ملک کے مظلوم عوام سماجی و معاشی طور سے دن بدن پریشانیوں کا شکار ہوتے جارہے ہیں، حق پرست سینیٹر طاہر مشہدی
انتظامی بنیادوں پر صوبوں کے قیام سے متعلق جناب الطاف حسین کی تجویز ملک کے مظلوم عوام کے جذبات کی صد فیصد نمائندگی ہے
جناب الطاف حسین نے ہمیشہ عوامی مطالبات کو ملک کے اعلیٰ ایوانوں میں بیٹھے افراد تک پہنچانے کی کوشش کی ہے
ملک میں جمہوریت کو اسکی اصل روح کے مطابق نافذ العمل کرکے ہی ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالا جاسکتا ہے، حق پرست سینیٹر طاہر مشہدی
اسلام آباد ۔۔۔16ستمبر 2014ء
متحد ہ قومی موو منٹ سے منتخب سینیٹر طاہر مشہدی نے ملک میں انتظامی بنیادوں پر مزیدصوبوں کے قیام سے متعلق جناب الطاف حسین کی تجویز کو ملک کے غریب و مظلوم عوام کے جذبات کی صد فیصد نمائندگی قرار دیتے ہوئے حکمرانوں سے عوامی مسائل حل کرنے کی جانب توجہ دینے کا مطالبہ کیاہے۔ایک بیان میں حق پرست سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ ملک کے98فیصد مظلوم عوام سماجی اور معاشی طورسے دن بدن پریشانیوں کا شکار ہوتے جارہے ہیں لیکن حکومت عوامی مشکلات حل کرنے کی جانب خاطر خواہ توجہ دینے سے گریزاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین نے ہمیشہ ملک کے غریب و مظلوم عوا م کے جذبات کی نمائندگی میں پہل کی ہے اور ببانگ دہل عوامی مطالبات کو ملک کے اعلیٰ ایوانوں میں بیٹھے افراد تک پہنچانے کی کوشش کی ہے اسی طرح جناب الطاف حسین کی جانب سے عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی تجویز بھی بر وقت اور اہم ہے۔سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ حکومت ملک کے کونے کونے میں موجود عوام کے مسائل کی جانب توجہ دے کیونکہ جمہوریت کو اسکی اصل روح کے مطابق نافذ العمل کرکے اور عوام کی دہلیز تک بنیادی سہولیات منتقل کرکے ہی ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالا جاسکتا ہے۔