تحریک صوبہ ہزارہ کے قائدباباحیدرزمان کا ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو فون،پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبہ کی بھرپورحمایت
ہزارہ کے عوام بھی کئی برسوں سے ہزارہ صوبہ کیلئے جدوجہدکررہے ہیں۔باباحیدرزمان
ہزارہ برادری ایم کیوایم کی مشکورہے کہ اس نے ہزارہ صوبہ کی بھرپورحمایت کی اور اسمبلی میں قراردادبھی پیش کی۔بابا حیدرزمان
ایم کیوایم ہزارے وال بھائیوں کے حقوق کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حقوق کی جدوجہد میںان کے ساتھ ہے۔الطاف حسین
ہم نے ہمیشہ ہرمظلوم پر ڈھائے جانے والے مظالم پر آوازاٹھائی ہے ،جب تک جسم میں جان ہے مظلوموں کے حقوق کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔الطاف حسین
لندن۔۔۔16، ستمبر2014ء
تحریک صوبہ ہزارہ کے قائدباباحیدرزمان نے ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین سے فون پر گفتگوکی اورپاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبہ کی بھرپورحمایت کی ۔ باباحیدرزمان نے جناب الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے ان کی اس بات سے مکمل اتفاق کیاکہ پاکستان کے تمام پڑوسی ممالک اوردنیابھرمیں ممالک نے نئے نئے صوبے اورانتظامی یونٹس بنائے ہیں لیکن 67برس گزرجانے کے باوجود پاکستان کے محض چارصوبے ہیں جبکہ اس کی آبادی 20کروڑہوچکی ہے۔ باباحیدرزمان نے کہاکہ ہزارہ کے عوام بھی کئی برسوں سے ہزارہ صوبہ کیلئے جدوجہدکررہے ہیں ،اس پاداش میں ہزارہ برادری کے سات لوگ شہیداور80 زخمی کردیئے گئے مگرہمیں آج تک انصاف نہیں ملا ۔باباحیدرزمان نے کہاکہ ہزارہ برادری ایم کیوایم کی قیادت کی مشکورہے کہ انہوں نے اس سے پہلے بھی ہزارہ صوبہ کی بھرپورحمایت کی اوراس کیلئے اسمبلی میں قراردادبھی پیش کی اوراب بھی وہ مظلوموں کے حقوق کی بات کررہی ہے ۔ باباحیدرزمان نے کہاکہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اورہم آپ کے مؤقف کی بھرپورحمایت کرتے ہیں ، انشاء اللہ آج نہیں توکل پاکستان میں نئے صوبے ضروربنیں گے۔ جناب الطاف حسین نے بابا حیدرزمان سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم ہزارے وال بھائیوں کے حقوق کی مکمل حمایت کرتی ہے، ایم کیوایم نے ہزارہ صوبہ کی قراردادبھی قومی اسمبلی میں پیش کی تھی اوروہ حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم ہزارہ برادری کے ساتھ کی جانیوالی زیادتیوں کی مذمت کرتے ہیں ، ہم نے ہمیشہ ہرمظلوم پر ڈھائے جانے والے مظالم پر آوازاٹھائی ہے اور جب تک میرے جسم میں جان ہے ہم مظلوموں کے حقوق کی آواز بلند کرتے رہیں گے ۔