاڈٹ کرساتھ دیا۔انہوں نے کہاکہ مجھے اپنے کارکنوں ،ماؤں، بہنوں، بزرگوں اور بچوں کے جذبات کابخوبی اندازہ ہے مگرپھر بھی میں آج اپنے کارکنوں ، ووٹروں اورہمدردوں سے یہ رائے مانگ رہاہوں کہ میں اللہ تعالیٰ کے انصاف پر یقین رکھتے ہوئے آج بھی کڑی آزمائشوں اور کٹھن صورتحال میں جس طرح بھرپور طریقے سے ہرمحاذپر ڈٹ کرمقابلہ کررہاہوں اس پر اگرکوئی یہ سمجھتاہے کہ اس طرح میرے ڈٹ جانے سے حالات مزیدخراب ہوسکتے ہیں لہٰذامجھے تنظیم کی قیادت اورسیاست سے علیحدہ ہوجاناچاہیے تو میں ایم کیوایم کے ملک بھرکے کارکنان ،ووٹروں،ہمدردو ں اورچاہنے والوں سے یہ اپیل کرتاہوں کہ وہ اس سلسلے میں مجھے رائے دیں کہ کیامجھے تحریک کی قیادت اورسیاست چھوڑدینی چاہیے؟ ایم کیوایم کے کارکنان ،ووٹرز اورہمدردعوام ایم کیو ایم کے مرکزنائن زیرو یاانٹرنیشنل سیکریٹریٹ پر بذریعہ فون ، فیکس یا ای میل اپنی رائے سے آگاہ کریں تاکہ ان کی رائے مشوروں کومیں رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھوں اور عوام کی آراء کی روشنی میں اپنے مستقبل کاصحیح فیصلہ کرسکوں۔
میں نے اپنے سیاسی منصب کواپنے ذاتی فائدے یا اپنے خاندان کے مفاد کیلئے کبھی استعمال نہیں کیا۔الطاف حسین
میں ملک میں ایسا نظام قائم کرنا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی فرد خواہ وہ حاکم وقت ہو یاکسی بھی اعلیٰ منصب پر فائزہووہ اپنے منصب کاغلط استعمال نہ کرسکے
ملت اسلامیہ کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ،ہمیں فقہ، مسلک، نسل،زبان، قومیت، برادری ہرقسم کے تعصبات اورتفریق کومٹاناہوگا۔
تنظیم علمائے پاکستان کے سیکریٹری جنرل اورمدرسہ اسلامیہ فاروق اعظم کے منتظم قاری اللہ داد سے گفتگو
لندن: ۔۔۔17، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطا ف حسین نے کہاہے کہ حکومت اورملک کے تمام ادارے اچھی طرح جانتے ہیں کہ میں نے اپنے سیاسی منصب کواپنے ذاتی فائدے یا اپنے خاندان کے مفاد کیلئے کبھی استعمال نہیں کیااورملک میں ا پنے لئے ایک گززمین بھی حاصل نہیں کی، میں ملک میں ایسا نظام قائم کرنا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی فردخواہ وہ حاکم وقت ہو یاکسی بھی اعلیٰ منصب پر فائزہووہ اپنے منصب کاغلط استعمال نہ کرسکے ۔ انہوں نے یہ بات آج تنظیم علمائے پاکستان کے سیکریٹری جنرل اورمدرسہ اسلامیہ فاروق اعظم کے منتظم قاری اللہ دادسے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے جنہوں نے امت کواتحادکادرس دیا اورامت کی خاطراپنے بدترین دشمنوں سے بھی بات کی لیکن یہ انتہائی افسوس کامقام ہے کہ ہم مسلمان اورکلمہ گو ہوتے ہوئے ایک دوسرے کوبرداشت کرنے کیلئے تیارنہیں ہیں بلکہ ہم فقہ اورمسلک کے اختلاف کی بنیادپر ایک دوسرے کی گردنیں مار رہے ہیں ۔ قرآن مجیدمیں اللہ تعالیٰ نے ارشادفرمایاہے کہ اللہ کی رسی کومضبوطی سے تھام لواورآپس میں تفرقہ میں نہ پڑو لیکن ہم فرقہ پرستی میں مبتلاہیں،یہی وجہ ہے کہ ہم دنیامیں ذلیل ورسوا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملت اسلامیہ کو اس وقت اتحادویکجہتی کی اشد ضرورت ہے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے تمام تر فرقہ وارانہ اور مسلکی اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر اتحادکامظاہرہ کریں اورطاغوتی قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیواربن جائیں۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ اتحادکیلئے ہمیں فقہ، مسلک، نسل،زبان، قومیت، برادری ہرقسم کے تعصبات اورتفریق کومٹاناہوگا،ہم اسی مقصدکیلئے جدوجہدکررہے ہیں اورتمام تر رکاوٹوں، سازشوں اورپروپیگنڈوں کے باوجوداپنامشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قاری اللہ داد نے جناب الطا ف حسین کے خیالات سے مکمل اتفا ق کرتے ہوئے کہاکہ آپ اتحادامت کیلئے جوکوششیں کررہے ہیں وہ انتہائی مثبت ہیں ،ہم ان کوششوں میںآپکے ساتھ ہیں،انشاء اللہ آپ کے ذریعے ملک میں ایک دن ایساانقلاب آئے گا اورپاکستان میں تمام فقہوں اورمسلکوں کے ماننے والے تمام اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر ایک طاقت بنیں گے۔قاری اللہ داد نے جناب الطاف حسین کی کاوشوں کی کامیابی کیلئے دعاکی ۔ جناب الطاف حسین نے قاری اللہ دادکی بھی خیریت دریافت کی اورانکی صحتیابی کیلئے دعاکی اورانہیں نائن زیروکے دورے کی دعوت بھی دی۔
دینی مدرسے ،مسجدیں، منبر اورعلماء ہمارادینی سرمایہ ہیں ان کی حفاظت کرناہمارافرض ہے ۔الطاف حسین
سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی اور ایک جسم کی طرح ہیں،جسم کے کسی ایک حصہ کوچوٹ لگے توپورے جسم کوتکلیف ہوتی ہے
مدرسے کے طلبہ میرے بچوں کی طرح ہیں ،مجھے ان سے دلی ہمدردی ہے۔ جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مولانازرولی سے فون پر گفتگو
دینی مدارس اور طلبہ کے بارے میں آپ کے خیالات قابل تحسین ہیں ، ہم نے آپکو اپنی توقع سے زیادہ شفیق و مہربان اوراپنا پایا ہے۔مولانا زرولی کی الطاف حسین سے گفتگو
آپ نے ہرمشکل گھڑی میں حق کا ساتھ دیا اورہمیشہ مظلوموں کے زخموں پرمرہم رکھا،تمام حق پرست اس بات کے معترف اورہمیشہ آپکے شکرگزار رہیں گے۔مولانازرولی
لندن۔۔۔17 دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ دینی مدرسے ،مسجدیں،منبر اورعلماء ہمارادینی سرمایہ ہیں ان کی حفاظت کرناہمارافرض ہے اور ہم یہ فرض ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے یہ بات آج کراچی کی جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مولانازرولی سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے مولانازرولی سے گفتگوکرتے ہوئے گزشتہ دنوں جامعہ احسن العلوم کے طلبہ اورعلماء کی شہادت کے واقعہ کی شدید مذمت کی ،اس سانحہ پر مولانا زرولی، مدرسہ کے علماء اورطلبہ سے دلی تعزیت کااظہارکیااورحکومت سے مطالبہ کیاکہ علماء اورطلبہ کے قاتلوں کوگرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مدرسے کے طلبہ میرے بچوں کی طرح ہیں اورمجھے ان سے دلی ہمدردی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ امت مسلمہ کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے ، سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی اور ایک جسم کی طرح ہیں اورجسم کے کسی ایک حصہ کوچوٹ لگے توپورے جسم کوتکلیف ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نتائج کی پرواہ کئے بغیرغزہ کے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ظلم جہاں بھی ہو ہمیں آواز اٹھانا چاہیے اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ اللہ تعالیٰ شر پھیلانے والوں سے ہم سب کو محفوظ فرمائے اور سب کی حفاظت فرمائے ۔ مولانا زرولی نے مساجد ،دینی مدرسوں ،علماء اورطلبہ کے بارے میں جناب الطا ف حسین کے جذبات پر ان کادلی شکریہ اداکیااورکہاکہ آپکے اجداد تو خودعلماء اوراکابرمفتی تھے اس رشتہ سے بھی مساجد، مدرسوں اور طلبہ کاآپ پرزیادہ حق ہے،آپ نے دینی مدارس اورطلبہ کے بارے میں جن جذبات کا اظہارکیاہے وہ قابل تحسین ہیں اور ہم نے آپ کواپنی توقع سے زیادہ شفیق ومہربان اوراپناپایاہے اورہمیں پوری امیدہے کہ آپ دینی مدارس اورطلبہ پر مشکل وقت میں اپنی شفقت فرمائیں گے ۔مولانازرولی نے مدرسہ کے طلبہ کی شہادت کے واقعہ پر آوازاٹھانے اورتعزیت وہمدردی کیلئے گورنرسندھ اورایم کیوایم کے عہدیداروں اورارکان اسمبلی کوجامعہ احسن العلوم بھیجنے پر جناب الطاف حسین کاشکریہ اداکیا۔ مولانازرولی نے اتحادبین المسلمین کے بارے میں جناب الطاف حسین کے خیالات کی بھرپور تائیدوحمایت کرتے ہوئے کہاکہ بیشک آپ نے ہرمشکل گھڑی میں ہرچیزکی پرواہ کئے بغیرحق کا ساتھ دیا اورہمیشہ مظلوموں کے زخموں پرمرہم رکھا،تمام حق پرست اس بات کے معترف اورہمیشہ آپکے شکرگزار رہیں گے۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کے اتحادکومزیدمضبوط بنائے اور امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والوں کو ناکام بنائے ۔انہوں نے جناب الطاف حسین کیلئے بھی دعاکرتے ہوئے کہاکہ خدائی مددہمیشہ آپ کی حفاظت کرے ،آپ کوہرشرسے بچائے اور آپکے مرتبہ کو مزیدبلندفرمائے ۔
جمرود بازار میں بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت
دھماکوں اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث سفاک دہشت گرد باطل پرست قوتوں کے آلہ کار ہیں ، الطاف حسین
بم دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر الطاف حسین کااظہار افسوس
لندن۔۔۔17، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے جمرود بازار میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کی شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملک میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی کاررائیوں میں ملوث سفاک دہشت گرد باطل پرست قوتوں کے آلہ کار ہیں اور دہشت گردی کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے بے گناہ افراد کا خون بہا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد چاہے جتنے بم دھماکے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرلیں لیکن ان کے ناپاک عزائم مسلح افواج ،سیکورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام میں دہشت گردی کے خلاف پائے جانے والے بلند حوصلوں کو ہرگز پست نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے جمرود بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا کرے ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ جمرودبازار بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے اور بم دھماکوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید ٹھو س اور مثبت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔
مفتی منیب الرحمن اورحافظ طاہر اشرفی سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی ٹیلی فون پر گفتگو
غزہ کے عوام سے یک جہتی کانفرنس میں شرکت پر شکریہ اور ملت اسلامیہ مین یکجہتی کی کوششوں کو سراہا
لندن۔۔۔17، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے آج فون کرکے ممتاز عالم دین اور رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن سے گفتگو کی جس میں الطاف حسین نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں غزہ کے عوام سے یک جہتی کانفرنس میں شرکت کرنے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کے صاحبزادے محترم کی صحت یابی کی دعا کی اور ان کی کے تمام احباب اور شاگردوں کے لئے دعائے خیر کی جس کے جواب میں مفتی منیب الرحمن نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے دعائیں کیں ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے متحدہ علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی سے بھی فون پر بات کی اور ملت اسلامیہ اور پاکستان کے عوام میں یکجہتی کی کوششوں کو سراہا اور ان کیلئے دعائے خیر کی ۔ الطاف حسین گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں تما مکاتب فکر کے علماء و مشائخ عظام سے بدست ادب پرزور اپیل کی کہ وہ توہین عدالت کے کی سنوائی (Hearing)کے دن سات جنوری 2013کو عدالتی کارروائی اور سچ اور حق جاننے کیلئے سپریم کورٹ میں پیش ہوکر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں ۔ ساتھ میں انہو ں نے یہ بھی اپیل کی کہ علماء ایم کیوایم کے وکلاء کی ٹیم سے میرے خلاف جاری مقدمے کے اصل حقائق معلوم کرلیں تو بڑی عنایت ہوگی ۔
عوام، علماء کرام و مشائخ عظام محترمہ کشور زہرا کے آپریشن کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کریں ، الطاف حسین کی پرزوراپیل
لندن۔۔۔17، دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ایم کیوایم شعبہ خواتین کی انچارج و حق پرست رکن قومی ا سمبلی محترمہ کشور زہرا کے آپریشن کوکامیاب فرمائے اور آپریشن کے بعدانہیں جلد ومکمل صحت وتندرستی عطا کرے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے حق پرست عوام ، ماؤں ، بہنوں ، بزرگوں ، نوجوانوں ،علماء کرام اور مشائخ عظام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ محترمہ کشور زہرہ کے آپریشن کی کامیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کریں ۔واضح رہے کہ بروز منگل 18دسمبر کو محترمہ کشور زہرا کا مقامی اسپتال میں انتہائی حساس نوعیت کا آپریشن ہوگا ۔
ایم کیو ایم پاک کالونی سیکٹرکے کارکن محفوظ علی کے انتقال پر جناب الطاف حسین کا اظہارِ افسوس
کراچی۔۔۔17دسمبر2012ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیو ایم پاک کالونی سیکٹریونٹ 193 کے کارکن محفوظ علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں جناب الطاف حسین مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنا ن آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جواررحمت میں جگہ اور سوگوار لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔آمین ، دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم پاک کالونی سیکٹر یونٹ 193کے کارکن محفوظ علی ،اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 121-Aکے کارکنان محمد فیروز، رفیق اور ظہور کے والد محمد حنیف، ملیر سیکٹر یونٹ 95 کے کارکن محمد عاصم کی والدہ فردوس بیگم، پاک کالونی سیکٹر یونٹ 186کے کارکن دلاور کے بہنوئی نعیم اختر کے انتقال پر دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔(آمین)
ایم کیو ایم برطانیہ کے زیراہتمام سانحہ قصبہ علی گڑھ اور سقوط ڈھاکہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی
لندن۔۔۔17 دسمبر2012 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام گزشتہ روز لندن میں سانحہ قصبہ علی گڑھ اور سقوط ڈھاکہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اجتماع ایم کیو ایم برطانیہ کے آفس واقع ایجویئر میں منعقد کیا گیا۔ اجتماع میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سلیم شہزاد ایم کیو ایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین اور برطانیہ کے مختلف شہروں سے کارکنان نے شرکت کی ۔قرآن خوانی کے بعد شہداء قصبہ علی گڑھ اور سقوط مشرقی پاکستان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر ملک کی بقاء و سلامتی ،امن و استحکام ،فرقہ ورانہ ہم آہنگی،تحریک کے شہداء ،تحریک کی کامیابی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کے لئے بھی
خصوصی دعائیں کی گئیں۔
*****