ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے سامنے ایم کیو ایم کا پُرامن احتجاجی مظاہرہ — الطاف حسین، مہاجر قوم اور ایم کیو ایم پر جھوٹے الزامات کی شدید مذمت
ہیوسٹن، ٹیکساس — 30 مئی 2025ء
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) امریکہ – ہیوسٹن چیپٹر کی جانب سے پاکستانی قونصلیٹ ہیوسٹن کے باہر ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاج قونصل جنرل آفتاب چوہدری کی جانب سے مہاجر قوم، ایم کیو ایم، اور بانی و قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کے خلاف جھوٹے، بے بنیاد اور اشتعال انگیز الزامات کے خلاف کیا گیا۔
احتجاج میں بڑی تعداد میں کارکنوں، ہمدردوں، خواتین، بزرگوں، اور بچوں نے شرکت کی۔ شدید گرمی کے باوجود شرکاء نے اپنے قائد کے ساتھ محبت، عقیدت اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا اور پرجوش نعرے لگائے جن میں "الطاف حسین زندہ باد"، "پاکستان بنایا تھا، پاکستان بچائیں گے"، "آفتاب چوہدری شرم کرو"، "الطاف حسین کی تقریر پر پابندی ختم کرو" اور "وی لو یو الطاف حسین" شامل تھے۔
یہ مظاہرہ 23 مئی کو ڈلاس، ٹیکساس میں منعقدہ “یومِ تشکر” کی تقریب میں دکھائی جانے والی متنازعہ وڈیو کے خلاف کیا گیا جسے قونصل جنرل آفتاب چوہدری کی نگرانی میں پیش کیا گیا۔ مظاہرین کے مطابق اس وڈیو میں مہاجر قوم، ایم کیو ایم اور الطاف حسین کو بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا ایجنٹ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی جو نہ صرف سراسر جھوٹ ہے بلکہ مہاجر قوم کی تاریخ، قربانیوں اور وقار کی کھلی توہین ہے۔
مظاہرین نے اس امر پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ایک سرکاری سفارتی نمائندہ اس قدر جانبدارانہ اور اشتعال انگیز مہم میں شامل ہو کر نہ صرف سفارتی اخلاقیات کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ بیرون ملک پاکستانی برادری میں تقسیم اور نفرت کو فروغ دینے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔
احتجاج کے دوران ایم کیو ایم کے رکن رابطہ کمیٹی سید عاطف شمیم اور ہیوسٹن چیپٹر کی قیادت نے قونصل خانے کے حکام کو ایک مذمتی پٹیشن بھی پیش کی۔ پٹیشن میں قونصل جنرل آفتاب چوہدری سے فوری اور غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا اور حکومت پاکستان سے درخواست کی گئی کہ وہ آفتاب چوہدری کے خلاف تادیبی کارروائی کرے۔ مزید مطالبہ کیا گیا کہ تمام بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی عملے کو غیر جانبدار، منصف مزاج اور تمام نسلی گروہوں کا احترام کرنے کا پابند بنایا جائے۔
اس احتجاج کی قیادت ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن سید عاطف شمیم، ہیوسٹن انچارج فواد احمد، جوائنٹ انچارجز سید عاصم رضوی اور وسیم احمد نے کی۔ مقررین نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ایم کیو ایم الطاف حسین کی قیادت میں پرامن، جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی اور مہاجر قوم کے حقوق، شناخت اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
انہوں نے حکومت پاکستان اور وزارتِ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اشتعال انگیز واقعے کا فوری نوٹس لیں اور مہاجر قوم کے خلاف سازشوں کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔